امام حرم مکی - دارالحکومت دہلی میں والہانہ استقبال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-15

امام حرم مکی - دارالحکومت دہلی میں والہانہ استقبال

اﷲ کے نیک بندوں کی صفات یہ ہیں کہ خرید و فروخت اور تجارت وغیرہ کی مشغولیات انہیں ﷲ کے ذکر سے غافل نہیں کرتیں، ہر ایک انسان کا ایمان محکم اور راسخ ہونا چاہئے ۔ جب انسان کا ایمان مضبوط ہو گا تو شبہات کو دل میں داخل ہونے کی راہ نہیں ملے گی۔ ہمیشہ انسان کوفائدہ مند چیزوں کا حریص ہونا چاہئے ۔
ان خیالات کا اظہار امام مسجد حرام مکہ مکرمہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے جامعہ ملیہ سنابل کی جامع مسجد میں کیا۔ امام حرم جامعہ سلفیہ بنارس کے اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لائے ہوئے ہیں ۔ دوران سفر امام حرم ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے صدر مولانا عبدالحمید رحمانی کی دعوت پر جامعہ اسلامیہ سنابل تشریف لائے اور نماز ظہر کی امات کی۔
نماز ظہر کے بعد امام حرم کے اعزاز میں استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا جس کی نظامت مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے کی۔ امام حرم نے طلب علم پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ علم و ہ جوہر ہے جس میں زیادتی کی طلب کی ترغیب ﷲ تعالیٰ نے دی ہے ہم سب کو نیک کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون کرنا چاہئے ۔ ﷲ تعالیٰ کا سب سے محبوب بندہ وہ ہے جو انسانیت کیلئے زیادہ مفید ہو اور رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کا اسوہ ہمیں ہمیشہ اپنے لئے حرز جاں بنانا چاہئے ۔
امام حرم کے خطاب کا خلاصہ جامعہ کے سابق عمید جناب مولانا وسیم احمد سنابلی مدنی نے اردو زبان میں پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں مرکز کے صدر مولانا عبدالحمید رحمانی نے امام محترم کی خدمت میں جامعہ اسلامیہ سنابل کا مومنٹو اور کچھ ہدایا پیش کئے ۔
پروگرام میں ذمہ داران مرکزو جامعہ، اساتذہ طلبہ کے علاوہ دور و نزدیک علاقوں سے کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور تقریباً ڈھائی بجے سعودی سفارتخانہ کے دینی امور کے ذمہ دار شیخ ابوعلی احمد علی الرومی کے ہمراہ امام حرم اور دیگر مہمانان گرامی جامعہ سے رخصت ہو گئے ۔

بعد نماز عصر امام حرم مکی نے نئی دہلی کے اہل حدیث کمپلکس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام منعقد کیے گئے ایک استقبالیہ پروگرام میں سامعین سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک انسان اسی صورت میں کامیابی پا سکتا ہے جب وہ قرآن کے مطابق اپنی زندگی گزارے۔ اگر کوئی انسان قرآن کے سوا کسی دوسری چیز میں ہدایت اور زندگی گزارنے کا سلیقہ تلاش کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے ناکامی و نامرادی ہی ہاتھ لگے گی اور وہ شخص گمراہ قرار پائے گا۔ جو لوگ قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں وہ رب تعالیٰ کے ساتھ ایک تعلق استوار کرتے ہیں اور ایسی تجارت کا معاملہ کرتے ہیں جو صرف فائدے پر ہی مبنی ہوتا ہے۔ اللہ کے ساتھ تجارت کے چند اصول ہیں۔ پہلا یہ کہ وہ انسان اخلاص کے جذبے سے سرشار ہو اور اس کے سامنے کوئی دنیاوی آرام و آسائش نہ ہو اور دوسرا یہ ہے کہ وہ سنت نبویہ کا پیروکار اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا پابند ہو۔ اگر کوئی شخص ان دونوں اصولوں کی پابندی کرتا ہے تو وہی انسان کامیابی و کامرانی پا سکتا ہے ورنہ ہو ہمہ وقت نقصان اٹھانے والا قرار پائے گا۔

ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے جمعیت کی طرف سے امام ذی وقار اور ان کے ساتھ آئے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند اور تمام اہل وطن کے لیے یہ نہایت ہی سعادت کی بات ہے کہ امام حرم مکی فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فیصل جمیل حسن غزاوی حفظہ اللہ نے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی دعوت پر اہل حدیث کمپلکس اوکھلا میں اپنی تشریف آوری کا شرف بخشا اور مملکت توحید و مملکت انسانیت سعودی عرب سے قرآنی تعلیمات پر مبنی انسانیت ، بھائی چارہ ، امن و آشتی اور رواداری کا پیغام لے کر یہاں تشریف لائے ہیں۔ ہم انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید اور مرحبا کہتے ہیں۔

Imam Masjid AlHaram arrived in new delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں