کئی اہم فیصلوں کے ساتھ برکس چوٹی کانفرنس کا اختتام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-29

کئی اہم فیصلوں کے ساتھ برکس چوٹی کانفرنس کا اختتام

برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی آفریقہ (برکس) کی 2روزہ چوٹی کانفرنس معاشی رشتوں کے استحکام کیلئے کئی اہم فیصلوں کے ساتھ کل ختم ہوگئی۔ برکس ممالک کا یہ پانچواں اجلاس تھا اور آفریقہ میں پہلی بار برکس چوٹی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اگلی چوٹی کانفرنس اب مارچ 2014ء میں برازیل میں منعقد ہوگی۔ اس دوران رکن ممالک میں 2 سمجھوتوں پر دستخط کئے۔ بنیادی ڈھانچہ سے متعلق پراجکٹس کو مالی مدد فراہم کرنے اور مسلسل ترقی و سبز معیشت کو فروغ دینے کیلئے رکن ملکوں نے اتفاق کیا۔ رکن ممالک آپسی اختلافات کو سلجھانے کے بعد برکس ترقیاتی بینک کا 10 ارب ڈالر کے فنڈ سے آغاز کرنے پر بھی متفق ہوگئے۔ یہ بینک ان ملکوں میں بنیادی پراجکٹس کیلئے خاص طورپر رقم فراہم کرے گا تاکہ ان ملکوں کا ورلڈ بینک جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں پر انحصار کم ہوسکے۔ مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کانفرنس کے اختتام کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ 100 ارب ڈالر کی ابتدائی رقم میں چین سب سے زیادہ 41ارب ڈالر دے گا جبکہ ہندوستان، برازیل اور روس 16،16 ارب ڈالر اور جنوبی آفریقہ 5 ارب ڈالر دے گا۔ اس بینک کے قیام میں 2برس لگیں گے۔ برکس ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو مستحکم کرنے کی سمت میں بینک کا قیام ایک اہم قدم ہوگی۔ دراصل چین نے ہی اس ابتدائی رقم کو 100 ارب ڈالر رکھنے کی تجویز پیش کی تھی جبکہ دیگر رکن ممالک چاہتے تھے کہ اس کا فنڈ50 ارب ڈالر پر ہی مشتمل ہو۔ اس کے علاوہ برکس ممالک کے درمیان 2015 تک 500 ارب ڈالر تک تجارت بڑھانے کے ہدف کے ساتھ برکس تجارتی کونسل کو بھی کل باقاعدہ ایک ادارے کی شکل دے دیا گیا۔

BRICS summit ends as leaders agree to establish development bank

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں