سعودی عرب مجلس شوریٰ - 30 خواتین کی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-20

سعودی عرب مجلس شوریٰ - 30 خواتین کی حلف برداری

سعودی عرب کے شوریٰ کونسل کے نئے نامزد ارکان نے منگل کوحلف لے لیا ہے ۔ ان میں تیس خواتین بھی شامل ہیں ۔ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے نئے ارکان کو حلف دلایا ۔ انھوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے شوریٰ کونسل کی چھٹی مدت کی افتتاحی اجلاس میں آپ سے ملکر خوشی ہو رہی ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ اس میں خاتون ارکان بھی شامل ہو رہی ہیں " ۔ انھوں نے کہا کہ "ہمارا مقصد کونسل کے کام کو فعال بنانا ہے اور اس کی بنیاد ایک ایسی حقیقت پسندی ہے کہ جس میں عجلت پسندی کے لیے کوئی جگہ نہیں کیونکہ اس سے شوروغوغا کے سوا کوئی نتائج حاصل نہیں ہوتے "۔ سعوی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن پر حلف برادری کی تقریب براہ راست نشر کی گئی ہے ۔ شاہ عبداللہ کا اپنی مختصر تقریر میں کہنا تھا کہ ہم جس پیش رفت پر کام کر رہے ہیں ، وہ بتدریج ہونی چاہیے ۔" شوریٰ کونسل اپنی چھٹی مدت کے لیے 24 فروری سے باقاعدہ طور پر اپنے کام کا آغاز کرے گی ۔واضح رے کہ خادم الحرمین الشریفین نے 11 جنوری کو جاری کردہ ایک تاریخی حکم نامے کے تحت تیس خواتین کو بھی شوریٰ کا رکن بنانے کی منطوری دی تھی ۔ اس شاہی فرمان کے تحت ایک سو پچاس ارکان پر مشتمل شوریٰ کونسل کے دستور کی دو دفعات میں ترامیم کی گئی تھیں ۔ دفعہ تین میں پہلی ترمیم کے تحت شوریٰ کونسل میں خواتین کے لیے 20 فیصد کوٹا مختص کیا گیا تھا اور اس حکم نامے کے تحت شاہ عبداللہ نے شوریٰ کونسل میں تیس خواتین کا تقرر کیا تھا ۔ جب کہ اس سے پہلے صرف مرد حضرات ہی اس نامزد مشاورتی اسمبلی کے ارکان چلے آرہے تھے ۔ دفعہ 22 میں ترمیم کے تحت خواتین کو شوریٰ کونسل کی مکمل رکنیت کا حق حاصل ہوگا اور وہ اپنے فرائض اور ذمےداریوں کو آزادی سے ادا کرنے کی پابند ہوں گی ۔ شوریٰ کونسل کی خواتین ارکان اسلامی شریعت کے اصولوں کی پاسداری کریں گی ۔ خواتین ارکان کسی بھی قانونی خلاف ورزی کی مرتکب نہیں ہوں گی اور وہ مناسب حجاب (نقاب) اوڑھیں گی ۔ اس کے علاوہ انھیں کونسل کی عمارت میں سمیت مخصوص دفاتر مہیا کیے جائیں گے اور نمازیں ادا کرنے کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے گی ۔ حلف برادری کے وقت بھی ان کی نشستیں مردوں سے الگ تھیں ۔

Saudi Shura Council members, including 30 women, take oath before king

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں