ہندوستانی خلائی مشن - 101 واں کامیاب تجربہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-26

ہندوستانی خلائی مشن - 101 واں کامیاب تجربہ

ہندوستانی خلائی مشن نے آج ایک اہم تاریخی سنگ میل پار کر لیا جب اسرو نے اپنی قابل بھروسہ خلائی گاڑی پی ایس ایل وی کے ذریعہ 7 سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ خلا میں مدار تک پہنچایا۔ آندھراپردیش کے سری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے پی ایس ایل وی۔ سی 20مقامی وقت کے مطابق 6:00 اپنے پیچھے آگ اور دھویں کے بال چھوڑتا ہوا حیرت انگیز رفتار سے آسمان میں بلند ہوتا گیا اور نصف گھنٹے سے بھی کم مدت میں پروگرام کے مطابق اپنے مسافر سیٹلائٹس کو خلا میں پہنچادیا۔ 229.7 ٹن راکٹ کا اہم ترین سیٹلائٹ 410 کیلو گرام وزنی’سرل، تھا جو دوسرا ہند۔ فرانسیسی سیٹلائٹ ہے ۔ اس کے ساتھ کناڈا، آسٹریا، ڈنمارک اور برطانیہ کے 6چھوٹے سیٹلائٹس بھی مدار میں پہنچادئیے گئے ۔ پرنب مکرجی دوسرے صدر جمہوریہ ہیں جنہوں نے اسرو کے خلائی مشن کی پرواز کا مشاہدہ کیا ہے ۔ قبل ازیں سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام 5مئی 2005ء کو اسی طرح کے ایک مشن کے موقع پر موجود تھے ۔ گورنر آندھراپردیش ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی، وزیر برائے دفتر وزیر اعظم وی نارائن سامی پی ایس ایل وی کے مسلسل 23ویں کامیاب مشن کا مشاہدہ کرنے والوں میں شامل تھے ۔ صدر جمہوریہ نے اس کامیابی کا کھڑے ہو کر پرجوش استقبال کیا۔ سب بڑا سیٹلائٹ سرل ہند۔ فرانس مشترکہ وینچر ہے جو سمندری مطالعات کی غرض سے بھیجا گیا ہے ۔ اسے سورج سے تقریباً800 کیلو میٹر دوری پر مدار میں چھوڑا گیا۔ اس کے ساتھ ارگوس اور التیکا سیٹلائٹس ہیں ۔ ارگو سے ڈاٹا جمع کیاجائے گا۔ یہ سیٹلائٹ خالی ملنہ کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے علاوہ خلائی اجسام کا پتہ چلانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔ جبکہ التیکا سطح سمندر کی پیمائش کے مقصد کی تکمیل کرے گا۔ سرل کے علاوہ دیگر 6 سیٹلائٹس کمرشیل بنیادوں پر بھیجے گئے ہیں ۔ ہندوستان نے 1975ء میں آریہ بھٹا کو چھوڑتے ہوئے اپنے خلائی سفر کا آغا کیا تھا تب سے اس نے 100خلائی مشن مکمل کئے ہیں ۔ اسرو نے 2008ء میں PSLV-C9 روانہ کرتے ہوئے ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جب کہ اس نے ایک ہی مشن میں 10سیٹلائٹس روانہ کئے تھے جن میں کارٹوسیاٹ۔ 2Aاور آئی ایم ایس۔ 1کے علاوہ 8غیر ملکی چھوٹے سیٹلائٹس شامل تھے ۔

PSLV launch: India's 101st space mission set

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں