ٹریڈ یونین ہڑتال - دکانداروں کو ممتا بنرجی کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-20

ٹریڈ یونین ہڑتال - دکانداروں کو ممتا بنرجی کا انتباہ

مرکزی ٹریڈ یونیوں کی پکار پر 20اور 21فروری کو بلائی جانے والی ہڑتال کے خلاف وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج منگل کورائٹرس بلڈنگ میں ٹاسک فورس کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہاکہ ہڑتال کے دوران سبھی دکان اور بازار کھلے رہیں گے ۔ اگر کسی بھی طرح کا کوئی نقصان ہوتا ہے حکومت اس کا ازالہ کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ جو لوگ اپنی دکانیں بند رکھیں گے ، حکومت ان کے خلاف سخت نوٹس لے گی، یہاں تک کہ ان کے لائسنس بھی منسوخ ہو سکتے ہیں ۔ میٹنگ میں مغربی بنگال فورم آف ٹریڈرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ربندر ناتھ کولے بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے ہڑتال کے دوران پولیس کو تمام بازارں میں گشت کرنے کو کہا ہے تاکہ نارمل کام کاج بحال رکھا جاسکے ۔ وزیراعلیٰ کے مطابق ریاست میں ہڑتال کے دوران سبھی دکانیں اور بازار کھلے رہیں گے ۔ جو دکاندار اپنا کاروبار بند رکھیں گے حکومت ان کیخلاف سخت نوٹس لے گی۔ حکومت کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال میں شامل نہ ہوں اور روز مرہ کی طرح اپنے کام کاج میں لگے رہیں ۔ وزیر محنت پرنندو باسو نے بھی سرکاری اور غیر سرکاری مزدوروں کے علاوہ پرائیوٹ دفاتر میں ملازت کرنے والوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کام پر جائیں اور ہڑتال کو ناکام بنائیں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا نے کہاکہ ہڑتال کے دن فاضل سرکاری بسیں بھی چلائی جائیں گی ۔ بس اور ٹیکسی مالکان سے میٹنگ کے دوران انہوں نے کہاکہ وہ اپنی گاڑیوں کو ہڑتال کے دن سڑک پر اتاریں ۔ کسی بھی طرح کا نقصان ہونے پر بیمہ کمپنی کے ذریعہ اس کا ازالہ کیا جائے گا اور ضرورت پڑی تو ریاستی حکومت بھی ان کی مدد کرے گی۔

Mamata Banerjee warns traders of strict action if shops are closed during trade union strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں