دہلی وقف بورڈ - ائمہ کی تنخواہوں میں اضافہ کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-21

دہلی وقف بورڈ - ائمہ کی تنخواہوں میں اضافہ کا تیقن

دہلی وقف بورڈکے چیرمین چودھری متین احمد نے آج ائمہ مساجد کو یقین دہانی کرائی کہ بورڈ آئمہ کا نذرانہ بڑھانے کو تیار ہے ۔ اس سلسلہ میں اگلے ہفتہ دہلی وقف بورڈ میں ائمہ مساجد کے ساتھ ایک میٹنگ کی جائے گی جس میں ائمہ کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ چیرمین کی اس یقین دہانی کے ساتھ ہی ائمہ نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر دئیے دھرنا کو ختم کر دیا۔ غور طلب ہے کہ دہلی وقف بورڈ کے زیر انتظام مساجد میں تقریباً 250 امام اور 100مؤذن ہیں ۔ امام کی تنخواہ 6000روپئے اور موذن کی تنخواہ 5000روپئے ہے ۔ سپریم کورٹ کے 1993ء کے حکم کے نفاذ، اپنے نذرانہ میں اضافہ اور وقف املاک پر سرکاری قبضہ سے نجات دلانے سے متعلق آج ائمہ مساجد نے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر پرامن دھرنا دیا۔ اس سے قبل ائمہ نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کر کے اپنے مطالبات کو دہرایا۔ وزیراعلیٰ نے بے رخی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ ہر دوسرے دن چلے آتے تھے ۔ اس بات سے خفا ہو کر ائمہ نے غیر معینہ دھرنا دینے کا فیصلہ لیا۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے 7!فروری کی ملاقات کے دوران ائمہ سے کہاکہ تھا کہ 20فروری کو ان کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ ائمہ مساجد نے کہاکہ سپریم کورٹ نے 1993ء میں حکم دیا تھا کہ اماموں کو سرکاری پے اسکیل کے تحت تنخواہ دی جائے مگر دہلی وقف بورڈ کا کہنا ہے ہمارے پاس اتنا پیسہ نہیں ہے ۔ بتایا گیا کہ وقف کی جتنی جائیدادیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں اگر وہ بورڈ کو دے دی جائیں تو بورڈ پوری دہلی کو چلا سکتا ہے ۔ ائمہ نے کہاکہ حکومت کبھی کبھی بورڈ کو ایک یادو کروڑکی گرانڈ دے کر احسان جتاتی ہے ۔ جبکہ یہ گرانڈ مسلمانوں کی توجہ اس قبضہ والی جائیدادوں سے ہٹانے کی کوشش ہے ۔

Delhi waqf board - increment in aima salary assured

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں