اترپردیش - اقلیتوں کے لیے اکھلیش یادو کی مراعات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-20

اترپردیش - اقلیتوں کے لیے اکھلیش یادو کی مراعات

اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے منگل کو ریاستی اسمبلی میں مالی سال 2013-14 کیلئے 2لاکھ 21ہزار 201.19کروڑکا بجٹ پیش کیا۔ لوک سبھا کے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر نوجوان وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اقلیتی فرقہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مالی برس2013-14 کے بجٹ میں ڈھائی ہزار کروڑروپئے سے زیادہ رقم کا بندوبست کیا ہے ۔ یوپی اسمبلی میں وزیراعلیٰ کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ میں سال 2013-14 میں اقلیتی طبقہ کے طلباء!طالبات کو وظیفہ اور فیس بھرپائی اسکیم کیلئے 777کروڑروپئے کی تجویز کی ہے جو کہ سال 2012-13 کے مقابلے میں 100کروڑروپئے زیادہ ہے ۔ اسی طرح ریاست کے تسلیم شدہ مدارس، مکاتب اور مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید مضامین کی تعلیم کی سہولت فراہم کرائے جانے کیلئے 200کروڑروپئے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اقلیتی برادری کی دسویں پاس لڑکیوں کی تعلیم یا شادی کیلئے "ہماری بیٹی اس کا کل" اسکیم کے تحت 350کروڑروپئے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اقلیتی برادری کے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کی چہاردیواری تعمیر اسکیم کیلئے بھی 300کروڑروپئے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ یہ رقم گذشتہ مالی برس کے جاری کردہ بجٹ سے 100کروڑروپئے زیادہ ہے ۔ حکومت نے اقلیتی طبقات کی تعلیم کیلئے اقلیتی علاقوں میں کثیر المقاصد ایجوکیشنل ہب کا قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں درجہ 6سے لے کر درجہ12تک تعلیم کا انتظام کیا جائے گا۔ اس اسکیم کی نفاذ کیلئے 34کروڑروپئے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اس ہب کے قیام میں ضرورت کے مطابق آئی ٹی آئی، پالی ٹکنک، پیرا میڈیکل اسٹاف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، انتظامی تربیت انسٹی ٹیوٹ وغیرہ کی تشکیل کی جائے گی۔ ریاست کے اقلیتی اکثریت والے 5اضلاع سمیت 36اضلاع میں نئے ماڈل ریاستی مخلوط تعلیمی ڈگری کالج کا قیام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ضرورت کے مطابق سول سرویس، میڈیکل، انجینئرنگ سرویس اور دیگر خدمات کیلئے کوچنگ مراکز کی تشکیل بھی اس ہب میں کی جائے گی۔

Akhilesh Yadav present populist budget keeping in mind 2014 Lok Sabha elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں