مقدمات سے حوصلے پست نہیں ہوں گے - اسد اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-13

مقدمات سے حوصلے پست نہیں ہوں گے - اسد اویسی

رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ریاستی کانگریس حکومت مجلسی قائدین کے خلاف مقدمات اور انہیں جیل میں ڈال کر ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ آخر کتنے افراد کے خلاف مقدمات درج کرے گی اور کتنے افراد کو جیل میں ڈالے گی؟
اکبر اویسی کی گرفتاری سے ہر گھر میں غم و غصہ ہے اور وہ محبان مجلس اور عوام کے اس جذبہ کی قدر کرتے ہوئے اسے سلام کرتے ہیں۔ پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہم ہر کٹھن راہ کو اپنائیں گے۔
صدر مجلس نے سوال کیا کہ اکبر اویسی کی تقریر پر جو لوگ سر پر پہاڑ اٹھا رہے ہیں ، کیا ان واقعات سے پہلے مجلسی قائد نے جن تحفظات کا اظہار کیا تھا وہ درست نہیں تھے؟ ہم پر ظلم کون کر رہا ہے؟ کیا پولیس کے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانا غداری ہے؟
رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین ہندوؤں یا کسی مخصوص مذہب کے خلاف نہیں ہے ، ہماری لڑائی مہاتما گاندھی کے قاتلوں ، بابری مسجد کے شہید کرنے والوں ، ممبئی کی سڑکوں پر انسانیت کا ننگا ناچ ناچنے والوں ، گجرات کی سرزمین کو مسلمانوں کے خون سے لال کرنے والوں کے خلاف ہے۔ ہم ظالم کانگریس حکومت کے خلاف ہیں جو تمام محاذوں پر ناکام ہو گئی ہے ، ہم اس حکومت کا سیاسی تعاقب کریں گے۔
بیرسٹر اویسی نے مزید کہا کہ میڈیا نے 6 دنوں تک واویلا مچایا ، یہ میڈیا اس وقت کہاں تھا جب مسلمانوں کو اس ملک کا کینسر اور بابر کی سنتان کہا گیا؟ یہ میڈیا اس وقت کہاں تھا جب "ایک دھکہ اور دو بابری مسجد توڑ دو" کا نعرہ لگایا گیا؟ جب کیوں سنگین واقعات کے تحت مقدمات درج نہیں کیے گئے؟ ٹینک بنڈ پر مجسموں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ کیوں درج نہیں کیا گیا؟ رام جیٹھ ملانی اور تامل ناڈو کے سابق چیف منسٹر کروناندھی نے اکثریتی فرقہ کے مذہب سے متعلق رکیک ریمارک کیے ، کیوں ان کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے گئے؟
صدر مجلس نے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت عوام دشمن اور فرقہ پرست حکومت ہے جو تمام محاذوں پر ناکام ہو گئی ہے۔

cases against MIM cadre will not lessen the morale - Asaduddin Owaisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں