امریکہ میں معاشی بل کی سینیٹ میں منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-01-02

امریکہ میں معاشی بل کی سینیٹ میں منظوری

واشنگٹن۔
یکم/جنوری (رائٹر)
ڈیموکریٹ اور ریپبلکن قائدین کے درمیان بند کرمہ کے طویل مباحث کے بعد معاہدہ۔ صدر اوباما کی جانب سے خیرمقدم
امریکہ میں ریپبلکن پارٹی اور صدر بارک اوباما کی ڈیموکریٹ پارٹی کے قائدین کے مابین طئے پانے والے مالیاتی معاہدہ کو سینیٹ نے منظور کرلیا ہے۔ حکومت اور ریپبلکن کے درمیان ہونے والے معاہدہ کے تحت وہ امریکی جن کی سالانہ آمدنی 4.5لاکھ سے زائد ہوگی ان کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح حکومتی اخراجات میں بھی 109 بلین ڈالر کی کمی تو کی جائے گی لیکن معاہدہ کے تحت اخراجات میں کٹوتی کے معاملے میں شفافیت اور وسعت لانے کیلئے اس حتمی کٹوتی کے معاملے کو دوماہ کیلئے موخر کردیاگیا ہے۔ معاہدے کے تحت منظور ہونے والے مالیاتی بل کا نفاذ یکم جنوری سے ہورہا ہے۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور ریپبلکن اراکین کانگریس کے درمیان مذاکرات میں معاہدہ کے معاملات کو طئے کیا گیا ۔ سینیٹ میں معاہدے کے حق میں 89 اور مخالفت میں 8ووٹ ڈالے گئے۔ وائٹ ہاوس کے مطابق کانگریس کی عمارت میں جوبائیڈن اور سینیٹ میں اکثریتی ریپبلکن لیڈر مچ مک کونیل کے درمیان مذاکراتی عمل جاری رہا۔ حکومت اور ریپبلکن کے درمیان ہونے والے معاہدہ کے تحت امریکہ میں متمول افراد کو زیادہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور بقیہ کو ٹیکس کی اضافی شرح سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ معاہدہ کے تحت بظاہر ٹیکسوں کی شرح وہی ہوگی جو سابق صدر بل کلنٹن کے دور میں تھی۔ 4.5لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کمانے والے 39.6 فیصد ٹیکس اداکریں گے۔ اوباما کی خواہش تھی کہ ڈھائی لاکھ ڈالر کمانے والوں پر 39.6 کے ٹیکس کا نفاذ کیاجائے۔ نئے معاہدہ کے بعد اس کا امکان پیدا ہوگیا ہے کہ سوشیل سکیورٹی، ریٹائرمنٹ سیونگ اور ہیلتھ کیر پر عائد عبوری دو فیصد ٹیکس کا خاتمہ ہوجائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں