قابل اعتراض تقریر کی سماجی شخصیات نے مذمت کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-31

قابل اعتراض تقریر کی سماجی شخصیات نے مذمت کی

ڈاکٹر اصغر علی انجینئر(ممبئی)، سوامی اگنی ویش، مہیش بھٹ، مظہر حسین( کو وا۔ حیدرآباد)، حامد محمد خان(ایم پی جے ۔ حیدرآباد)، ایم منڈل حیدرآباد، عرفان انجینئر ممبئی، سندیپ پانڈے لکھنو اور رام پنیائی ممبئی نے مجلس کے لیڈر مسٹر اکبر الدین اویسی کے حال ہی میں نرمل ٹاون میں کی گئی قابل اعتراض تقریر کی مذمت کی۔ ایک بیان میں ان سماجی جہد کاروں نے کہاکہ قابل اعتراض تقاریر اور بیانات سماج میں تقسیم پیدا کرتے ہیں ۔ امن کو بگاڑتے ہیں اور تصادم و فسادات کا موجب بنتے ہیں جس کے نتیجہ میں ا موات ہوتی ہیں اور اموال و املاک تباہ ہوتی ہیں ۔ جس سے تمام اقوام کے غریب عوام کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ قانون ساز اسمبلی کے ایک ذمہ دار رکن کی اس نوعیت کی تقریر پر انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے ۔ ان جہدکاروں نے مطالبہ کیا کہ حکام کو اس معاملہ میں سبق آموز کار روائی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ کہیں بھی اور کسی کے ذریعہ ایسے ناقابل برداشت اقدامات کا اعادہ نہ ہونے پائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایاجائے کہ ملک میں امن وہم آہنگی برقرار رہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ آئندہ برس انتخابات ہیں اور یہ تاریخ رہی ہے کہ انتخابی فوائد کی خاطر قوم کو گمراہ کرنے ، فرقہ وارانہ تصادم کو اکسایا جاتا ہے ہمیں خدشہ ہے کہ فرقہ پرست پارٹیوں اور رجعت پسندگروپوں کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات دئیے جائیں گے اور نفرت انگیز تقاریر کئے جائیں گے ۔ اس لئے وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس طرح کی دانستہ اشتعال انگیزیوں پر ردعمل ظاہر نہ کریں اور فرقہ پرست پارٹیوں کے مکروسازش کا شکار نہ ہوں جو نفرت اور تشدد کی سیاست کے ذریعہ انتخابی فائدے حاصل کرتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں