ممبئی کا وڈالا سنی مسلم قبرستان حکام کی بےتوجہی کا شکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-18

ممبئی کا وڈالا سنی مسلم قبرستان حکام کی بےتوجہی کا شکار

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے افسران کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں وڈالا سنی مسلم قبرستان میں صاف صفائی کا فقدان ہے نیز قبر کھودنے والے ملازمین کی کمی کے سبب میت دفن کرنے میں لوگوںکو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اگر دن یا رات میں بیک وقت ایک سے زائد میتیں قبرستان آجاتی ہیں تو قبر تیار نہ ہونے کی وجہہ سے لوگوں کو قبرستان میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر مقامی افراد قبر کھودنے میں ملازمین کا ساتھ نہ دیں تو میت کو دفن کرنے میںمزید خاصا وقت لگ جاتا ہے۔ یہی وجہہ ہے کہ کبھی کبھی قبرستان میں قبر کھودنے والے ملازم سے مارپیٹ کی نوبت آجاتی ہے۔ قبرستان کے ایک ملازم کا دعوی ہے کہ قبر کھودنے والے 3ملازمین اور پھول پودے کی دیکھ بھال کرنے والے 2ملازمین کے علاوہ صفائی کرنے والوں کی بھی سخت ضرورت ہے۔ انٹاپ ہل شیخ مصری درسگاہ کے قریب رہائش پذیر اور سماج خدمت گار فہیم قاضی اور شبنم قاضی نے کہاکہ شیخ مصری درگاہ روڈ پر واقع وڈالا سنی مسلم قبرستان میں قبر کھودنے والے ملازمین کی کمی ہے جس سے مقامی لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ قبرستان میں 3شفٹوں میں کم ازکم 6ملازمین قبر کھودنے کیلئے چاہئے۔ اس کے علاوہ قبرستان کی صفائی اور پھول پودوں کی دیکھ بھال کرنے والے مالی کی بھی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ وڈالا سنی مسلم قبرستان بی ایم سی کی زیر نگرانی ہے اور اب تک اس قبرستان کو کسی ٹرسٹ کے حوالے نہیں کیاگیا ہے۔ اس لئے قبرستان کی دیکھ بھال کی پوری ذمہ داری ممبئی میونسپل کارپوریشن پر ہے۔

mumbai wadala qabrastan in problems

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں