پٹنہ میں پانچ روزہ ای۔لائبریری ورکشاپ کا اختتام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-27

پٹنہ میں پانچ روزہ ای۔لائبریری ورکشاپ کا اختتام

انسٹی ٹیوٹ آف آبجکٹیو اسٹڈیز( پٹنہ چیپٹر) کے زیر اہتمام منعقدہ 5روزہ ای لائبریری قومی ورکشاپ 21دسمبر 2012ء کو اختتام پذیر ہوا۔ جس میں بہار کے مختلف علاقوں ملک کی کئی ریاستوں بالخصوص ناگا لینڈ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اتر پردیش، گجرات اور دہلی کے 60 شرکاء نے حصہ لیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف آبجکٹیو اسٹڈیز(پٹنہ چیپٹر) نے اس قومی ورکشاپ و تربیتی پروگرام کا اہتمام این،آئی سی، وزارت کمیونکیشن ور انفارمیشن ٹکنالوجی، حکومت ہند( نئی دہلی) اور اے ایس سنہا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اسٹڈیز( پٹنہ) کے تعاون و اشتراک سے کیا تھا۔ جس کا افتتاح پبلک لائبریری ا تھاریٹی کے چیرمین پروفیسر رام بچن رائے نے 17دسمبر کو کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علمی معاشرے کی تشکیل میں کتب خانوں کے کلیدی رول کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا گوکہ بہار میں عوامی کتب خانوں کی حالت بہتر نہیں ہے لیکن لائبریری ایکٹ کے نفاذ سے جلد ہی کتب خانوں کی موجودہ حالت میں بہتر آئے گی۔ لائبریری تحریک کے روح رواں ڈاکٹر سید فضل رب کی کوششوں کو اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک اہم ترین کام انجام دے رہے ہیں ، ان کے مختلف تربیتی پروگراموں سے لائبریری سائنس کے میدان میں ایسے افراد تیار ہورہے ہیں جن سے بہار کے کتب خانوں کی تصویر بدلنے میں لائبریری ا تھاریٹی بھرپور استفادہ اٹھائے گی۔ ممتاز ماہر نفسیات پروفیسر شمشاد حسین نے کتب خانوں کو متحرک اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جدید ٹکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ لائبریری میں کام کرنے والوں کو اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو گا تاکہ کتب خانوں کے شلف پر انتظار کرتی ہوئی کتابوں کو متعلقہ قاری تک پہنچاسکیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں