مہرولی میں واقع غوثیہ کالونی کے مکینوں کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2012-12-22

مہرولی میں واقع غوثیہ کالونی کے مکینوں کا احتجاج

مہر ولی واقع غوثیہ کالونی کے رہنے والوں کو دوبارہ بسائے جانے کے مطالبہ کے سلسلے میں وفد نے آج دہلی کی وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت سے ملاقا ت کی۔ وزیراعلیٰ نے پیر کے روزمقامی لوگوں کو وقف بورڈ اور ڈی ڈی اے کے ساتھ دوبارہ ملاقات کرنے کی بات کہی ہے ۔ دوسری جانب غوثیہ مسجد میں بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی اور اعلان کیا کہ منگل کے روز وزیراعظم یا سونیا گاندھی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دہلی وقف بورڈکے چیرمین چودھری متین احمد نے غوثیہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ اس کے خلاف قانونی کار روائی کرنے کی تیاری کر رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے گئے وفد میں غوثیہ کالونی آبادکاری سمیتی کے کنوینر محمد علاء الدین‘ محمد تنویر اور دوسرے کارکنوں کے ساتھ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے نیشنل جنرل سکریٹری حافظ منصور اور دوسرے کئی لوگ شامل تھے ۔ انہوں نے غوثیہ مسجد اور کالونی کو اجاڑے جانے کے بارے میں بات چیت کر کے تمام حالات سے وزیراعلیٰ کو واقف کرایا۔ غوثیہ کالونی کے رہنے والوں پر اس سخت ٹھنڈ کے موسم میں ڈی ڈی اے کے ذریعہ جو ظلم ڈھائے گئے ہیں ان کے خلاف سخت کار روائی کرنے اور کالونی کو دوبارہ بسائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس پورے معاملے کی عدالتی تفتیش کی جائے اور ڈی ڈی اے اور پولیس کے جو لوگ بھی مسجد اور قبروں کومسمار کرنے کی اس گھناؤنی حرکت کیلئے ذمہ دار ہیں انہیں سزا دی جائے ۔ سبھی باتوں کو سنننے کے بعد وزیراعلیٰ شیلا ڈکشت نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈی ڈی اے کی انہدامی کار روائی رکوائیں گی نیز کسی کے بھی گھر کو نہیں اجاڑا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ مسجد اور قبروں کو دوبارہ بنایاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پیر کے دن کو دوبارہ ملنے کے وعدے کے ساتھ جلد ہی اس معاملے میں کار روائی کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔

delhi ghousia colony residents problem

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں