پنجاب میں مسجد کی تعمیر - پنڈتوں کی طرف سے زمین کا ہدیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-02-27

پنجاب میں مسجد کی تعمیر - پنڈتوں کی طرف سے زمین کا ہدیہ

mosque-in-barnala
پنجاب کے ضلع برنالا میں فرقہ وارانہ اتحاد کی ایک مثال سامنے آئی ہے۔ موم گاؤں کے مقامی برہمنوں نے علاقے میں ایک مسجد کی تعمیر کے لیے زمین ہدیہ کی ہے۔ اور مسجد کے تعمیراتی کاموں کے لیے سکھ کمیونیٹی کے افراد نے عطیہ کی رقم جمع کی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر دو فرقوں کے لوگ بھی مسجد کی تعمیر میں تعاون کے لیے آگے آئے ہیں۔
ضلع لدھیانہ سے متصل اس گاؤں میں تعمیر ہونے والی مسجد کی نگرانی کرنے والے جسویر خان کے بھائی نجیم خان کہتے ہیں کہ ہم اب تک بابا مومن شاہ کی دو کمروں والی درگاہ کے اندر نماز ادا کیا کرتے تھے۔ پنڈت برادری کے چند افراد نے مسجد کی تعمیر کے لیے زمین ہدیہ کی ہے جس کے بعد سے ہم نے تعمیراتی کام شروع کروا دیا ہے۔ پنڈت برادری کے افراد تعمیراتی کام میں بھی ہم سے تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے مسجد کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی ذمہ داری بھی اٹھائی ہے۔ لہذا ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ چند ہی ماہ میں مسجد کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔
تعمیراتی کاموں میں اہم ذمہ داری نبھانے والے پنڈت پرشوتم لال جو ایورویدک علاج کے کاروبار سے بھی منسلک ہیں، نے بتایا کہ مسجد کے لیے زمین ہدیہ کر کے ہم نے اپنا فرض ادا کیا ہے۔ ہم اپنے گاؤں میں ایک شیو مندر بنا رہے ہیں اور ہمارے یہاں ایک گردوارہ بھی ہے اس وجہ سے ہماری خواہش تھی کہ گاؤں میں ایک مسجد بھی موجود ہو۔ ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ تمام مذاہب کا برابر احترام ہونا چاہیے۔ ایک پنجابی ہونے کے ناتے ہمیں بچپن سے ہی تمام مذاہب کے احترام کی تعلیم ملی ہے۔ سیکولر ہونے پر ہمیں فخر ہے۔
سکھ کمیونٹی کے تقریباً 4 ہزار لوگ اس گاؤں میں مقیم ہیں جبکہ مسلمانوں اور ہندوؤں کی تعداد 400 کے قریب ہے۔ گاؤں کے سرپنچ منجیت کور کا کہنا ہے کہ ہمارا گاؤں فرقہ وارانہ اتحاد کی ایک نادر مثال ہے۔

brahmins donate land sikhs fund mosque in barnala village

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں