گجرات کانگریس کے 8 ارکان اسمبلی پارٹی سے خارج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-10

گجرات کانگریس کے 8 ارکان اسمبلی پارٹی سے خارج

احمد آباد، نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارٹی کے باغی ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کانگریس نے کل ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹنگ (مخالفانہ رائے دہی) کرنے والے اپنے آٹھ ارکان اسمبلی کو چھ سال کے لئے پارٹی سے خارج کردیا ہے ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج گجرات یونٹ اشوک گہلوٹ نے ان چھ ارکان اسمبلی کے اخراج کی سفارش کی ہے جنہوں نے پہلے ہی ایم ایل اے کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا بعد ازاں ان میں سے تین بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس میں ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیاجائے گا جب کہ جن لوگوں کو پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے وہ پارٹی مخالف سر گرمیوں میں ملوث تھے ۔ راجستھان کے سابق چیف منسٹر گہلوٹ نے بتایا کہ اس سال کے اواخر میں منعقد ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل پارٹی کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔گجرات کانگریس کے ترجمان منیش جوشی نے بتایا کہ پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بی جے پی امید واروں کے حق میں کراس ووٹنگ کرنے والے آٹھ ارکان اسمبلی کو پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے جن یں شنکر سنہ واگھیلا، ان کے لڑکے مہیندر سنہ، راگھو جی پٹیل، بھولا گوہل، دھیر میندر جڈیجہ ، پی کے راول جی ، امیت چودھری اور کرن پٹیل شامل ہیں۔ سابق چیف منسٹر واگھیلا راجیہ سبھا انتخابات سے چند ہفتے قبل اسمبلی میں اپوزیشن قائد کے عہدہ اور کانگریس سے مستعفیٰ ہوگئے تھے ، لیکن ایوان سے انہوں نے استعفی نہیں دیا تھا ۔ گجرات کانگریس کے سربراہ بھرت سنہہ سولنکی نے بتایا کہ ہم نے ان ارکان اسمبلی کو چھ سال کے لئے خارج کردیا ہے ، کیونکہ انہوں نے پارٹی وہپ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالفانہ رائے دہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد انحراف قانون کے تحت ان کے خلاف کارروائی کریں گے ۔

دریں اثنا مغربی مدنا پور(مغربی بنگال) سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج گجرات کے راجیہ سبھا انتخاب میں احمد پٹیل کی کامیابی کو مطلق العنانیت پر جمہوریت کی فتح قرار دیا ۔ انہوں نے یہاں جلسہ عام میں ترنمول کانگریس کی جانب سے بی جے پی ہندوستان چھوڑ دو تحریک کا باضابطہ آغاز کرنے کے بعد کہا ہک ہر شخص نے دیکھ لیا ہے کہ کل گجرات میں کیا ہوا۔یہ جمہوریت اور مطلق العنانیت کے درمیان لڑائی تھی ، جو رات بھر جاری رہی اور ہمیں خوشی ہے کہ آخر میں جمہوریت کی جیت ہوئی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کانگریس نے گجرات میں جو نتیجہ حاصل کیا ہے وہ ملک میں عوام کی رواداری اور جمہوریت کی طاقت کی سب سے بڑی مثال ہے ۔ یہ اس ملک میں رواداری کی سب سے بڑی مثال ہے اور یہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج گجرات میں راجیہ سبھا الیکشن جیتنے پر گجرات قائد احم دپٹیل کو مبارکباد دی ۔ ممتا بنرجی نے ٹوئٹر پر اپنے پیام میں کہا احمد پٹیل جی، بڑی لڑائی کے لئے مبارکباد ۔ بہت اچھی لڑائی، بہت اچھی جیت ۔ واضھ رہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے کل ایک سخت مقابلہ میں بلونت سنہہ راجپوت کو شکست دی۔ راجپوت، بی جے پی سے انحراف کرنے سے قبل حالیہ عرصہ تک ریاستی اسمبلی میں پارٹی کے چیف وہپ تھے۔ پڈوچیری سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر بی نارائن سوامی نے آج کہا کہ بزرگ کانگریس قائد احمد پٹیل کی گجرات کے راجیہ سبھا انتخاب میں کامیابی میں انصاف اور سچائی کی جیت کو یقینی بنایا ہے۔ چیف منسٹر نے یہاں کانگریس پارٹی کے دفتر میں ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے75سال کی تکمیل کے موقع پر اس مرکزی زیر انتظام علاقہ کے مجاہدین آزادی کو اعزاز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے گجرات کے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس امید وار کی کامیابی کو روکنے زمین و آسمان ایک کردیے تھے اور پیسے کی طاقت کا استعمال کرنا چاہا، لیکن بی جے پی کی یہ تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور کانگریس امید وار راجیہ سبھا نشست پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے فاتح بن کر ابھرے۔

Cong Expels 8 MLAs for Violating Party Whip in Gujarat RS Polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں