ملک میں فرقہ پرست طاقتیں جمہوریت پر حملہ آور ۔ سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-10

ملک میں فرقہ پرست طاقتیں جمہوریت پر حملہ آور ۔ سونیا گاندھی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج ملک میں فرقہ پرست اور جابرانہ طاقتوں کی جانب سے جمہوریت پر حملوں پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ ہم ہندوستان چھوڑدو تحریک کے75سال کا جشن منارہے ہیں ، لوگوں میں یہ شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں اور یہ خوف دیکھا جارہا ہے کہ آیا تاریک طاقتیں دوبارہ ابھر رہی ہیں۔ کیا یہ خوف ملک میں آزادی کے ماحول پر غلبہ حاصل نہیں کررہا ہے؟ کیا جمہوریت کی بنیاد وں کو تباہ کرنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہیں؟ کیا آزادی اظہار عقیدہ اور مساوات کی آزادی ، سماجی انصاف کی آزادی کو تبا ہ کرنے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ قبل ازیں موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج اس اندیشہ کا اظہار کیا کہ آیا تاریک طاقتیں جمہوریت کی جڑوں کو تباہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے آر ایس ایس پر در پردہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ بعض تنظیموں نے ہندوستان چھوڑدو، تحریک اور جدو جہد آزادی میں کوئی رول ادا نہیں کیا اور اس کی مخالفت کی تھی ۔ ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے75سال کی تکمیل کے موقع پرلو سبھا میں خصوصی مباحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ محسوس کیاجارہا ہے کہ تکثیریت اور مساوات کے اقدار پر جو دستور میں بیا ن کی گئی ہیں، انتشار پسندی اور نفرت کی سیاست کے بادل منڈلا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سیکولر، جمہوریت اور فراخدلانہ اقدار خطرہ میں ہیں۔ مباحث اور اختلاف رائے کی عوامی گنجائش گھٹی جارہی ہے ۔ کیا تاریک طاقتیں ابھر چکی ہیں؟ کیا آزادی کے احساس کے وجود کو خطرہ ہے؟ کیا جمہوریت کی جڑوں کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جو مساوات ، سماجی انصاف، قانون پر مبنی نظام اور آزادی اظہار پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ان کی تقریر کی سماعت کررہے تھے ، جس پر انہوں نے ان کی پارٹی اور ان کی نظریاتی رہنما آر ایس ایس کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ چند لوگ اور تنطیمیں تھیں، جنہوں نے ہندوستان چھوڑدو تحریک کی مخالفت کی تھی،اور ہمارے ملک کو آزادی دلانے میں کوئی رول ادا نہیں کیا تھا ۔ بی جے پی رکن کرن کھیر نے نعرے لگائے(حقائق کو) تو ڑ مروڑ کر پیش کیاجارہا ہے ۔ تاہم سرکاری بنچوں نے کرن کھیر کو خاموش رہنے کا اشادہ دیا۔ واضح رہے کہ کانگریس اکثر آر ایس ایس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے جدو جہد آزادی میں کوئی رول ادا نہیں کیا ہے، تاہم وہ اس الزام کی پر زور تردید کرتی رہی ہے ۔ سونی اگاندھی نے کہا عوام کو اس ہندوستان کے لئے لڑنا ہوگا جس پر وہ یقین رکھتے ہیں، جسے ہر شخص چاہتا ہے اور جس کا نظریہ مجاہدین آزادی نے پیش کیا تھا۔

Democracy under attack by communal, repressive forces: Sonia Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں