کشمیر سنگباز نہیں امن کے خواہاں - وزیراعلیٰ جموں و کشمیر کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-23

کشمیر سنگباز نہیں امن کے خواہاں - وزیراعلیٰ جموں و کشمیر کا بیان

جموں
یو این آئی
جموں وکشمیر کی چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا کہ وادی کشمیر میں مٹھی بھر افراد امن کے خلاف ہیں، جو ان کے بقول نوجوانوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بے گناہ نوجوانوں کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے تو اپنے لوگ ہیں ، محبوبہ مفتی نے پیر کو یہاں بھگوتی نگر علاقہ میں ایک کثیر المقاصد سیوریج پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ایسے سنگباز نہیں ہیں، وہ امن چاہتے ہیں ، وہ اپنی دکانیں کھولنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا اہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مرکزی سرکار سے اپیل کرنا چاہتی ہوں کہ وہ کشمیری عوام کو ایک ہی نظر سے نہ دیکھیں۔ محبوبہ مفتی نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ صرف پانچ فیصد لوگ ایسے ہیں جو خرمن امن کو بگاڑتے ہوئے اور تشدد پر اکسارہے ہیں۔ مگر95فیصد لوگ معصوم ہیں جو امن و امان کی فضا میں رہنا چاہتے ہیں لیکن ایک خود غرضانہ طبقے کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے میں اپیل کرتی ہوں کہ وہ 95فیصد لوگوں کا خیال رکھیں ۔ اپنے تو اپنے لوگ ہیں اور وہ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ علیحدگی پسند جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا نام لئے بغیر چیف منسٹر نے کہا کہ لوگوں کا ایک طبقہ ہے جو وادی کا امن خراب کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ریاست کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کا حقیقی مطلب سمجھ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام ایسے لوگوں سے آزادی چاہتے ہیں جو امن میں خلل ڈال رہے ہیں ۔ مفتی نے کہا کہ لوگوں کا ایک طبقہ جو خود گولیان اور لاٹھیاں نہیں کھاتا ہے ، بچوں اور کمسن نوجوانوں کو تشدد پر اکسا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان ذہنوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی طاقتیں ہیں جو پی ڈی پی، بی جے پی حکومت کی جانب سے ایجنڈا آف الائنس کے تحت شروع کئے گئے تعمیری پروگراموں کو ہضم نہیں کرپاتے ہیں اور ریاست میں امن بحال ہوتے ہوئے دیکھ نہیں پارہے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جب کشمیر میں امن ہوتا ہے ، سیاحتی سیزن اپنے عروج پر ہوتا ہے اور امر ناتھ یاترا جاتی ہوتی ہے تو ایسی طاقتیں امن میں خلل ڈالنے کے لئے متحرک ہوجاتی ہیں اور بالآخر ایک عام شہری ہی متاثر ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا فلم اداکار سلمان خان گزشتہ سال کشمیر میں اپنی فلم بجرنگی بھائی جان کی عکس بندی کے لئے آئے تھے لیکن وادی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے انہوں نے اس بار لداخ کا انتخاب کیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ تشدد کی وجہ سے ریاست کی سیاحتی صنعت اور اقتصادی حالت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر 2010میں فرضی جھڑپ ، شوپیان عصمت دری کیس اور بالآخر کمسن نوجوانوں کی اموات کی وجہ سے کشیدہ رہا ، لیکن اس بار ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ تین جنگجوؤں کو جھڑپ میں ہلاک کیا گیا اور یہ کوئی نئی بات نہیں تھی کیونکہ جنگجوؤں کی ہلاکت کا سلسلہ چلتا آیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا لیکن لوگوں کے ایک طبقہ کو پر امن کشمیر کو آگ کے حوالے کرنے کا موقع مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو صرف مذاکرات سے حل کیاجاسکتا ہے ہتھیاروں سے نہیں۔ اس دوران سرینگر کے بارہ پولیس اسٹیشن حدود میں آٹھ گھنٹوں کے لئے کرفیو میں نرمی دی گئی ۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہ بات بتائی۔

Kashmiris are not stone-pelters but peace loving people: Mehbooba

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں