دوسرے عالمی یوم یوگا پر ملک بھر میں یوگا مشقوں کا اہتمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-22

دوسرے عالمی یوم یوگا پر ملک بھر میں یوگا مشقوں کا اہتمام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
قومی دارالحکومت میں آج دوسرا بین الاقوامی یوم یوگا منایا گیا اور یوگا کے مظاہروں کے لئے مختص مختلف مقامات پر دہلی کے عوام کثیر تعداد میں اکٹھا ہوئے ۔ کناٹ پیلس میں لگ بھگ دس ہزار والینئٹر س صبح5:30بجے سے جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ اس عظیم تقریب کے لئے شرکاء تینوں سڑکوں پر جمع ہوئے ۔ کناٹ پیلس کے علاوہ وزارت آیوش نے دیگر چھ مقامات لودھی گارڈن، نہرو پارک ، تال کٹورا گارڈن ، روہنی کے سورن جیتنی پارک ، پتپڑ گنج میں یمنا اسپورٹس کمپلیکس ، دوارکا میں ڈسٹرکٹ پارک میں یوگا تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ وزارت کی جانب سے اجازت یافتہ تقریبا سو ریزیڈنٹ ویلفیئر اسوسی ایشنس نے بھی یوگا ڈے تقاریب کا اہتمام کیا ۔ وزیر شہری ترقی و پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو ، لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی بحیثیت مہمان خصوصی ڈائس پر موجود تھے ۔ بعد ازاں ممتا ز شخصیتوں نے پینتالیس منٹ طویل یوگا پروٹوکول میں عام افراد کے ساتھ شرکت کی۔ دہلی کے کناٹ پیلس میں منعقدہ تقریب میں یوگا پر تقاریر اور موسیقی ریز مظاہرے بھی کئے گئے ۔ معذورین کے دو گروپس نے یوگا کے خصوصی مظاہرے بھی پیش کئے ۔ سی آئی ایس ایف کے250ارکان نے جن میں سی آئی ایس ایف کی خواتین کمانڈو ٹیم بھی شامل تھیں ، فلپائنی مارشل آرٹ کے مظاہرے بھی کئے ۔ کناٹ پیلس کو صبح تین تا نو بجے دن ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا اور ہر سڑک پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ، جن میں بم کا پتہ چلانے والا اسکواڈ بھی شامل تھا ۔ اس مقام پر کئی ایمبولنسوں کو بھی تیار رکھا گیا تھا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ کشتی باز سنگرام سنگھ مس انڈیا 2014ء کوئل رانا مشہور شخصیتیں بھی کناٹ پیلس پر موجود تھیں ۔ مرکزی حکومت کی کئی وزارتوں نے بھی اپنی دفتری عمارتوں میں ملازمین کے لئے یوگا کا اہتمام کیا۔ وزارت شہری ہوا بازی بھی ان مین شامل تھی ۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج یہاں کہا کہ بین الاقوامی یوم یوگا قدیم ہندستان اور جدید دنیا کے درمیان ایک پل کا کام کررہا ہے ۔انہوں نے یہاں سینکڑوں یوگا شائقین کی قیادت کی۔ انہوں نے لال پریڈ گراؤنڈ میں شرکاء کی کثیر تعداد سے خطاب کیا۔ وزیر فروغ انسانی وسائل کو عالمی یوم یوگا کے موقع پر ایک پروگرام کی قیادت کرنے بھوپال روانہ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے اس شعبہ میں وزیرا عظم نریندر مودی کی کوششوں کی بھی ستائش کی ۔ ریاستی وزیر داخلہ بابو لال گور نے پیر میں فریکچر ہونے کے باوجود مشقوں میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے یوگا کرتے اور بھگوت گیتا کا مطالعہ کرتے رہے ہیں ۔ اب یہ دونوں چیزیں ان کے معمولات کا حصہ بن چکی ہیں ۔ رانچی سے موصولہ اطلاع کے مطابق دوسرے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر جھار کھنڈ میں لاکھوں افراد نے تقاریب میں حصہ لیا ۔ چیف منسٹر رگھو برداس اور ان کے کابینی رفقاء بھی ان ہزاروں افراد میں شامل تھے جنہوں نے رانچی کے مہر آبادی اسٹیڈیم میں یوگا پروگرام میں شرکت کی ۔ پڈوچیری مین لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی نے یوگا مظاہروں کی قیادت کی ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے موسلا دھار بارش کی پرواہ کیے بغیر آج صبح ریاستی دارالحکومت میں عالمی یوگا پروگرام کی قیادت کی ۔ راج ناتھ سنگھ نے بارش کی پروا کئے بغیر یوگا پروگرام میں حصہ لیا اور وہ پوری طرح بھیگ چکے تھے ۔ یہاں کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم میں راج ناتھ سنگھ کے ساتھ تین سو افراد نے مشقوں میں حصہ لیا ۔ بارش کی وجہ سے جو آج صبح چار بجے سے جاری تھی چھ بجے مقرر پروگرام ایک گھنٹہ کی تاخیر سے سات بجے شروع ہوا ۔ راج ناتھ سنگھ نے بارش کی پرواہ کئے بغیر تقریبا تیس منٹ تک یوگا کیا۔

احمد آباد
پی ٹی آئی
راج کوٹ میں تقریبا دو ہزار حاملہ خواتین نے یوگا کرتے ہوئے ایک ریکارڈ قائم کیا۔ گجرات کے تقریبا چالیس ہزار مقامات پر دوسرے بین الاقوامی یوم یوگا میں تقریبا1.25کروڑ افراد نے حصہ لیا ۔ چیف منسٹر آنندی بین پٹیل ، گورنر اوپی کوہلی، اور دیگر کئی مذہبی و روحانی رہنما نے تقاریب میں شرکت کی جویہاں جی ایم ڈی سی گراؤنڈ پر منعقد کی گئی تھیں۔پٹیل نے تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تقریبا 1.25کروڑ افراد نے دوسرے بین الاقوامی یوگا میں شرکت کی جو گجرات کے چالیس ہزار مقامات پر کیا گیا ، راج کوٹ میں دو ہزار حاملہ خواتین نے یوگا کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنایا، جب کہ اسی گراؤنڈ پر 8ہزار بچوں نے انسانی زنجیر بناتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنایا۔

Second International Yoga Day in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں