کشمیر نہ تو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ نہ پاکستان کی شہ رگ - انجینئر رشید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-22

کشمیر نہ تو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ نہ پاکستان کی شہ رگ - انجینئر رشید

سری نگر
یو این آئی
عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور شمالی کشمیر کے حلقہ انتخاب لنگیٹ سے آزاد رکن اسمبلی انجینئر شیخ عبدالرشید نے آج جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی مین کہا کہ یہاں تک کہ مجھے پھانسی دے دی جائے ، میں تب بھی نہیں کہوں گا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ، انہوں نے کہاکہ مسئلہ تا حال حل طلب ہے ۔ انجینئر رشید نے جب اسمبلی میں محکمہ بجلی کے مطالبات زر پر جاری بحث میں حصہ لیا تو اپنی تقریر کے دوران ان کی بی جے پی اور کانگریس کے ممبران کے ساتھ سخت تلخ کلامی ہوئی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ اگر نہیں پھانسی بھی دے دی جائے وہ تب کہیں گے کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے نہ پاکستان کی شہ رگ ۔ انہوں نے ممبران بالخصوص بی جے پی ممبران سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ تاریخی حقیقت کو سمجھ لیں اور دہلی سے کہیں کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل رائے شماری ہے۔ انجینئر رشید نے کہا اگر آپ مجھے جیل میں ٹھونس دیں گے الیکشن لڑنے سے روکیں گے یا پھر پھانسی پر لٹکا دیں گے میں تب بھی کشمیر کے تعلق سے اپنے موقف میں تبدیلی نہیں لاؤں گا ۔ ہم نے حق خود ارادیت کے لئے ایک لاکھ جانیں دی ہیں ، ہم اسپر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ جب بی جے پی ممبر رویندر رینا نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے انجینئر رشید سے کہا کہ آپ نے تو ہندوستان کی حفاظت کا حلف اٹھایا ہے تو انہوں نے رد عمل میں کہا کہ وہ ہندوستان کی خود مختاری کے خلاف نہیں ہیں بلکہ صرف جموں و کشمیر کے بارے میں بولتے ہیں جو بقول ان کے بقول دونوں ملکوں کے درمیان تنازعے کی جڑ ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا کہ ہندوستان کا دعویٰ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور سرحد کے اس پار جو کشمیر ہے، وہاں کے لوگ پاکستان کے ساتھ خوش نہیں ہیں ۔ تو پھر مسئلہ ہی کیا ہے، نئی دہلی کو رائے شماری کے انعقادس سے دور نہیں بھاگنا چاہئے ۔ ہوسکتا ہے کہ آر پار کشمیر کے لوگ ہندوستان کا انتخاب کریں۔ پھر پورا جموں و کشمیر ہندوستان کا اتوٹ انگ بن جائے گا۔ دریں اثناء بی جے پی نے انجینئر رشید کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں مانتے ہیں ، انہیں اس ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور انہیں پاکستان منتقل ہوجانا چاہئے ۔

Kashmir neither India’s integral part nor Pak’s jugular vein, says Kashmir lawmaker Engr Rasheed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں