آندھرا پردیش کو طوفان کا خطرہ - احتیاطی اقدامات کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-19

آندھرا پردیش کو طوفان کا خطرہ - احتیاطی اقدامات کا مشورہ

حیدرآباد
پی ٹی آئی
چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ریاست کے جنوبی اور شمالی علاقوں میں طوفان کے خطرہ کے پیش نظر تمام اضلاع کے کلکٹروں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔وشاکھا پٹنم کے محکمہ موسمیات کے دفتر نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی اور شمالی آندھرا پردیش میں طوفان کی وجہ سے انتہائی موسلا دھار بارچ ہوسکتی ہے ۔ ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غذا اور پانی کے پیاکٹس تیار رکھیں ۔چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے جو مختلف پروگرامون میں شرکت کے لئے راجمندری آئے ہوئے ہیں، کہا کہ ساحلی آندھرا پردیش کے ضلع انتظامیوں سے کہا گیا کہ و ہ طوفان کے انتباہ کے پیش نظر چوکس رہیں ۔ انہوں نے چیف سکریٹری ایس پی ٹھاکر کو حکم دیا کہ وہ اس تعلق سے درکار اقدامات کریں اور ماہی گیروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے درکار اقدامات کیئے جانے چاہئیں۔ ہنگامی صورتحال کی صورت میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کے تخلیہ کے لئے بسیں تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ بارش کی وجہ سے ضلع مشرقی گوداوری کے گوکا ورم منڈل میں چیف منسٹر کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے ۔ اس دوران موصولہ اطلاع میں بتایا گیا کہ جنوبی مغربی بنگال میں ہوا کا کم دباؤ جو چینائی کے جنوب مشرقی ساحل سے70کلو میٹر دور ہے ، آئندہ دو دن میں طوفان کی شکل اختیار کرلے گا۔ سائیکلون وارننگ سنٹر کے مطابق اس دباؤ کے تحت ساحلی آندھرا پردیش کے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ہوائیں 50تا ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ سائیکلون وارننگ سنٹر نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوا کے کم دباؤ میں اضافہ ہوگا ۔ جس کی وجہ سے جنوبی ساحلی آندھرا پردیش میں موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی ۔ کاکناڈا اور گنگا ورم بندر گاہوں پر خطرہ کا سگنل آویزاں کردیاگیا ہے ۔ کرشنا پٹنم، نظام پٹنم ، اور مچھلی پٹنم بندر گاہوں پر بھی چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس دوران موصولہ اطلاع میں بتایا گیا کہ آندھرا پردیش کے نیلور، تروپتی، کاکناڈا مشرقی گوداوری اور دوسرے علاقوں میں آج صبح سے بارش ہورہی ہے ۔ بارش کے سبب کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے جب کہ آئندہ12گھنٹوں کے دوران ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال مزید شدت اختیار کرسکتی ہے ۔ اس کے زیر اثر ساحلی آندھرا پدیش کے اضلاع اور رائل سیما میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے ۔ اسی مدت کے دوران تلنگانہ کے تقریبا تمام اضلاع میں ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں