سرکاری اسکیمات سے عوام کو بھرپور فائدہ پہنچانے اسد اویسی کی کارپوریٹرس کو ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-07

سرکاری اسکیمات سے عوام کو بھرپور فائدہ پہنچانے اسد اویسی کی کارپوریٹرس کو ہدایت

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ عوام نے جن توقعات کے ساتھ مجلسی امید واروں کو کامیاب بنایا ہے ، ان توقعات کو پورا کرنے کے لئے نو منتخبہ اراکین کو عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنا چاہئے ۔ صدر مجلس آج دارالسلام میں مجلس کے نو منتخبہ 44بلدی کارپوریٹرس کے ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔ اس اجلاس میں مجلسی ارکان مقننہ سید احمد پاشاہ قادری ، ممتاز احمد خان ، محمد معظم خان احمد بعلعلہ، جعفر حسین مراج، کوثر محی الدین، سید الطاف حیدر رضوی ، سید امین الحسن جعفری اور دوسرے موجود تھے ۔ اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ اللہ نے آپ کو بڑا مقام دیا ہے ۔ مقامی عوام نے آپ کو جو عزت دی ہے اس عزت کو بچائے رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے سے جماعت کا نام ہوگا اور اپنی شخصیت ابھرے گی ۔ انہوں نے نو منتخبہ اراکین کو ہر روز حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے اور اس کی جلداز جلد یکسوئی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ صدر مجلس نے کہا کہ کسی بھی سیاسی قائد کو الیکشن جیتنا ایک فیصد کاکام ہوتا ہے ۔ باقی99فیصد کام الیکشن جیتنے کے بعد شروع ہوتا ہے ۔ کیونکہ انہیں پانچ سال تک اپنے علاقہ کی ترقی کے ساتھ عوامی مسائل پر ہی توجہ دینی ہوتی ہے ۔ انہوں نے مجلسی اراکین کو اپنے حلقہ کے سرکاری اسکولس کا وقتاً فوقتاً معائنہ کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ صدر مجلس نے کہا کہ سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے ہر کارپوریٹر اپنے حلقہ کی ترقی اور عوامی بہبود کے کئی کام انجام دے سکتے ہیں ۔ پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے کارپوریٹرس کسی بھی مسئلہ پر راست ان سے یا متعلقہ رکن اسمبلی سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارپوریٹر کو حلقہ کے صدر و معتمدین ، ابتدائی مجالس کو اعتماد میں لیتے ہوئے حلقہ میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ہمیں فخر و غرور وتکبر میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران مجلس کے کئی مخالفین بھی میدان میں تھے۔ نو منتخبہ کارپوریٹرس کو بلا امتیاز حلقے کے تمام عوام کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مقامی عوام کو غیر ضروری طور پر ہراساں کرنے کی اطلاع پر خاطی کارپوریٹر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ آئندہ انتخابات میں کارپوریٹر کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی دوبارہ ٹکٹ دیا جائے گا۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ہر کارپوریٹر کو اپنے متعلقہ حلقہ کے عوام کے دکھ و درد میں بھی شریک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کارپوریٹرس کو اپنا سیل فون عوام کے لئے24گھنٹے کھلے رکھنے کابھی مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے دلت اور بیک ورڈ بستیوں میں بھی کبھی کبھی دورہ کرتے ہوئے ان کے بھی مسائل کی یکسوئی کے لئے توجہ دی جانی چاہئے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کارپوریٹرس کو بلدیہ کے بجٹ سے مکمل طور پر استفادہ کرنا چاہئے ۔ خاص طور پر پانچ روپے کھانے کی اسکیم کو اپنے حلقوں میں شروع کرنا چاہئے ۔ خواتین کو خود مکتفی بنانے والے اسکیمات کو عام کرنا چاہئے ۔ اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور کچرے کی نکاسی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے عوام کو تکلیف نہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹرس تنگ نظری کو دور کریں اور سب کے لئے کام کر کے دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نو یا دس فروری کو منتخبہ کارپوریٹرس کا ایک اور اجلاس منعقد ہوگا جس میں پارٹی کے فلور لیڈر کا انتخاب عمل میں لایاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخبہ کارپوریٹرس کی بہتر کارکردگی سے ہی2019کے اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات میں مجلس کو بھاری اکثریت سے کامیابی مل سکتی ہے ۔ کام نہ کرنے پر اس کے اثرات عام انتخابات پر پڑ سکتے ہیں ۔ اس لئے ابھی سے تمام کارپوریٹرس کو متحرک ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی حلقہ پرانا پل سے مجلسی امید وار راج موہن نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ سابق میں وہ مجلس کے کارپوریٹر رہ چکے ہیں اور سماج کے تمام طبقات میں کافی مقبول ہیں اور ان پر مقامی عوام بھروسہ کرتے ہیں ۔ اسی طرح بلدی حلقہ جام باغ سے مجلسی امید وار ڈی موہن نے اپنی منفرد شناخت بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔ مجلسی رکن اسمبلی چار مینار معتمد عمومی مجلس سید احمد پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجلس نے کامیابی کا ایک ریکارڈ بنایا ہے ۔ مجلس نے اپنے کام سے عوام میں اپنی پہچان بنائی ہے ۔ آج اس جماعت کو صرف تلنگانہ یا آندھر اپردیش ہی نہیں بلکہ ہندوستان بھر میں منفرد شناخت حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹرس کو جی ایچ ایم سی کے علاوہ متعلقہ حلقہ کے ارکان اسمبلی اور پارلیمنٹ کے بجٹ سے بھی ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کا موقع فراہم ہوتا ہے ۔ اس موقع سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس سے ارکان اسمبلی احمد بلعلہ ، جعفر حسین معراج، کوثر محی الدین، سید الطاف حیدر رضوی نے بھی خطاب کیا ۔ ابتدا میں صدر مجلس کی ہدایت پر تمام کارپوریٹر سنے اپنا تعارف کروایا ۔ اس موقع پر سینئر کارپوریٹرس ایم اے غفار، ڈی موہن راج ، ماجد حسین، سابق میئر نے اپنے تجربات پیش کرتے ہوئے نو منتخبہ کارپوریٹرس کو ترقیاتی کاموں کی اسکیمات سے واقف کرایا۔

Asaduddin Owaisi asks MIM corporators to serve people

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں