سعودی وزارت اسلامی امور نے 900 تاریخی مساجد کی حفاظت کا اعلان کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-29

سعودی وزارت اسلامی امور نے 900 تاریخی مساجد کی حفاظت کا اعلان کر دیا

جدہ
اردو نیوز (سعودی عرب)
وزارت اسلامی امور نے900 تاریخی مساجد کی مکمل حفاظت کا اعلان کردیا ۔ وزارت نے خبر دار کیا ہے کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ ان مساجد میں کسی بھی طرح کے رد و بدل ، تعمیر یا کمی بیشی کامجاز نہیں ۔ ان مساجد سے متعلق کوئی بھی کام وزارت اسلامی امور کی اجازت اور محکمہ صحت و آثار قدیمہ سے رجوع کئے بغیر نہیں کیاجاسکتا ۔ وزارت کے مشیر شیخ عبدالرحمن العسکر نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تاریخی مساجد کی دیکھ بھال کا جامع پروگرام تیار کرلیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ایسی تمام پرانی مساجد شامل کرلی گئی ہیں جو کسی قریے یا بستی یا پہاڑی علاقے یا صحرا میں مقامی ماحول سے مطابقت پیدا کرکے قائم کی گئی ہوگی ۔ اس طرح کی مساجد کی فہرست بنالی گئی ہے ۔ اصلاح و ترمیم مقررہ پروگرام کے مطابق کی جارہی ہے۔ ان میں الدرعیہ اور جدہ کی الشافعی مسجد بھی شامل ہیں جن کی ترمیم کا کام انجام دیاجاچکا ہے ۔ حال ہی میں حریملا کی مسجد کی ترمیم کی گئی ہے ۔ ایسی مساجد کی ترمیم ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہیں جو مخدوش حالت میں ہیں ۔ آئندہ مرحلے میں ایسی مساجد پر دھیان دیاجائے گا جو آباد نہیں ہیں ۔ العسکر نے توجہ دلائی کہ اسلام نے ہمیں مساجد کی حفاظت کا حکم دیا ہے۔ منہدم نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ نے اس اقدام پر وزارت اسلامی امور کے لئے قدرومنزلت کا اظہار کیا ہے۔ قضا کی تعلیم و تدریس کے لئے مختص اعلیٰ ادارے کے استاد ڈاکٹر ہشام آل الشیخ نے بتایا کہ پرانی مساجد کو آباد کرنے کا ثواب زیادہ ہے ۔ پابند اسلام لوگ نئی مسجد کے مقابلے میں پرانی مسجد میں نماز کا زیادہ اہتمام کرتے ہیں ۔ جہاں اجر میں کمی بیشی کا تعلق ہے تو اس کا دارومدار احادیث پر ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں