اردو نیوز (سعودی عرب)
مدینہ منورہ اسلامک یونیورسٹی کانفرنس کے شرکاء نے اپیل کی ہے کہ امت مسلمہ کو تفرقہ و انتشار سے بچانے کے لئے معتبر اسلامی ویب سائٹس قائم کی جائیں ۔ معاشرے سے وابستگی اور انحراف سے دوری کا کلچر عام کیاجائے ۔ بدھ اور جمعرات کو وزیر تعلیم ڈاکٹراحمد العیسی کی زیر صدارت دو روزہ کانفرنس ، جماعت سے وابستگی ، گروہ بندی سے دوری ، شرعی فریضہ اور قومی ضرورت ۔ کے زیر عنوان منعقد ہوئی ۔ افتتاح صدر شوری ڈاکٹر عبداللہ آل شیخ اور حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدید نے کیاتھا۔ مملکت کے اندر اور باہر سے علمائ، دانشور اور اسکالر کثیر تعداد میں شریک ہوئے ۔277مقالے پیش کئے گئے تھے جن میں سے67ایجنڈے شامل کئے گئے۔9علمی مباحثوں میں ان کے خلاصے بیان کئے گئے ۔ شرکاء نے متعدد سفارشات پیش کیں ۔ ان میں سے نمایاں یہ ہیں۔ معاشرے سے جڑا رہنا ، اسلام کا بڑا اہم اصول ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک اور رسول اکرم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں اس کی تاکید کی ہے ۔ اتحاد اور اتفاق صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی پہچان رہا ۔ صحابہ نے جس کے ہاتھوں بیعت کی اس کی تابعداری سے کبھی جدا نہیں ہوئے ۔ کانفرنس کے شرکاء نے اعلان کیا کہ تمام قوانین اور قواعد اور ضوابط کے اجراء کے سلسلے میں قرآن و سنت کی پابندی پر مشتمل سعودی نظام ہر لحاظ سے درست ہے ۔ مملکت کا عدالتی نظام اسلامی احکا م پر مبنی ہے ۔ خود مختار ہے ، صاف شفاف ہے۔ شرکاء نے عرب اورمسلم دنیا کو در پیش مشکلات سے نمٹنے کے لئے عرب اور اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مساعی کے لئے قدرومنزلت کا اظہارکیا ۔ انہوں نے ترغیب دی کہ قرآن و سنت سے ماخوذاحکام عام کئے جائیں ۔ تفرقہ و انتشار سے بچا جائے ۔ مسلم معاشروں کے متفقہ امور سے انحراف نہ کیاجائے ۔ قومی ہم آہنگی کا اہتمام کیاجائے ۔معاشرے کی ڈگر سے ہٹنے سے گریز کیاجائے ۔ قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کی من گھڑت تشریحات سے اجتناب برتا جائے۔ حاکم وقت کی تابعداری کی اہمیت سے واقفیت کا خاتمہ کیاجائے۔ابلاغی ذرائع ہر عمر کے لوگوں کے لئے موزوں معلومات پیش کرنے کا اہتمام کریں ۔ علمائ، دانشوراور ماہرین ابلاغ صاف شفاف معلومات مستند شکل اور عام فہم انداز میں پیش کرنے کا شیوہ بنائیں ۔ تعلیم و تربیت کے نظام میں اتحادو اتفاق پر زور دیاجائے ۔ شرکاء نے کانفرنس کے انعقاد اور اسے کامیابی سے آگے بڑھانے پر وائس چانسلر ڈاکٹرابراہیم العبید کا شکریہ ادا کیا۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں