عوام کو رام مندر سے کہیں زیادہ بہتر لا اینڈ آرڈر کی ضرورت - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-16

عوام کو رام مندر سے کہیں زیادہ بہتر لا اینڈ آرڈر کی ضرورت - مایاوتی

لکھنو
پی ٹی آئی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بی جے پی پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ2017کے یوپی اسمبلی انتخابات کے مد نظر رام مندر کا مسئلہ اٹھار ہی ہے ، آج وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دہلی اور بہار کی طرح اس ریاست کے رائے دہندے بھی ان کی ڈرامہ بازی سے متاثر نہیں ہوں گے ۔ یوپی کی سابق چیف منسٹر جنہوں نے آج اپنی60ویں سالگرہ منائی ، الزام عائد کیا کہ مرکز نے فرقہ پرست طاقتوں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے جس کے نتیجہ میں ملک میں افرا تفری پیدا ہوگئی ہے ۔ مایاوتی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ اب جبکہ یوپی اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں ۔ بی جے پی، آر ایس ایس اور دیگر تنظیمیں رام مندر کا مسئلہ اٹھا رہی ہیں جو سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے ۔ ووٹوں کی خاطر مذہبی جذبات سے کھلواڑ کام نہیں آئے گا ۔ رائے دہندوں کو محتاط رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جب کہ یوپی اسمبلی انتخابات قریب ہیں ، وزیر اعظم نریندر مودی نے سوائے اپنے حلقہ وارانسی کے ریاست کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے ۔ ریاست اب اپنی ترقی کے لئے جاگ اٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے دہلی اور بہار کی طرح ناٹک شروع کردیاہے لیکن یہاں کے عوام ان کے جال میں نہیں پھنسیں گے اور یوپی انتخابات میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ مرکز بی آر امبیڈکر کے نا م پر دلت رائے دہندوں کو رجھانے کی کوشش کررہا ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ اگر مرکز سنجیدہ ہے تو اسے بابا صاحب کے125ویں یو م پیدائش کے موقع پر دلتوں اور پسماندہ طبقات کی بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ مرکز کو تقررات میں تحفظات سے متعلق بل منظور کرنا چاہئے تھا۔ اسے غریبوں کو تحفظات فراہم کرنا چاہئے تھا۔جو دیگر ذاتوں کو منتقل ہوچکے ہیں ۔ دستور میں ترمیم کتے ہوئے اعلیٰ ذاتوں کی مدد بھی کی جانی چاہئے لیکن اس نے اس ضمن میں ایسا کچھ نہیں کیا۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران دئے گئے وزیرا عظم مودی کے اچھے دن کے نعرہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا وعدہ خواب بنارہا اور اچھے دنوں کے بجائے اب برے دن آگئے ہیں۔ اس حکومت میں سرمایہ دارون کو فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔ خام تیل کی قیمتیں33ڈالر فی بیارل تک گھٹ گئی ہیں لیکن عام آدمی کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچایاجارہا ہے ۔

Law & order bigger priority of people than Ram temple: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں