حکومت دلتوں کو بااختیار بنانے میں مصروف - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-30

حکومت دلتوں کو بااختیار بنانے میں مصروف - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیرا عظم نریندر مودی نے اپنے اولوالعزم پروگرام میک ان انڈیا میں دلتوں کی شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرہ کے نچلے طبقہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ مودی نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی125ویں جینتی کے موقع پر آج یہاں منعقدہ دلت صنعت کاروں کو ایک قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کی سماجی و اقتصادی ترقی پر زور دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے میک ان انڈیا ، ڈیجیٹل انڈیا، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ جیسی اسکیمات کا مقصد دلتوں کی ترقی اور وقار کو بڑھانا ہے ۔ اس کانفرنس کا انعقاد دلت انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے قیام کے دس سال پورے ہونے کے موقع پر کیا تھا ۔ وزیرا عظم نے کہا کہ دلت صنعت کار نہ صرف اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ اپنے آپ کو اور اپنے جیسے دوسروں کو بھی فائدہ پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے پسماندہ دلت افراد کو موقع دینے کی ضرورت ہے جس سے وہ معاشرہ کے اصل دھارے سے جڑ سکیں ۔ وزیر اعظم نے حکومت کے مختلف فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مدرا یوجنا، وینچر کیپیٹل فنڈ اور چھوٹے کاروباریوں کو بغیر ضمانت کے قرض دینے جیسی اسکیموں سے سماج کے نچلے طبقہ کو فائدہ ہوگا ۔ وزیر اعظم کی مدرا یوجنا کے تحت 80لاکھ لوگوں کو بغیر ضمانت کے قرض دیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرض لینے والے لوگوں میں درج فہرست ذاتیں و قبائل ، دیگر پسماندہ اور عورتیں شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نے دلت صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی ترقی میں مکمل تعاون کرے گی ۔ انہیں یہ یقین ہونا چاہئے کہ دہلی میں ان کی حکومت ہے ۔ اس کانفرنس میں ملک بھر کے تقریبا 1200دلت کاروباریوں نے شرکت کی ۔ مودی نے مزید کہا کہ مالیاتی شمولیت پر حکومت کی تمام تر توجہ مرکوز ہے تاکہ ملازمتیں تلاش کرنے والے نہیں بلکہ ملازمتیں پیدا کرنے والوں کو تخلیق کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اہرام کی طاقت اس کی بنیاد پر منحصر ہوتی ہے اور بنیاد میں موجود لوگوں کو طاقتور بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہندوستانی معیشت کو مستحکم بناسکیں مودی نے بابا صاحب امبیڈ کر کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ہندوستانی دستور کے معمار تھے بلکہ ایک کامیاب ماہر اقتصادیات بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے درست طور پر کہا تھا کہ صنعتیانہ سے ہمارے دلت بھائی بہنوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے گا ۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ اس تقریب میں شریک افراد کروڑہا روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں ، اور لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں ۔ ایس سی، ایس ٹی کے کاروباروں کو مدد فراہم کرنے حکومت نے200کروڑ روپے کا وینچر کیپٹل فنڈ قائم کیا ہے اور آئی ایف سی آئی کو نوڈل ایجنسی مقرر کیا ہے ۔ اس نے اب تک ایس سی ، ایس ٹی برادری کے28کاروباریوں کو144کروڑ روپے مالیتی قرض دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آپ کی حکومت ہے ۔ ہم آپ کو بااختیار بنانے کام کررہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو سال میں دلت صنعت کاروں کی تعداد دگنی ہوجائے گی جبکہ گزشتہ10سال میں ایسا ممکن ہوسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس لئے ممکن ہوسکے گا کیونکہ مرکز میں آپ کی حکومت ہے ۔ مودی نے اپنے ایک من کی بات پروگرام کی یادتازہ کی جس میں انہوں نے عوام کو نصیحت کی تھی کہ وہ نہ صرف اپنے حقوق کی بات کریں بلکہ اپنے فرائض کو بھی سمجھیں۔

Government working for Dalit empowerment: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں