فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے - مرکزی وزیر نتن گڈکری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-15

فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے - مرکزی وزیر نتن گڈکری

پاناجی
یو این آئی
جہاز رانی اور روڈ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ سماج میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مسٹر نتن گڈکری نے وزیر دفاع منوہر پاریکر کی60ویں سالگرہ کے موقع پر کل منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ طاقتیں سماج میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہین ۔ ایسے پیغام دئیے گئے کہ بی جے پی اقلیتی طبقے کے خلاف ہے اور اگر ہم اقتدار میں آئے تو اقلیتی لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کریں گے اور ان پر کافی مظالم ہوں گے لیکن ایسی تمام باتیں غلط ثابت ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاریکر نے بغیر کسی تعصب کے عوام کی ترقی کے لئے کام کیا لیکن چند سیاسی حلقے اور لیڈر اب بھی کوف میں ہیں ۔ ان کی یہ پریشانی شبہ بنام حقیقت اور زمینی حقیقت بنام تصور کی ہے ۔ ہم توسیع پسند نہیں ہیں لیکن ہم خود کسی طرح کے حملے کو بھی برداشت نہیں کریں گے ۔ ہم کمزور نہیں ہیں اور ہم دہشت گردوں کو اپنے ملک میں گھس کر تباہی مچانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم ، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع بار بار کہتے ہیں کہ ہمیں امن چاہئے ۔ یہ گاندھی جی کی سر زمین ہے جو امن کا پرچار کرنے والے تھے۔ اسی دوران وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ وہ تب تک ریٹائر منٹ نہیں لیں گے جب تک کہ ان کا کام پورا نہیں ہوجاتا۔ اپنے 60ویں یوم پیدائش کے موقع پر کل شام یہاں بڑی تعداد میں یکجا ہوئے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پاریکر نے کہا کہ میں سیاست سے ریٹائرمنٹ نہیں لے رہا ہوں ۔ جو میں کررہا ہوں پہلے اسے پورا کروں گا۔ ریاست میں آئندہ سال اپریل میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش کے تعلق سے وزیر دفاع نے کہا کہ اس نمائش کے لئے چند دنوں کے لئے زمین دی گئی ہے ۔ کئی بین الاقوامی کمپنیاں اپنے سامان دکھانے یہان آرہی ہیں اس لئے یہ ضروری ہے ۔ لوگوں کے یہاں آنے سے مقامی کاروبار اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو کافی فائدہ ہوگا جو سیاحوں کی تعداد میں کمی آنے سے پریشان تھے ۔ یہ ریاست کے لئے اہم موقع ہے ۔ مسٹر پاریکر نے شہر کے کنپال میں50ہزار سے زائد حامیوں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو کانگریس سے نہیں بلکہ لوگوں سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت ہے ۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاست کے لئے جو بھی ضروری ہوگا میں وہ سب کروں گا ۔ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے اس تقریب کے لئے پیسے کے انتظام پر سوال اٹھاتے ہوئے یہ بھی پوچھا کہ ایسے وقت جب چنئی میں سیلاب سے زبردست تباہی ہوئی ہے کوئی جنم دن کیسے منا سکتا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے اس تقریب کے لئے فنڈ کے انتظامات کی سی بی آئی سے تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا جب کہ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان پر ہر ہفتہ کے آخر میں گوا آنے کے الزامات پر وزیر دفاع نے کہا کہ گوا میرا میدان عمل ہے جسے میں کسی قیمت نہیں چھوڑ سکتا ۔ میں راجیہ سبھا مین لکھنو سے منتخب ہوا ہوں لیکن میری جڑیں گوا میں ہیں ۔

BJP's political rivals trying to communalise society: Nitin Gadkari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں