مودی حکومت گائے کی اسمگلنگ روکنے میں ناکام کیوں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-31

مودی حکومت گائے کی اسمگلنگ روکنے میں ناکام کیوں - کانگریس

کلکتہ
یو این آئی
بی جے پی اور آر ایس ایس پر بیف پر سیاست بازی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج سوال کیا کہ کہ آخر مرکزی حکومت گائے کی اسمگلنگ روکنے میں ناکام کیوں ہے؟ مغربی بنگال کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ایک طرف گائے کے نام پر سیاست جاری ہے ۔ اخلاق احمد کو گائے کھانے کے شبہ میں ماردیاجاتا ہے تو دوسری طرف ملک میں مسلسل گائے کی اسمگلنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے زیر اقتدار راجستھان گائے کی اسمگلنگ کا مرکز ہے اور یہ تمام گائیں بنگلہ دیش میں اسمگلنگ کی جاتی ہیں یا پھر فروخت ۔ بہرام پور پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت منافقت میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گائے پر سیاست صرف فائدہ حاصل کرنے کے لئے کیا جاتا ہے ۔ انہیں گائے کے تحفظ سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ چودھری نے کہا کہ مودی حکومت میں بیف اور ایکسپورٹ میں اضافہ33,000کروڑ تک پہنچ گیا ہے ۔ مودی نے چین کے دورہ کے دوران بیف کی برآمدگی پر بات چیت کی تھی ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بیف پر سیاست کے ذریعہ لوگوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ17سے18لاکھ جانور ہر سال بہار، اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ کے راستے راجستھان سے بنگلہ دیش اسمگلنگ کی جاتی ہے۔ چودھری نے کہا کہ راجستھان میں کس کی حکومت ہے جہاں تک بنگال کی بات ہے تو یہاں بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان رابطے ہیں تو سوال یہ ہے کہ آخر یہ کس کی ذمہ داری ہے ۔ کلکتہ شہر میں بیف پارٹی کے انعقاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بنگال میں گائے کے ذبیحہ کی مشروط اجازت ہے ۔ یہاں لوگ گائے بغیر کسی تنازع کے کھاتے ہیں ۔ مگر اس طرح کی دعوت کا انعقاد کرکے ایک دوسرے کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنا مناسب نہیں ہے ۔ خیال رہے کہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ لوگوں کے کھانے کی پسند و ناپسند پر روک لگانے کے خلاف کلکتہ شہر میں ایک بیف پارٹی کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ جس میں ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ و شاعر سبودھ سرکار، سابق ریاستی وزیر عبدالرزاق ملا اور سابق میئر بکاش رنجن بھٹاچاریہ نے شرکت کی تھی۔

Why is Centre unable to stop cattle smuggling: West Bengal Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں