بھگوت گیتا معلوماتی مقابلے میں حاصل انعامی رقم مسلمان لڑکی نے حکومت کو لوٹا دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-11

بھگوت گیتا معلوماتی مقابلے میں حاصل انعامی رقم مسلمان لڑکی نے حکومت کو لوٹا دی

بھگوت گیتا معلوماتی مسابقتی مقابلے میں انعام اول حاصل کرنے والی 12 سالہ مسلمان لڑکی مریم آصف صدیقی نے انعامی رقم اترپردیش حکومت کو واپس لوٹا دی ہے۔
جماعت ششم کی طالبہ مریم نے 11 لاکھ روپے کی انعامی رقم لوٹاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کو ضرورت مند بچوں کی فلاح و بہبودی کے لئے خرچ کیا جائے۔ صدیقی نے بتایا کہ وہ ضرورت مند غریب بچوں کی تعلیم کی مہم سے وابستہ ہیں اور خود کو امن کی پیامبر باور کرتی ہیں۔

مریم نے کہا "تعلیم واحد راستہ ہے جو ہماری تقدیر کو تبدیل کر سکتا ہے۔ اترپردیش حکومت کی جانب سے دیا گیا اعزاز کا حصول میرے لئے خوش قسمتی ہے۔ میرے خاندان کو خدا نے سب کچھ دیا ہے اس لئے مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے لیکن میری طرح بہت سے بچے یوں خوش قسمت نہیں ہوتے لہذا میں نے فیصلہ کیا کہ یہ رقم مجھے لوٹا دینی چاہئے۔ میری درخواست ہے کہ اترپردیش حکومت اس رقم کو ضرورت مند بچوں کی تعلیم اور انکی بہتری کے لئے استعمال کرے"۔

اسکان (International Society for Krishna Consciousness-ISKCON) نے جنوری-2015 میں بھگوت گیتا پر مبنی ایک مسابقتی مقابلے کا انعقاد کیا تھا جس میں 100 سوالات دئے گئے تھے۔ 195 اسکولوں سے شریک چار ہزار (4000) طلبا و طالبات کے درمیان ایک مسلمان لڑکی مریم صدیقی نے انعام اول حاصل کیا تھا۔
کاسموپالیٹن ہائی اسکول کی طالبہ مریم کو مختلف مذاہب کے تقابلی مطالعہ میں دلچسپی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اپنی فرصت کے اوقات میں مختلف مذاہب کا مطالعہ کرتی ہوں۔ جب مجھے اپنی استانی نے اس مقابلے کے متعلق بتایا تو میں نے سوچا کہ اس مذہبی کتاب کو پڑھنے اور جاننے کا یہ بہترین موقع ہے۔

آئی اے این ایس کے بموجب گیتا مسابقتی مقابلے میں کامیابی کے بعد سے مریم صدیقی کو جن موقر شخصیات اور اداروں کی جانب سے مختلف انعامات و اعزازات سے نوازا گیا ہے ان میں صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے علاوہ صدر کانگریس سونیا گاندھی ، راہل گاندھی ، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر تعلیمی و ثقافتی ادارے شامل ہیں۔
2/جون کو جب وزیراعلیٰ گجرات آنندی بین پاٹل نے مریم صدیقی کو اعزاز سے نوازا تو انہوں نے وزیراعلیٰ کو لڑکیوں کی تعلیم کے ضمن میں اپنا تعاون 11 ہزار کے چیک کے ذریعے پیش کرتے ہوئے بھرے مجمع کو حیرانی سے ششدر کر ڈالا تھا۔ اسی طرح 6/جون کی تقریب میں مریم صدیقی نے وزیراعلیٰ اتر پردیش کے 11 لاکھ کے چیک کو نہ صرف واپس کر دیا بلکہ اپنی جانب سے 11 ہزار کے دو چیک لڑکیوں کی تعلیم کی مہم میں بطور تعاون وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو پیش کیے۔ وزیراعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کی انعامی رقم کے حوالے سے بھی مریم کے یہی نیک ارادے ہیں۔

gita quiz winner muslim girl return prize money
Bhagwad Gita contest winner donates prize money for girl education

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں