تبصرہ کتاب - مولانا عبدالسلام نیازی - آفتاب علم و عرفان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-04

تبصرہ کتاب - مولانا عبدالسلام نیازی - آفتاب علم و عرفان

Maulana-Abdul-Salam-Niazi-book
چند ماہ پیشتر اکتوبر 2013 میں راقم الحروف نے دلی کی عبقری شخصیت مولانا عبدالسلام نیازی مرحوم و مغفور کا تذکرہ کیا تھا۔
ڈاکٹر معین الدین عقیل، عبدالحئی عابد صاحب، سید منصور شاہ، عبدالمتین منیری صاحب جیسے احباب نے ہمت افزائی بھی کی اور اہم مواد فراہم کیا یا اس کی نشان دہی کی تھی۔
اللہ تعالی نے اس کام میں ایسی برکت عطا فرمائی کہ مولانا پر مطلوبہ مواد مختلف جگہوں سے دستیاب ہوتا چلا گیا اور ایک موقع پر اردو اکادمی بہاولپور کے مالک اور معروف تحقیق مجلے "الزبیر" کے مدیر ڈاکٹر شاہد رضوی نے مولانا نیازی پر کتاب کی اشاعت کا عندیہ دیا اور خود بھی مدد (سن ستر کی دہائی میں الزبیر میں شائع ہوئے مزید اہم مضامین کی بازیابی) کے لیے آمادہ ہو گئے۔ دریں اثناء راقم کا رابطہ مولانا ابو الاعلی مودودی (رح) کے فرزند حیدر فاروق مودودی صاحب سے ہوا جنہوں نے مولانا نیزی کی دو انتہائی نادر تصاویر عنایت کیں جنہیں کتاب میں شامل کیا گیا۔ حیدر فاروق مودودی صاحب نے مولانا نیازی کے ہاتھوں اس وقت بیعت کی تھی جب وہ (حیدر فاروق) کم سن تھے۔

مذکورہ کتاب کا عنواان ہے "مولانا عبدالسلام نیازی - آفتاب علم و عرفان"
یہ عنوان حیدر فاروق مودودی صاحب کا تجویز کردہ ہے۔

دلی کے دوست فرحان بیگ نے مولانا نیازی کے مزار کی تلاش کے بعد اس کی تصاویر ارسال کیں۔ اسلام آباد کے حسن نواز شاہ صاحب نے قدم قدم پر رہنمائی فرمائی۔ دسمبر 2013 میں کتاب اشاعت کے لیے تیار تھی جب حسن صاحب کو پرانی کتابوں کے بازار سے عزیز میاں کی سوانح عمری ملی۔ گھر آکر پڑھنا شروع کیا تو ایسی دلچسپی پیدا ہوئی کہ کتاب ختم کیے بنا نہ رہے سکے تھے۔ ایک جگہ عزیز میاں کے دہلی جانے اور مولانا نیازی کے سامنے اکتساب علم کی غرض سے زانوئے تلمذ تہہ کرنے کا ازحد دلچسپ احوال موجود تھا سو یہ قصہ بھی کتاب میں شامل کرلیا گیا۔

ڈاکٹر شاہد سے یہ طے پایا تھا کہ جونہی کتاب اشاعت کے لیے جائے گی، اس بات کو مشتہر کردیا جائے گا۔ سو اب یہ کیفیت ہے کہ پندرہ سے بیس روز میں انشاء اللہ کتاب شائع ہوجائے گی۔

کتاب کا سرورق میرے کرم فرما سید معراج جامی صاحب کا تخلیق کردہ ہے جبکہ فلیپ بھی انہوں نے ہی تحریر کیا ہے۔

فلیپ کی تحریر :
اس کتاب کے مرتب راشد اشرف بنیادی طورپر ایک انجینئر ہیں۔ قیام شہر کراچی میں ہے۔
اردو ادب سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔ خودنوشتوں پر تبصرے و دیگر موضوعات پر ان کی تحریریں پاک و ہند کے اہم ادبی جرائد میں گزشتہ چار برسوں سے شائع ہورہی ہیں۔ انٹرنیٹ پر تادم تحریر تین سو سے زائد نادر و نایاب کتابوں (خودنوشت، سفرنامہ اور شخصی خاکے)کو اسکین کرکے ہر خاص و عام کے لیے پیش کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ راشد نے اب تک کم و بیش دس اشخاص کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالوں کی تکمیل کے سلسلے میں مدد کی ہے اور ان میں زیادہ تر کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ مذکورہ مقالوں کے موضوعات میں ہاجرہ مسرور، ابن صفی جیسی شخصیات شامل ہیں ،ان کے علاوہ صحافت اور ادب الاطفال کے موضوعات پر بھی مدد فراہم کرچکے ہیں۔
راشد اشرف کی ویب سائٹ ”وادی اردو ڈاٹ کام “ ادبی دنیا میں خاصی معروف ہے۔ مذکورہ سائٹ پر پاک و ہند سے شائع ہوئی اردو خودنوشتوں کا ایک ریکارڈ موجود ہے جو متفقہ طور پر انٹرنیٹ پر خودنوشتوں کا دنیابھر میں سب سے بڑا ریکارڈ تسلیم کیا جاتا ہے۔
راشد اشرف، سری ادب کے معروف ادیب ابن صفی پر دو عدد کتابیں مرتب کرچکے ہیں جو میرے ادارے سے شائع ہوئی تھیں۔ جبکہ دیگر دو کتب پر کام کررہے ہیں جن میں سے ایک مولانا چراغ حسن حسرت (مضامین کا مجموعہ) پر ہے۔
ابن صفی مرحوم پر راشد کی لکھی دونوں کتابیں ہندوستان میں کیے جانے والے کل تین عدد پی ایچ ڈی کے زیر تحقیق مقالوں کے سلسلے میں استفادے کے لیے اساتذہ کی جانب سے تجویز کی گئی ہیں۔
راشد کی یہ خصوصیت ہے کہ انہوں نے جو موضوع منتخب کیا، جو کام کیا، وہ اپنی نوعیت کا پہلا کام کہلایا۔
مولوی عبدالسلام نیازی پر پیش نظر کتا ب کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ اس سے قبل پاک و ہند میں مولوی صاحب جیسی عبقری شخصیت پر خدا جانے کیوں کسی کی نظر نہ گئی جبکہ حال یہ تھا کہ ایک خلقت ان کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کیا کرتی تھی ۔ کیسے کیسے نامی گرامی لکھنے والوں نے مولوی صاحب پر قلم اٹھایا ہے اور کس دلچسپ انداز میں ان پر لکھا ہے، اس بات کا اندازہ آپ کو کتاب کے مطالعے کے بعد ہوگا۔
مولانا مودودی، ملا واحدی، شاہد احمد دہلوی، جوش، اخلاق دہلوی، سید مسعود حسن شہاب دہلوی، سید مقصود زاہدی، نصر اللہ خاں،حیرت شملوی، مقبول جہانگیرغرضیکہ کس کس کا نام لیا جائے۔
یہ تمام تحاریر ستاروں کی مانند مختلف کتابوں میں بکھری پڑی تھیں اور اب اس کتاب میں محفوظ ہوکر گویا کہکشاں کی مانند جگمگا رہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مولوی صاحب پر اس سے قبل دہلی کے ایک صاحب نے کام کرنے کا سوچا لیکن اسے پایہ تکمیل تک نہ پہنچا پائے۔ اسی طرح لاہور سے شبیر احمد میواتی اور محمد آباد میں قیام پذیر بزرگ ادیب سید انیس شاہ جیلانی نے بھی مولوی صاحب پر کتاب مرتب کرنے کے لیے مواد جمع کیا تھا لیکن افسوس کہ وہ منصوبے بھی بوجوہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔
راشد اشرف کو مولوی صاحب سے ایک نوع کا لگاؤ بچپن ہی سے تھا۔ یہ اوائل عمری ہی سے مختلف کتابوں میں مولوی صاحب کا تذکرہ پڑھتے آئے تھے ۔ یہ بات میرے لیے باعث مسرت و انبساط ہے کہ ”مولانا عبدالسلام نیازی۔آفتاب علم و عرفان“ پیش کرنے کی سعادت راشد ہی کے حصے میں آئی ہے۔ راشد نے اس کتاب کا مقدمہ بڑی محنت سے لکھا ہے اور مختلف لکھنے والوں کے مضامین و خاکوں کا ایک تقابلی جائزہ نہایت عمدگی سے پیش کیا ہے۔
یہ مولوی صاحب کے نام ہی کی برکت تھی کہ مولانا ابو الاعلی مودودی کے فرزند حیدر فاروق مودودی نے راشد سے اپنی حد درجے مصروفیت کے باوجود شفقت برتی اور انہیں کتاب میں شمولیت کے لیے مولوی صاحب کی دو عدد نادر تصاویر فراہم کیں۔ اسی طرح دلی کے ایک صاحب نے راشد کی درخواست پر مولوی صاحب کی قبر بدقت تمام تلاش کی او راس کی تصاویر فراہم کیں۔ اور بھی کئی لوگوں نے اس سلسلے میں دست تعاون دراز کیا ۔ راشد کہتے ہیں کہ یہ کام ان قابل احترام شخصیات کے تعاون کے بغیر اس انداز میں کبھی مکمل نہ ہوپاتا ۔
میں ان تمام باتوں سے بخوبی واقف تھا اس لیے کہ راشد اشرف مجھے گاہے گاہے اس سلسلے میں ہونے والی تمام پیش رفت سے آگاہ رکھتے تھے اور میں سوچتا تھا کہ اللہ تعالی کی مدد بھی کس کس طرح اور کن کن ذرائع سے نصیب ہوتی ہے بس ایک شرط ہے اور وہ یہ کہ انسان کی نیت درست ہو اس کا ارادہ مصم ہو اس کا کام بے لوث ہواور دوسروں کو فائدہ پہنچانے والا ہو۔اور میں یہ بات وثوق سے کہتا ہوں کہ زیرنظر کتاب کی تیاری کے دوران راشد اشرف انہی تمام باتوں پر عمل پیرا رہے تھے۔

نہ جانے کیوں مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس کتاب کی اشاعت پر مولوی صاحب بھی راشد سے خوش ہوئے ہوں گے۔

سید معراج جامی ،کراچی
شاعر، ادیب، مدیر و ناشر

کتاب میں شامل فہرست مضامین بھی ذیل میں ملاحظہ فرمائیں :

نمبر شمارمضمونمضمون نگاردیگر تفصیل
1مولانا عبدالسلام نیازی ۔ گفتارِ ہیبت و جلالانجینئر راشد اشرف--
2دیباچہڈاکٹر شاہد حسن رضوی--
3وادی جمنا سے وادی ہاکڑہ تکمسعود حسن شہاب--
4مولانا عبدالسلام نیازی دہلویمسعود حسن شہاب--
5دلّی کے ایک پڑھے لکھے شخصرزی جے پوری(ستر کی دہائی میں شائع ہوا)
6مولوی عبدالسلام نیازیسید مقصود زاہدی--
7دلی جو ایک شہر تھاملا واحدی--
8یاران نجدمقبول جہانگیر--
9ادب اور ادیب سید مودودی کی نظر میںسفیر اختر--
10انٹرویوحیدر فاروق مودودی--
11مولانا عبدالسلام دہلویشاہد احمد دہلوی--
12مولانا عبدالسلامجوش ملیح آبادی--
13مولوی عبدالسلام ۔ ایک جلالی عالماخلاق احمد دہلوی--
14مولانا عبدالسلام نیازینصراللہ خاں--
15محفلے دیدمحیرت شملوی--
16مولانا عبدالسلام نیازیخلیق انجم--
17مقبوضہ ہندوستانسید انیس شاہ جیلانی(سفرنامہ)
18مولانا عبدالسلام نیازیشاہد احمد دہلوی--
19عبدالسلام نیازی دہلویانور سدید--
20جائزہخواجہ محمد احمد صمدانی--
21پھر وہی بیاں اپنا اخلاق احمد دہلوی--
22دلی کی چند یادگار زمانہ ہستیاںعشرت رحمانی--
23مولانا عبدالسلام نیازیمحمد ذکی الدہلوی--
24مولوی عبدالسلام نیازیعزیز میاںسوانح
25چند مکاتیب--شرح ۔ وحدت الوجود الشہود


***
Rashid Ashraf
ای-میل : zest70pk[@]gmail.com
ویب سائٹ : وادئ اردو
راشد اشرف

"Maulana Abdul Salam Niazi - Aftaab-e-Ilm o Irfaan" a Collection of Biographical articles. Reviewer/Compiler: Rashid Ashraf

3 تبصرے:

  1. ایک اطلاع ہے، یہ اشتہار کی شکل میں ہے اور میری تیسری کتاب سے متعلق ہے، یہاں درج کررہا ہوں۔ کتاب کے چند ہی نسخے مجھے ملیں گے مگر کب تک، یہ کہنا مشکل ہے۔ میری خواہش ہے کہ آپ احباب اسے ڈاکٹر شاہد رضوی سے منگوا لیں، اگر کوئی دقت نہ ہو تو۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے راشد اشرف کی تیسری کتاب ”مولانا عبدالسلام نیازی۔آفتاب ِعلم و عرفان“ ،اردو اکیڈمی بہاولپور سے شائع ہوگئی ہے۔
    مولانا نیازی دلی کی عبقری شخصیت تھے جن پر مختلف مشاہیر ادب کے لکھے مضامین کو کتاب میں یک جا کیا گیا ہے۔
    کتاب کا عنوان مولانا ابوالاعلی ٰ مودودی کے فرزند حیدر فاروق مودودی کا تجویز کردہ ہے۔
    اردو اکیڈمی کا پتہ یہ ہے:
    ۳۳ سی، ماڈل ٹاون اے(A)، بہاولپور ۔ فون: 062 2731934
    سیل فون نمبر: 0300 9684150 ، ڈاکٹر شاہد رضوی، مدیر الزبیر (اردو اکیڈمی)
    ای میل: editor.alzubair@gmail.com
    چار سے پانچ روز بعد مذکورہ کتاب کراچی اردو بازار میں ویلکم بک پورٹ اور فضلی سنز سے بھی حاصل
    کی جاسکتی ہے۔
    قیمت: 400 روپے ۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. ہندوستان میں کتاب کے حصول کے لیے رابطہ کیجیے:
    محمد انیس الدین
    پلاٹ نمبر B-6 آفرین
    ٹیچرس کالونی
    پوسٹ بکس کھام گاو ¿ں سٹی
    ضلع بلڈانہ
    ریاست مہاراشٹر ( انڈیا) 444303
    برقی پتہ:
    anis_riz@yahoo.com
    رابطہ نمبر: :9422884848

    جواب دیںحذف کریں
  3. کیا کتاب ان لائن پڑھنے کے لئے دستیاب ہے کہیں؟

    جواب دیںحذف کریں