ادارۂ ادب اسلامی ہند مہاراشٹر کی دسویں سالانہ ادبی کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-04

ادارۂ ادب اسلامی ہند مہاراشٹر کی دسویں سالانہ ادبی کانفرنس

بیڑ
سراج آرزوؔ کے ذریعے
ادارۂ ادب اسلامی ہند مہاراشٹر کی دسویں سالانہ ادبی کانفرنس کا انعقاد بعنوان ’’ اردو ادب میں اسلامی روایات‘‘بمقام ،کے۔کے ،لان ،اچلپور(ضلع امراوتی ) ہوا۔اس کانفرنس کے پہلے سیشن کا آغا ز جناب ڈاکٹر محمود شیخ(جبلپور)کی صدارت میں دوپہر 2.30کو ہوا۔ تلاوت کلام پاک کافریضہ جناب محمد صفی انوریؔ صاحب (بیڑ)نے انجام دیا۔ اختتامی کلمات جناب محمد ابراہیم خان صدرادارۂ ادب اسلامی ہند مہاراشٹر نے پیش کیے۔ بعد ازاں جناب آغاغیاث الرحمٰن ، ناگپور نے’’ کلاسیکل اردو ادب میں اسلامی روایات‘‘جناب ڈاکٹر محمد یحیٰ جمیل (امراوتی) نے ’’ ترقی پسند ادب میں اسلامی روایات‘‘ اور جناب ڈاکٹر زینت اللہ جاویدؔ (ناگپور)نے ’’ جدید ادب میں اسلامی روایات‘‘ ان ذیلی عنوانات پر پُر مغز مقالات پیش کیے۔
اس مرتبہ’’ حفیظ میرٹھی ادبی اعزاز‘‘ جناب شاہ حسین نہری ، اورنگ آباد اور ’’ ڈاکٹر عصمت جاوید‘‘ ادبی اعزاز ’’ جناب ڈاکٹر محمود حسن الٰہٰ آبادی کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ اعزازات پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب اسلم غازی ؔ ، سیکریٹری ادارۂ ادبِ اسلامی ہند نے فرمایا کہ یہ اعزاز جو پندرہ ہزار روپئے نقد ، مومنٹو اور شال کی صورت میں ہوتا ہے ادارے نے 2008سے جاری کیا ہے۔ ادارہ ہر سال ایک کتاب بھی شائع کرتاہے۔ امسال جناب کبیر حنفیؔ اچلپور کے شعری مجموعے ’’ ضیائے سخن ‘‘ کی اشاعت عمل میں آئی۔ کانفرنس میں اس کتاب کا اجراء جناب شاہ حسین نہری ؔ کے ہاتھوں ہوا، جبکہ ’’ ہر سخن اس کا اِک مقام سے ہے ‘‘ اس عنوان سے کتاب میں شامل اپنا مضمون ڈاکٹر سید صفدر ، امراوتی نے پیش کیا ۔
آخر میں ڈاکٹر محمود شیخ نے علم و ادب کے قدیم گہوارے او ربرار کی راجدھانی اچلپور میں اپنی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی موضوع اور پڑھے گئے مقالات پر اپنے زرین خیالات سے سامعین کو مستفیض فرمایا۔ اس کانفرنس میں شہر و اطراف شہر کے ادب نواز دوستوں نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی۔
رات 9.00بجے اسی ہال میں جناب شاہ حسین نہری کے زیر صدارت آل انڈیا مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں جناب شاہ حسین نہری ، زینت اللہ جاویدؔ ، محبوب راہیؔ ، محمود شیخ، اسلم غازیؔ ، وکیل انجمؔ ، ابراہیم شوقؔ ،کبیر حنفی ؔ ، متین ؔ اچلپوری،انس نبیل ؔ ، ساخرؔ انصاری، رفیق ناگپوری، محمد علی شاداںؔ ،جانی شیداؔ ، ارشاد احمد ارشد، معین مخفیؔ ، نعیم واقفؔ اور اسماعیل رازؔ نے سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ فرمایا۔
کانفرنس کے کنوینر جناب متینؔ اچلپوری نے مشاعرے کے نظامت کے فرائض بھی بحسن و خوبی انجام دئیے۔ شہر کے ادب دوست اور مشاعر جناب مشتاق احمد مشتاقؔ نے حسب دستو ر اس علمی و ادبی پروگرام کے لئے بلامعاوضہ اپنا یہ وسیع و عریض ہال پیش کیا۔ موصوف کے اس مثالی جذبے کی ستائش پر کانفرنس اور مشاعرہ اختتام پذیر ہوئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں