اردو کو جدید تکنالوجی سے جوڑنے کی ضرورت - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-09

اردو کو جدید تکنالوجی سے جوڑنے کی ضرورت - کپل سبل

وزارت مواصلات و اطلاعات کے کمیٹی روم میں مرکزی وزیر مواصلات کپل سبل کی سربراہی میں اہم اجلاس کا انعقاد ہوا جن میں اردو زبان کو جدید ٹکنالوجی بالخصوص سائبر اسپیش سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ اردو بولنے والوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ اردو اور نئی ٹکنالوجی پر بات کرتے ہوئے کپل سبل نے ہندوستان کے اپنے سرچ انجن کی فراہمی پر زور دیا اور اس میں اردو کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ جولائی تک اس میں انگریزی اور ہندی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں معلومات کے حصول کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ کپل سبل نے کہاکہ صرف یہ کہہہ دینا کافی نہیں کہ اردو ایک خوبصورت زبان ہے اور اسے اپنانا چاہئے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں جدید ٹکنالوجی سے اس کی ہم آہنگی اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں انہوں نے اس بات پر اپنی رضامندی ظاہر کی کہ مختلف سافٹ وئیر میں اردو کے استعمال کی سہولت ہونی چاہئے اس کے علاوہ اردو او۔سی ۔ آر جو طویل عرصے سے اردو اور جدید ٹکنالوجی کی راہ میں حائل ہے اس کی تیاری بھی جلد ازجلد یقینی بنائی جائے۔ کپل سبل نے ڈاکٹر خواجہ اکرام کے اس مشورے کا بھی خیرمقدم کیا کہ اردو بولنے والے علاقوں میں نیوز اسکرولر لگایاجائے جس پر ارود میں خبروں کے ساتھ ساتھ حکومتی اسکیموں سے بھی باخبر کیا جاسکے۔ انہوں نے اس مشورے پر جلد ازجلد عمل درآمد کی تاکید کی۔ انہوں نے قومی کونسل کے اس مشورے پر بھی اپنی رضامندی کا اظہار کیا کہ آکاش ٹیبلٹ کے ساتھ ایک میموری چپ طالب علموں کو دی جائے جس میں اردو سیکھنے کا سافٹ وئیر، ہندوستان کی مشہور شخصیات پر مبنی مختصر فلمیں، جنرل نالج ڈیٹا بینک اور دیگر تعلیمی مواد شامل کیا جائے جس سے نوجوانوں میں تعلیم کا اعلیٰ شعور پیدا ہوا اور اردو زبان کو بھی عہد حاضر کے تقاضوں سے جوڑا جاسکے۔ اردو کونسل اور این آئی ای ایل ای ٹی کے اشتراک سے تیار کئے جانے والے اس کورس کو حتمی شکل دینے کیلئے مرکزی وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل جتن پرساد اور مرکزی وزیر مواصلات کپل سبل کے درمیان ایک اہم میٹنگ جلد ہی متوقع ہے۔ اجلاس میں اردو کونسل کے وائس چیئر مین پروفیسر وسیم بریلوی اور ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے اردو کے فروغ کیلئے وزارت مواصلات کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقیی دہانی کی۔ اجلاس میں وزیر مواصلات کپل سبل، قومی کونسل کے وائس چیئرمین وسیم بریلوی، قومی کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام الدین اور سی ڈیک کے افسران اور جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر راجندر پرساد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبر : اردو کو گوگل سرچ سے مربوط کرنے مساعی - کپل سبل

urdu need to connect with modern technology - kapil sibal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں