مغربی بنگال اردو اکاڈمی میں بیادِ انیس رفیع شامِ افسانہ کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2025-07-26

مغربی بنگال اردو اکاڈمی میں بیادِ انیس رفیع شامِ افسانہ کا انعقاد

west-bengal-urdu-academy-shaam-e-afsana-anis-rafi-memorian

مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی جانب سے بروز جمعہ 25/جولائی 2025ء کی شام انیس رفیع کی یاد میں افسانے کی محفل سجائی گئی جس میں صدر ف۔ س۔ اعجاز نے اپنا افسانہ "البینو" ، انیس النبی نے "آشیانہ"، جاوید نہال حشمی نے "خواب گزیدہ"، عذرا مناظ نے "خانہ بدوش"، مبارک علی مبارکی نے "پیپر ویٹ" اور اصغر شمیم نے "سائی بورگ" نامی خوبصورت کہانیاں پیش کیں۔
اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے صدر جلسہ ف س اعجاز نے کہا کہ منشی پریم چند جیسے افسانہ نگار اب پیدا نہیں ہو سکتے، ہونا بھی نہیں چاہئے۔ اب تو ہمارے درمیان جو لوگ ہیں وہی دوسرے پیدا نہیں ہو سکتے۔ ہم میں سے ہر فنکار ایسا ہو جس کی نقالی نہیں کی جا سکے اور جو ہمارے درمیان ہے تو ہمیں افسانہ کی طرف سے اور اس کے مستقبل کی طرف سے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ جن افسانہ نگاروں نے آج افسانے پیش کئے ان کی تخلیق تو الگ ہوگی لیکن ان کی نقالی نہیں کی جا سکتی۔
آج ہمارے درمیان انیس رفیع موجود نہیں ہیں۔ اندر سے دل پسیجتا ہے۔ ماہنامہ 'انشاء' کی ایسی کوئی بھی محفل منعقد نہیں ہو سکی تھی جس میں وہ موجود نہ رہے ہوں۔ ان کی اہمیت کو بنگال کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر دبیر احمد ایسی چیزوں میں کبھی غفلت نہیں کرتے بلکہ موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ یہ انیس رفیع کی یاد میں ایسی شام ہے جو افسانے سے منور ہو رہی ہے۔ اس شام جو تمام رنگا رنگ افسانے سنے گئے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج بھی ہر طرح کا افسانہ نئے سامعین کو سنایا جا سکتا ہے۔
واضح ہو کہ ف س اعجاز ماہنامہ 'انشاء' کے مدیر ہیں۔ انہوں نے انیس رفیع کے حوالے سے مزید کہا کہ 'انشاء' کے عالمی افسانہ نمبر میں ان کا افسانہ شامل ہے جس کا نام "ترشنا" ہے۔ یہ بہت ہی اچھا افسانہ ہے۔


اس سے قبل ایوارڈ سب کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر دبیر احمد نے کہا کہ اردو دنیا انیس رفیع کا نام بھلانے سے قاصر ہے۔ ان کی کمی ہر جگہ محسوس ہوتی ہے۔ آج ہم سب انہیں یاد کرتے ہوئے افسردہ اور غمزدہ ہیں۔ یہ دنیا فانی ہے۔ انیس رفیع ہمارے دل کے نہاں خانوں میں موجود ہیں۔ انیس رفیع ہمارے دلوں کا حصہ ہیں۔ ہمارا مقصد حیات اردو ادب کی خدمت کرنا ہے۔ اکاڈمی مایوس نہیں ہے۔ ہم کارواں بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ آنے والی نسلیں ان پر فخر کر سکیں۔
فنکشن سب کمیٹی کے چیئرمین سید محمد شہاب الدین حیدر نے کہا کہ اکاڈمی کی نئی کمیٹی 2011ء میں بنی تو انیس رفیع برابر پروگراموں میں شرکت کرتے رہے۔ وہ بہتر افسانہ نگار کے ساتھ بہتر انسان بھی تھے۔ وہ افسانے کی محفل کی جان ہوا کرتے تھے۔ ان کی گذارش پر حال ہی میں حج سے لوٹیں عذرا مناظ نے دعا کی۔ شرکاء میں حلیم صابر، مختار علی، اشتیاق احمد راجو، منصور حسن، شوکت علی و دیگر شامل تھے۔


Sham-e-Afsana organized at West Bengal Urdu Academy, Kolkata in memorian of renown Short story writer Anis Rafi.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں