بغداد سے مدینہ منورہ تک - سفرنامہ از احمد سعید ملیح آبادی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-10-03

بغداد سے مدینہ منورہ تک - سفرنامہ از احمد سعید ملیح آبادی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

baghdad-se-madina-e-munawwara-tak-travelogue

ہندوستان کے نامور اور ممتاز اردو صحافی احمد سعید ملیح آبادی (پیدائش: 25/ستمبر 1926ء) طویل علالت کے بعد بروز اتوار 2/اکتوبر کو لکھنؤ کے اسپتال (سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) میں انتقال کر گئے۔ وہ معروف عالم دین مولانا عبد الرزاق ملیح آبادی کے فرزند، سابق رکن راجیہ سبھا اور غالب ایوارڈ یافتہ تھے۔ کلکتہ کے مشہور اردو روزنامہ "آزاد ہند" کی ادارت کے فرائض انجام دیتے ہوئے انہوں نے اس اخبار کو مقبولیت کی بلندی پر پہنچایا تھا۔ کلکتہ کی اردو صحافت میں آزاد ہند اخبار اور احمد سعید ملیح آبادی کا جو مقام تھا، اس کا اندزہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کلکتہ میں اردو صحافت کا ذکر احمد سعید ملیح آبادی اور آزاد ہند اخبار کے تذکرے کے بغیر ادھورا تصور کیا جاتا ہے۔
احمد سعید اترپردیش کے مردم خیز خطے اور جوش کی سرزمین "ملیح آباد" میں جنگ آزادی کے متوالے ایک پٹھان خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ یوں تو اس مردم خیز سرزمین کی کئی قابل ذکر شخصیتوں نے بین الاقومی شہرت پائی لیکن احمد سعید ملیح آبادی کے والد مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی کو امام الہند مولانا ابولکلام آزاد سے گہری نسبت اور ترجمانی کے باعث ایک خاص مقام حاصل ہوا۔ مولانا عبدالرزاق ملیح آبادی نے خود بھی جنگ آزادی میں حصہ لیا اور مولاناآزاد کے علاوہ پنڈت جواہر لال نہرو کے جیل میں رفیق خاص رہے۔ ان کے لائق فرزند احمد سعید ملیح آبادی کے بھی پنڈت نہرو کی تین پشتوں سے قریبی تعلقات رہے۔
احمد سعید ملیح آبادی کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت کے بطور ان کا ایک یادگار سفرنامہ "بغداد سے مدینہ منورہ تک" قارئین کی خدمت میں پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 6 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


اس کتاب کے تعارف میں صاحبِ کتاب لکھتے ہیں ۔۔۔

یہ کتاب تین عرب ملکوں اردن، عراق اور سعودی عرب کا سفرنامہ ہے۔ یہ سفر دسمبر 1997ء میں ہوا اور جنوری 1998ء میں سفرنامہ قسط وار "آزاد ہند" میں شائع ہوا۔ جناب کلیم الدین شمس، وزیر خوراک و سپلائی حکومت مغربی بنگال، ہم سفر تھے۔ سفرنامہ کو کتابی شکل میں شائع کرنے انہوں نے تجویز پیش کی۔ اس خیال سے سفرنامہ پر نظرثانی کرتے ہوئے جابجا ضروری معلومات کا اضافہ بھی کیا گیا۔ اس طرح یہ داستانِ سفر طویل بھی ہو گئی اور بعض تاریخی واقعات کا وزن بھی بڑھ گیا۔
منزل مقصود تو مکہ معظمہ تھی کہ ہم عمرہ کرنے جا رہے تھے۔ ارض مقدس جانے سے پہلے اردن کے راستے عراق گئے۔ اس طرح اردن، عراق اور سعودی عرب، تین ملکوں کا طوفانی دورہ ہو گیا۔ اس مبارک سفر میں ہمارے جو مشاہدات اور تاثرات ہوئے وہ اس کتاب میں درج ہیں۔ سفر میں آدمی بہت کچھ سیکھتا ہے، نت نئے تجربوں سے گزرتا ہے، نگاہ کشادہ ہوتی ہے اور معلومات بڑھتی ہیں۔ 1991ء کی جنگِ عراق کے بعد شاید میں پہلا اردو صحافی ہوں جسے عراق جانے اور اسے قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ بغداد میں چند دن کے مختصر قیام میں جو کچھ دیکھا، سنا اور جانا، اس کی یہ روداد ہے۔ زیادہ دن وہاں رہتے اور زیادہ اسٹڈی کرنے کا موقع ملتا تو اور بھی بہت کچھ تفصیل مل سکتی تھی۔ سفرنامے، تاریخ کا بیان نہیں ہوتے، وہ تو کسی ملک میں سیاح کی فقط سیر ہوتی ہے۔ ہاں وقت گزرنے کے ساتھ سیاح کا سفرنامہ، تاریخ کا ایک حصہ بن جاتا ہے جب مستقبل کا مورخ اس پر نظر ڈالتا ہے۔ آج کی یہ داستانِ سفر، کل کی تاریخ ہے۔


***
نام کتاب: بغداد سے مدینہ منورہ تک (سفرنامہ)
مصنف و ناشر: احمد سعید ملیح آبادی
سن اشاعت: مئی 1998ء
تعداد صفحات: 130
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 6 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Baghdad Se Madina Munawwara Tak.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفیہ کتاب (پیش لفظ از احمد سعید ملیح آبادی)3
بزیارت بغداد شریف اور عمرہ (کلیم الدین شمس)6
باب:1بغداد سے مدینہ منورہ تک11


Baghdad Se Madina Munawwara Tak, travelogue by Ahmad Saeed Malihabadi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں