الحسنات - رمضان نمبر - شمارہ ستمبر 1976 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-04-03

الحسنات - رمضان نمبر - شمارہ ستمبر 1976 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

alhasanat-sept-1976-ramzan-number

مولانا ابو سلیم محمد عبدالحیؒ (پیدائش: یکم/دسمبر 1910ء - وفات: 16/جولائی 1987ء)
پنجاب کے ایک نو مسلم خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ آپ جماعت اسلامی ہند کے دورِ اول کے عظیم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوری کے رکن بھی رہے۔ آپ ایک اچھے مدیر، اچھے ادیب، اور اچھے منتظم کے ساتھ ساتھ ایک بہترین منصوبہ ساز بھی تھے۔ مختلف اردو مجلات کا اجراء، ادارہ الحسنات کا قیام، افرادِ کار کی تیاری، لڑکیوں کی عظیم درسگاہ جامعۃ الصالحات کی تاسیس، اور قرآن مجید کے ہندی ترجمہ کے علاوہ ہندی زبان میں اسلامی لٹریچر کی منتقلی آپ کے چند نمایاں کارنامے ہیں۔
سنہ 1946 کے دوران پٹھان کوٹ (پنجاب) میں مولانا مودودیؒ سے ملاقات کے بعد مولانا ابو سلیم محمد عبدالحیؒ کو ایک نیا حوصلہ ملا تھا۔ لہذا آپ نے رامپور واپس آتے ہی ایک نئے رسالے کا اجراء کرنے کا فیصلہ کر لیا، اور جنوری 1947ء میں ماہنامہ "الحسنات" کا پہلا شمارہ منظر عام پر آ گیا۔ اس کے سرورق پر نیچے یہ عبارت آویزاں تھی کہ "مسلمان عورتوں، لڑکیوں، اور لڑکوں کی ذہنی اصلاح کے لیے"، اور سرورق پر شروع میں بسم اللہ کے بعد قرآن مجید کی یہ آیت "ان الحسنات یذھبن السیئات"درج تھی۔ رسالے میں بیشتر مضامین خود آپ کے اپنے تھے۔
رسالہ "الحسنات" کے شمارہ ستمبر-1976 میں رمضان المبارک کا خصوصی گوشہ شامل کیا گیا تھا۔ یہی شمارہ رمضان 1443ء (2022ء) کے آغاز پر قارئین کی خدمت میں بشکل پی۔ڈی۔ایف فائل پیش ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


زیرنظر شمارے کے اداریہ میں مدیر اعلیٰ مولانا ابو سلیم محمد عبدالحئی لکھتے ہیں ۔۔۔

۔۔۔ ہم سب کو اللہ کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ اس نے ہماری مہلتِ عمل میں اتنی وسعت عطا فرمائی کہ ہم ایک بار پھر رمضان کے ایام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ہم نے اس شمارے میں کچھ مضامین رمضان کی مناسبت سے شائع کیے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے مطالعہ سے آپ کے اندر روزوں کا شوق پیدا ہوگا اور روزہ جیسی عبادت کو بہتر طریقہ پر انجام دینے کے لیے جذبات ابھریں گے۔ خدا کرے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے وہی فائدے اٹھا سکیں جو مطلوب ہیں۔ رمضان کے مہینہ میں قرآن سے زیادہ سے زیادہ مناسبت پیدا کرنا، اسے پڑھنا اور سمجھنا، بہت بڑی سعادت ہے۔ اس فائدے کی طرف سے غفلت نہ برتئے۔
جہاں تک ممکن ہو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی صورتیں پیدا کیجئے۔ بہت ہی مبارک ہیں وہ لوگ جو اس مہینہ میں قرآن کے مطالعہ کے لئے کچھ اجتماعی نشستوں کا اہتمام کر سکیں۔ قرآن پڑھا جائے، سمجھا جائے اور لوگوں میں یہ حوصلہ پیدا کیا جائے کہ وہ اپنی زندگیوں میں زیادہ سے زیادہ قرآنی رنگ پیدا کر سکیں۔ قرآن میں عقائد کی تعلیم ہے، اعمال کی ہدایات ہیں۔ اخلاق و معاشرت کے اصول ہیں۔ غرض یہ ہے کہ بہت کچھ ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔ ان اجتماعی صحبتوں میں کوشش کرنا چاہیے کہ متعین طور پر ایسی باتیں لوگوں کے سامنے آ جائیں جنہیں وہ اختیار کرنے کی کوشش کریں اورایسی باتیں آ جائیں جن سے پرہیز کریں۔ موجودہ ماحول میں قرآن خوانی اور قرآن فہمی کے لئے ایسی مجلسوں کا قیام بہت اہم کام ہے۔ قرآن میں ہمارے لئے سب کچھ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس میں سے اپنے ظرف کے مطابق اپنا حصہ حاصل کر سکیں۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان ایام سے فائدہ اٹھانے کی سعادت عطا فرمائے اور قرآن کو ہمارے لئے زندگی کا نور بنا دے۔


یہ بھی پڑھیے:
ابوسلیم محمد عبدالحی - مضمون: ابن اسد
***
نام رسالہ: ماہنامہ الحسنات - رامپور (ستمبر 1976 ، رمضان نمبر)
مدیر: ابوسلیم محمد عبدالحئی
تعداد صفحات: 122
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Alhasanat Sept 1976.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

الحسنات (رمضان نمبر - ستمبر 1976) :: فہرست
نمبر شمارتخلیقتخلیق کار

Alhasanat, Monthly magazine from Rampur, issue: Sept. '1976, Ramzan Spl. Issue, pdf download.

1 تبصرہ:

  1. ماہنامہ الحسنات میں سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے عنوان پر کچھ نعتیہ اشعار کا مطالعہ کرنے کو ملے تھے جو ایک طویل نعتیہ اشعار کی صورت میں پوری نظم تھی، مجھے شمارہ نمبر یا تاریخ تو یاد نہیں البتہ وہ اشعار کچھ یادیں ذہن نشین ہیں ممکن ہو تو ماہنامہ کے پرانے شمارہ جات میں تحقیق کرکے معلوم کیے جاسکتے ہیں کیونکہ وہ تمام اشعار ماہنامہ میں شائع ہوئے تھے اس نعت کے چند اشعار ملاحظہ فرمائیں ۔ میرے امی لقب میرے شاہ عرب تیری عظمت کا کیا تذکرہ ہو سکے ؟ تیری عظمت شفق زار دوراں میں میں ھے ،مسکراہٹ تیری صبحِ خنداں میں ہے ،تیری شائستگی بزم طوفاں میں ہے، عکس سطوت تیرا جوش طوفاں میں ھے میرے امی لقب میرے شاہ عرب تیری عظمت کا کیا تذکرہ ہو سکے تیری عظمت کا کیا تذکرہ ہو سکے؟

    جواب دیںحذف کریں