پرانا شہر حیدرآباد میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے سڑکوں اور پلوں کے تعمیراتی کام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-03-13

پرانا شہر حیدرآباد میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے سڑکوں اور پلوں کے تعمیراتی کام

bahadurpura-hyderabad-flyover

وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی کی جانب سے مطالبات زر پر مباحث کے دوران اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ پرانا شہر میں اب تک 577 کروڑ روپے خرچ کرتے ہوئے سڑکوں کی توسیع کی گئی ہے ، جو کام باقی ہیں ان کو بھی جلد پورا کیا جائے گا۔
اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت پرانے شہر میں 1451 کرور روپے خرچ کرتے ہوئے بریجس اور سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ بہادر پورہ فلائی اوور کا جاریہ سال اپریل میں افتتاح عمل میں آئے گا۔ دوسرے مرحلہ میں ایس آر ڈی پی کے تحت پرانا شہر میں مزید 555 کروڑ روپے کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ کے لئے اب تک 33 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ قومی سطح کی ایک ایجنسی کو کاموں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مزید 33 کروڑ روپے خرچ کرتے ہوئے کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔
پرانا شہر میں مرغی چوک مارکٹ (چوکِ مرغاں) کی تعمیر و مرمت 36 کروڑ روپے کی لاگت سے کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ میر عالم منڈی کی تعمیر اور تزئین نو کے لئے 21 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کا بجٹ ابھی پیش نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستی بجٹ اجلاس کی اسمبلی میں تکمیل کے بعد جاریہ ماہ کے اختتام تک بلدیہ کا بجٹ بھی منظور کیا جائے گا۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ پرانے شہر کی ترقی کے لئے حکومت ممکنہ اقدامات کرے گی۔ اسٹریٹجک نالہ ڈیولپمنٹ پلان کے ذریعہ بھی پرانا شہر میں نالوں کی صفائی ، بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ پرانا شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے لئے بجٹ میں 500 کروڑ روپے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ علاوه ازیں انٹرنیشنل ایر پورٹ کو بھی میٹرو ریل سے جوڑا جا رہا ہے۔


قبل از میں قائد مجلس نے موسی ندی پر بریجس کی تعمیر، چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی جلد تکمیل، سڑکوں کی توسیع، ایس آر ڈی پی کے تحت نئے بریجس کی تعمیر کے مطالبات کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ (چندرائن گٹہ) میں حافظ بابا نگر میں 2، بنڈلہ گوڑہ میں ایک سڑک کی توسیع کے کاموں کی تجاویز دی گئی تھیں۔ اولڈ سری سیلم ہائی وے کی توسیع کا کام بھی گذشتہ 10 سال سے التواء کا شکار ہے۔ چار مینار اور بہادر پورہ کی اہم سڑک جس کی توسیع کے لئے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے حکومت سے نمائندگی کی تھی ، وہ بھی مکمل نہیں کی گئی۔
نامپلی میں بھی ایک اہم سڑک پر ٹریفک کے سنگین مسائل ہیں اس کی بھی توسیع کے کام مکمل کرتے ہوئے اس مسئلہ سے عوام کو نجات دلائی جائے۔ جناب اکبر اویسی نے پرانا شہر میں تالابوں کے تحفظ کے لئے فنڈس کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے پھر ایک مرتبہ بتایا کہ مجلس کی مسلسل نمائندگی کے نتیجہ میں حکومت کی جانب سے پرانا شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے لئے 500 کروڑ روپے حکومت نے منظور کئے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ یہ کام جلد شروع کئے جائیں گے۔


Govt will boost roads and bridges infra in Old City: KTR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں