مقالاتِ اچھے مرزا
رئیس امروہوی (پیدائش: 12/ستمبر 1914ء - وفات: 22/ستمبر 1988ء)
کی مرتب شدہ کتاب ہے۔ سید محمد مہدی تخلص رئیسؔ اور عرفیت اچھن، اردو کے ایسے عالمی شہرت یافتہ شاعر رہے ہیں جن کا ابتدا سے ادب و صحافت سے عملی تعلق قائم رہا۔ وہ بیسویں صدی کے سب سے بڑے قطعہ نگار شاعر مانے جاتے ہیں۔ تین سال تک وہ بہ حیثیت مدیر روزنامہ "جنگ" کراچی سے وابستہ رہے اور تقریباً زائد از چالیس برس روزنامہ "جنگ" میں حالات حاضرہ پر روزانہ ایک قطعہ لکھتے رہے۔ امروہہ (اترپردیش) میں پیدا ہوئے رئیس امروہوی، نامور شاعر جون ایلیا کے بڑے بھائی تھے، اکتوبر 1947ء میں پاکستان ہجرت کر کے کراچی میں سکونت پذیر ہوئے اور کراچی ہی میں آج سے 32 سال قبل (22/ستمبر 1988ء) ایک نامعلوم شخص کی گولی سے انتقال کر گئے۔ رئیس اکادمی کے زیر اہتمام ان کی تیس سے زیادہ کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ انہی میں سے ایک نثری کتاب "مقالاتِ اچھے مرزا" اردو ادب کے طلبا و محققین کے لیے تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
اس کتاب کے دیباچہ بعنوان "می شناسم" میں رئیس امروہوی نے لکھا ہے ۔۔۔۔۔۔ بخوبی یاد ہے کہ 19/اکتوبر 1947ء کو اس جگر خستۂ تیغ حوادث نے سرزمینِ پاک پر قدم رکھا۔ اور دوسرے روز سب سے پہلے جن بزرگوار فضیلت آثار کے دیدار کی سعادت نصیب ہوئی وہ مرزا جعفر زٹلی رحمۃ اللہ علیہ کے دودمان عالی شان کے چشم و چراغ اور مرزا پھویا اعلیٰ اللہ مقامہ کے گھرانے کے برخوردار سعادت آثار ، طوطئ شکرستان معانی و بلبل ہزار داستان ہمہ دانی ۔۔ مسند نشینِ محفل فصاحت و شہسوار عرصۂ بلاغت حضرت نواب اچھے مرزا صاحب قبلہ بالقابہ و مدظلہ تھے۔
مرزا صاحب موصوف کی ذات پیکر صفات اور ان کی صفات جامع کی کمالات ہیں۔ فنونِ لطیفہ، فنون شریف، فنونِ ظریفہ اور فنون نفسیہ میں مرزا جی سے بڑھ کر دسترس کسی کی نہ پائی۔ شاعری ان کی کنیز خانہ زاد۔ ادب ان کا بندۂ بےدام اور خطابت ان کی جاجب حاضر باش ہے۔
نواب اچھے مرزا بیک وقت مورخ بھی ہیں، سیاسی مبصر بھی، مصنف بھی ہیں، شاعر بھی۔ مصلح قوم بھی ہیں، مدبر مملکت بھی۔ نثر کی قلمرو ہو یا نظم کی، شعر کا میدان ہو یا انشا پردازی کا ایوان۔ اس مرد خدا کا نہ دم کہیں بندھے نہ قلم۔ ان کی نثر و نظم پر اردو کے کلاسیکی ادب کی چھاپ اتنی گہری ہے اور اس بلا کی شوخی اور بذلہ سنجی اس شخص کی انشا میں پائی جاتی ہے کہ صرف باذوق و باشعور حضرات ہی ان جواہر ادبی کو پرکھ سکتے ہیں۔ یہ مقالاتِ نواب اچھے مرزا کی پہلی جلد ہے۔ اس مجموعے کی دوسری جلدیں بھی یکے بعد دیگرے نطرنواز اہل نظر ہوتی رہیں گی۔
***
نام کتاب: مقالاتِ اچھے مرزا
مرتب: رئیس امروہوی
تعداد صفحات: 113
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Maqalaat Achche Mirza by Raees Amrohvi.pdf
Maqalaat-e-Achche Mirza, Compiled by Raees Amrohvi, pdf download.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں