کشمیر کے ہلال احمد راتھر - رافیل لڑاکا طیارہ اڑانے والے پہلے پائلٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-07-29

کشمیر کے ہلال احمد راتھر - رافیل لڑاکا طیارہ اڑانے والے پہلے پائلٹ

fly-rafale-hilal-ahmad-rather-kashmir

ایر کموڈور ہلال احمد راتھر کشمیر میں راتوں رات مشہور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے رافیل لڑاکا طیاروں کا پہلا بیچ اڑایا ہے جو پیر 27/جولائی کو ہندوستان کے لئے روانہ ہو گیا تھا۔
ہلال احمد رافیل لڑاکا طیارہ کو ہندوستانی ضروریات کے مطابق بنانے کے پروگرام سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ وہ فی الحال فرانس میں ہندوستان کے فضائی اتاشی ہیں۔ انڈین ایرفورس کے اس عہدیدار کا کیرئیر شاندار رہا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک متوسط گھرانہ میں بلال کی پیدائش ہوئی۔ ان کے والد محمد عبداللہ راتھر مرحوم جموں و کشمیر کے محکمہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدہ پر ریٹائر ہوئے تھے۔ ہلال احمد کی تین بہنیں ہیں اور وہ اپنی تینوں بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔ ان کی تعلیم ضلع جموں کے نگروٹا ٹاؤن کے سینک اسکول میں ہوئی۔ انہیں فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے انڈین ایرفورس میں 17/ دسمبر 1988 کو کمیشن ملا تھا۔ وہ 1993 میں فلائٹ لیفٹیننٹ، 2004 میں ونگ کمانڈر، 2016 میں گروپ کیپٹن اور 2019 میں ائیر کموڈور بنے۔
ہلال نے ڈیفنس سرویس اسٹاف کالج (ڈی ایس ایس سی) سے گریجویشن کیا۔ انہوں نے ایر وار کالج امریکہ سے بھی ڈسٹنکشن کے ساتھ گریجویشن کیا۔ انہیں نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی (این ڈی اے) میں سوارڈ آف آنر ( تلوار امتیاز) ملی تھی۔ ہلال احمد راتھر کو وایو سینا میڈل اور وششٹ سینا میڈل بھی مل چکا ہے۔ وہ میراج 2000 [mirage-2000]، مگ 21 [MIG-21] اور کرن طیارے [Kiran aircraft] کسی حادثہ کے بغیر تین ہزار گھنٹے اڑانے کا شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔
ہلال احمد راتھر کا نام اب ہندوستان میں رافیل کے ساتھ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جڑ گیا ہے۔

***
بشکریہ: روزنامہ منصف، حیدرآباد۔ 29/جولائی 2020۔

Air Commodore Hilal Ahmad Rather from Kashmir is the First Indian Pilot to Fly Rafale

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں