بعض طاقتیں ملک کو ذات پات کی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خواہاں - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-08

بعض طاقتیں ملک کو ذات پات کی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خواہاں - وزیر اعظم مودی

بعض طاقتیں ملک کو ذات پات کی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خواہاں
امبیڈ کر کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش۔ وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ بعض پارٹیوں کی جانب سے بی آر امبیڈکر کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ امبیڈکر کی خدمات اور کارناموں کے تعلق سے پارٹیوں نے کوئی قابل ستائش اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر انٹر نیشنل سنٹر کی تعمیر کے لئے کانگریس کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے لیکن اب کانگریس کے علاوہ بعض دوسری پارٹیوں کی جانب سے انتخابات میں ووٹ لینے امبیڈ کا نام لیاجارہا ہے لیکن امبیڈ ک انٹر نیشنل سنٹر کی تعمیر کے لئے کافی عرصہ درکار ہوا ۔نریندر مودی جنہوں نے دارالحکومت کے قلب میں سنٹر کا افتتاح کیا ۔ راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو شیو کا عقیدت مند قرار دے رہے ہیں۔ بعض پارٹیوں کے قائدین کی جانب سے بابا صاحب امبیڈکر سے کہیں زیادہ بابا بھولے (لارڈ شیوا) کا تذکرہ کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے امبیڈ کر کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیر اعظم نے سنٹر کے افتتاح کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد کی جانب سے امبیڈ کر کی خدمات کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ لیکن وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بعض افراد کی جانب سے بی آر امبیڈ کر کے نظریہ اور ان کی کوششوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے مقاصد کی تکمیل کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام امبیڈ کر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ عوام کی قابل لحاظ تعداد اب بھی امبیڈ کر کے نظریات کے فلسفہ سے واقف ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مذکورہ سنٹر کی تعمیر کے لئے تئیس سال درکار ہوئے ۔ جب کہ23سال قبل ہی اس سلسلہ میں تجویز پیش کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت قائم ہوگئی تو ہم نے اپریل2015ء میں سنٹر کے لئے سنگ بنیاد رکھا اور اب یہ آج قوم کے نام معنون کیاجارہا ہے ۔ کانگریس اور راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب راہول گاندھی کانگریس کے صدر کے عہدہ پر فائز ہونے والے ہیں جب کہ انہیں سیاسی طور پر خاطر خواہ تجربہ حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی پارٹیوں کے قائدین جو کہ امبیڈ کر کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں شائد انہیں زیر تصفیہ پراجکٹ کا بھی علم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب سے کہیں زیادہ بابا بھولے کو اہمیت دینا بعض پارٹیوں کا نقطہ نظر رہا ہے اور وہ بابا بھولے کی اہمیت کو پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر نے حال ہی میں گجرات کے منادر کے درشن کئے جو کہ راہول گاندھی کا ایک انتخابی حربہ ہے ۔ انہوں نے خود کو لارڈ شیوا کا عقیدت مندقرار دیا ہے جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر پر تنقید کی جارہی ہیں۔ بی جے پی کی تنقید پر راہول گاندھی نے احمد آباد میں حال ہی میں کہا ہے کہ وہ لارڈ شیوا کے عقیدت مند ہیں۔ اس لئے منادر کے درشن کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بعض طاقتیں ذات پات کے خطوط پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی جمہوریت کے تعلق سے امبیڈ کر کے خوابوں کی تکمیل نہیں ہوسکیں۔

منی شنکر ایئر کانگریس کی ابتدائی رکنیت سے معطل
نئی دہلی، سورت
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج رات گاندھی خاندان کے ایک وفادار اور سینئر پارٹی لیڈر منی شنکر ایئر کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا ۔ قبل ازیں آج دن میں ایئر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نیچ آدمی کہا تھا۔ اس ریمارک سے ایک سیاسی طوفان کھڑا ہوگیا اور گجرات میں کانگریس پر نقصان دہ اثرات پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ وزیر اعظم کے حلقہ انتخاب کی ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات سے بمشکل دو روز قبل امکانی نقصان کو روکنے کانگریس نے مذکورہ قدم اٹھایا ہے ۔ کانگریس نے ایئر کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے کانگریس کی گاندھیائی قیادت کا اظہار ہوتا ہے ۔ کانگریس کے شعبہ کمیونیکیشنس کے انچارج رندیپ سرجے والا نے بتایا کانگریس پارٹی منی شنکر ایئر پر ایک وجہ بتاؤ نوٹس کی تعمیل کردی ہے اور انہیں پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا ہے ۔ یہ کانگریس کی گاندھیائی قیادت ہے اور اپنے سیاسی حریفوں کے احترام کی مظہر ہے ، کیا مودی جی ایسی ہمت کا مظاہرہ کریں گے؟ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ ایئر نے آج ایک بے وقت تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا ، وہ(مودی) نیچ قسم کا آدمی ہے اور تہذیب سے عاری ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس، بی آر امبیڈ کر کے نام پر ووٹ طلب کررہی ہے لیکن قومی تعمیر میں امبیڈ کرکے رول کو مٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے جو متفکر نظر آرہے تھے اور جو عنقریب اپنی والدہ سونیا گاندھی سے پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری حاصل کرنے والے ہیں، ٹوئٹر پیام میں ایئر کو نہ صرف نصیحت کی اور عملاً ہدایت دی کہ وہ معافی مانگ لیں۔ گاندھی نے ٹوئٹر پر کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم بالعموم کانگریس پارٹی پر تنقید کے لئے حقیر زبان استعمال کرتے ہیں، کانگریس کا کلچر اور ورثہ مختلف ہے۔ میں ، منی شنکر ایئر کے لب و لہجہ کی ستائش نہیں کررہا ہوں ، مجھے اور کانگریس دونوں کو توقع ہے کہ ایئر نے جو کچھ کہا ہے اس پر وہ معافی مانگ لیں گے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ مذکورہ تنبیہ کے بعد ایئر نے معافی مانگی لیکن مشکل سے دو چار کانگریسی قیادت اس سے مطمئن نہیں ہوئی اور ایئر کو پارٹی کی ا بتدائی رکنیت سے معطل کردیا تاکہ اس امکانی نقصان کو ٹالا جاسکے جو ایئر کے ریمارک سے گجرات انتخابات میں پارٹی کو ہوسکتا ہے ۔ مودی نے جو ایک تجربہ کار مہم ساز ہیں۔ ایئر کے ریمارکس پر کانگریسی قیادت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ ایئر کے ریمارکس ان(مودی) کے خلاف ذات پات پر مبنی رسوا کن ریمارکس ہیں۔ مودی نے کہا شریمان منی شنکر ایئر نے آج کہا ہے کہ مودی ، نیچ ذات اور نیچ ہیں ، کیا یہ(ریمارک) گجرات کی توہین نہیں ہے۔ آپ نے ہمیں گدھا کہا، آپ نے ہمیں گندی نالی کا کیڑا کہا، آپ نے ہمیں موت کا سوداگر کہا ، آپ نے کہا کہ میں نیچ جاتی ، کا اور نیچ ہوں لیکن ہم اپنے اقدار کے مطابق زندہ رہیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ مغل ذہنیت ہے جہاں ایک شخس(جو غریبی کے پس منظر سے آتا ہے) اور ایک موضع میں اچھا لباس پہنتا ہے تو انہیں ایک مسئلہ در پیش ہوتا ہے ۔ کانگریسی قیادت کی جانب سے سخت کارروائی کے جلد بعد ایئر نے جو اپنے سیاسی حڑیفوں کے خلاف سخت ریمارکس کے لئے جانے جاتے ہیں، قومی ٹی وی پر وضاحت پیش کی اور کہا کہ ہندی زبان سے کما حقہ واقفیت، نہ ہونے کے باعث مذکورہ لفظ استعمال کیا اور اس کے لئے معافی چاہتا ہوں ۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ ہندی میں لفظ نیچ کے کئی معنی ہیں۔ اگر مودی اس لفظ کے معنی کم تر سطح پر پیدائش کے لینے کا دعوی کرتے ہیں اور اس طرح اس لفظ کے معنی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا پسند کرتے ہیں تو میں یہ لفظ استعمال کرنے پر معافی مانگتا ہوں ۔ بس میں یہی کچھ کرسکتا ہوں لیکن مذکورہ لفظ کے استعمال سے میرا منشاء قطعی وہ نہیں تھا جس کا اظہار دوسرے گوشہ سے کیا گیا ہے ۔ ایسا کوئی ریمارکس ، یقینا میرے کلچر کا حصہ نہیں ہے ۔ ایئر نے ا پنے ریمارکس کا کھلے عام اعتراف کرتے ہوئے کہا۔ کیونکہ مذکورہ لفظ کو غلط معنی پہنائے جاسکتے ہیں، میں معافی مانگتا ہوں، بالخصوص اس لئے کہ اس ریمارک سے گجرات میں کانگریس پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔ بار بار یہ پوچھے جانے پر کہ آیادوہ مودی کو نیچ کہنے پر معافی مانگ رہے ہیں، ایئر نے جواب دیا ، کیا میں لفظ، کمتر پر معافی مانگوں؟ نہیں، کیا میں اس لفظ کے بارے میں معافی مانگوں جس کا ترجمہ کمتر سطح پر پیدائش ہے ؟ اس کا جواب یقینا اثبات میں ہے۔ کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مودی کمتر سطح پر پیدا ہوئے ۔ لیکن وہ زبان میں کہوں گا کہ بہت کمتر ہے ۔ ایئر کی معطلی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ٹوئٹر پیام میں کہا وزیر اعظم پر منی شنکر ایئر کا نیچ حملہ عمداً ، ذات پات پر مبنی بیان ہے ۔ بڑی آسانی سے معافی مانگ لی گئی اور حکمت عملی کے طور پر معطلی کا قدم اٹھایا گیا ۔ عوام، اس کھیل کے سیاق و سباق کو دیکھیں گے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں