ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں بھیانک آتشزدگی - 14 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-30

ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں بھیانک آتشزدگی - 14 افراد ہلاک

ممبئی
آئی اے این ایس
ممبئی کے ایک اور مقا پر کل رات دیر گئے بھیانک آتشزدگی کے واقعہ میں چودہ افراد کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی جس میں ایک نوجوان خاتون بھی شامل ہے جو یہاں سالگرہ منانے آئی تھی ۔ علاوہ ازیں حادثہ میں دیگر تئیس افراد زخمی ہوگئے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) ڈیزاسٹر کنٹرول کے مطابق جنوب ، وسطی ممبئی کے لوئر پریل علاقہ کے پاس تجارتی و تفریحی مرکز کملا ٹریڈ ہاؤس کی چھت پر موجود چھوٹے ریسٹورنٹ موجو سے رات12:30بجے آگ بھڑک اٹھی اور تیزی سے پھیل گئی ۔ آگ نے متصل پب اور ریسٹورنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جو سب کملا ملز کمپاؤنڈ میں واقع ہیں جس کے نتیجہ میں احاطہ میں دو سو افراد پھنس گئے ۔ اس سانحہ نے نائٹ لائف، رات دیر گئے پارٹیوں اور تفریح کے لئے مشہور اس شہر میں سال نو2018ء کے جشن پر منحوس سایہ ڈال دیا ۔ مہلوکین میں خوشبو مہتا بھی شامل ہے جو ریسٹورنٹ میں اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی28ویں سالگرہ منانے آئی تھی ۔ اس کے گھر والوں نے اس کی توثیق کی ۔ صدر جمہوریہ ہندرام ناتھ کووند،نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو ، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر راہول گاندھی اور مہاراشٹر کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے اس حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ بی ایم سی عہدیدار نے کہا کہ بارہ فائر انجن گاڑیوں کو جائے حادثۃ پر روانہ کیا گیا تھا جس نے کافی مشقت کے بعد6:30بجے صبح آگ پر قابو پایا اور اس کے بعد ہی حادثہ کا مکمل اثر منظر عام پر آیا۔ بیشتر افراد بر سر موقع ہی ہلاک ہوگئے ۔ آتش فرو عملہ دس افراد کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب رہا۔ شدید زخمی افراد کو کے ای ایم ہاسپٹل، بھاٹیہ ہاسپٹل، ایرولی برس ہاسپٹل کو جب کہ دو معمولی زخمیوں کو سائن ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ۔ نعشوں کی جانچ سے انکشاف ہوا کہ بیشتر ہلاکتیں، جھلسنے سے زیادہ دم گھٹنے سے ہوئیں۔ کے ای ایم ہاسپٹل کے ڈین اویناش سوپے نے یہ بات کہ۔ پورا پب اور اطراف و اکناف کے کامپلکس گاہکوں سے کھچا کھچ بھرا تھا جن میں کئی خواتین اور سیاح بھی شامل تھے ۔ ممبئی پولیس نے متصل پب کے مالک کے خلاف لاپرواہی اور غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ابتداء میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کا شبہ تھا۔ کامپلکس میں کئی بڑے کارپوریٹ ادارے، ٹی وی، ریڈیو، پرنٹ میڈیا دفاتر، تین درجن سے زائد پاش ریسٹورنٹس، پبس(شراب خانے) موجود ہیں جنہیں آگ سے نقصان پہنچا ہے اور آج ان کی سر گرمیاں متاثر رہنے کا امکان ہے ۔ ٹائمس نیٹ ورک کے تمام بڑے چینلوں کے دفاتر یہاں بھی موجود ہیں جو عارضی طور پر متاثر ہوئے اور تمام ملازمین کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔ کچھ خلل کے بعد ٹائمس ناؤ، ٹائمس ناؤ ایچ ڈی، ای ٹی ناؤ اور مرر ناؤ کی نشریات کا صبح سے آغاز ہوگیا جب کہ موویز ناؤ، موویز ناؤ ایچ ڈی، ایم این+، ایم این ایکس، را میڈی ناؤ، رامیڈی ناؤ ایچ ڈی اور زوم کی نشریات عنقریب شرو ع ہوں گی ۔ سرکاری ترجمان نے یہ بات کہی ۔ یہ آتشزدگی، دکانات، مالس، کو چوبیس گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت دے کر شہر کی رات کی زندگی کو زیادہ پرکشش بنانے کے حکومتی منصوبوں کو ایک دھکا ثابت ہوئی ۔ ریاستی حکومت نے بمشکل نو دن پہلے متعلقہ قوانین میں ترامیم کا اعلامیہ جاری کیا تھا حالانکہ پبس، باس، ڈسکو تھیکس اور شراب کی دکانات اس کے دائرے میں نہیں آتیں تاہم عنقریب ان کے بھی نئے قوانین کے دائرے میں آنے کی توقع ہے کیونکہ بی ایم سی اس سمت میں کئی اقدامات کررہی ہے ۔ آتشزدگیکے لئے بی ایم سی کو زمہ دار ٹھہراتے ہوئے ممبئی کانگریس پارٹی کے صدر سنجے نروپم نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ہوٹلوں کو چلنے کی اجازت دینے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ کانگریس رکن اسمبلی نیلیش رانے نے اپنے ایک دوست کے حوالہ سے جس نے آتشزدگی کا بہ ذات خود مشاہدہ کیا تھا، دعویٰ کیا کہ آگ کا سبب شارٹ سرکٹ نہیں بلکہ حقہ پارلر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجواور دیگر ریسٹورنٹس کو بھی صرف کھانے کا لائسنس دیا گیا۔ حقوں کا نہیں۔ ممبئی کی رات کی زندگی کو بہتر بنانے ایک پرزور وکیل یوا سینا صدر آدتیہ ٹھاکر نے کہا کہ آگ سے حفاظت کے قواعد کا نفاذ لازمی ہے اور بی ایم سی خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کریت سومیا نے شیو سینا زیر کنٹرول بی ایم سی کی خامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے سبب آگ لگی اور شہر کی تمام عمارتوں کی فوری طور پر فائر آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔

Mumbai rooftop pub fire kills 14, including woman celebrating birthday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں