تانڈور میں جمعیت اہلحدیث کا دینی و دعوتی اجتماع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-12-10

تانڈور میں جمعیت اہلحدیث کا دینی و دعوتی اجتماع

مسلم حکمراں اگر تاج محل اور قطب مینار کے بجائے تعلیمی ادارے قائم کرتے تو آج ملک کے مسلمانوں کی حالت کچھ اور ہوتی
مسلمان اپنے آپسی اختلاف ختم کرتے ہوئے قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں ، ایمان اور عمل انسانی کامیابی کے لئے اہم چیزیں
تانڈور میں جمعیت اہلحدیث کے دینی و دعوتی اجتماع سے علماء کرام کا خطاب ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندرریڈی کی شرکت
Jamiat-Ahle-Hadees-Jalsa-Tandur
جمعیت اہلحدیث تانڈور کے زیر اہتمام جمعہ 8/دسمبر کی رات یہاں کے نیشنل گارڈن فنکشن ہال میں " دینی و دعوتی اجتماع" کے عنوان سے ایک جلسہ عام مولانا عبدالرحیم مکی ، امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث تلنگانہ کی زیر صدارت منعقدکیا گیاجس میں جمعیت اہلحدیث کے قومی اور ریاستی سطح کے علماء کرام اور ذمہ داران نے شرکت کی ۔ اس اجتماع میں ریاستی وزیرٹرانسپورٹ و رکن اسمبلی تانڈور پی۔ مہیندرریڈی بھی شریک رہے
اس اجتماع کا آغاز عبدالمبین طالب علم مسجد محمدیہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس اجتماع سے ایمان اور آزمائش کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے ثناء اللہ مدنی مقرر آئی ۔ پلس ٹی وی نے صحابہ اکرامؓ کے دؤر اورہمارے دؤرپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرامؓ نے اپنے دؤر میں کئی مشکلات اور وسائل کی کمی کے باؤجود اسلام کی سربلندی کیلئے کام کیاتھا لیکن افسوس کہ آج ہم تمام سہولتوں کے حاصل ہونے کے باؤجود اسلام سے دورہوتے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے نافذ کردہ جی ایس ٹی کوتو فوری قبول کرلیا لیکن جی ایس ٹی کا مطلب "گناہ سے توبہ"بھی ہوتا ہے اس سے دور ہی ہیں ۔محمدہارون سنابیلی ناظم عمومی جمعیت اہلحدیث ہندنے اتحاد ملت وقت کی اہم ضرورت کے عنوان پراس اجتماع سے اپنے خطاب میں کہا کہ سارے مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں انہوں نے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ آپسی اختلافات کو ختم کردیں انہوں نے سوال کیا کہ جب سب کا ایک اللہ ،ایک دین ،ایک قرآن ، کلمہ ایک ، رسولؐ ہیں تو ہم کیوں ایک نہیں ہورہے ہیں!عبداللہ عمری مدنی امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث ٹاملناڈو و پانڈیچری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایمان اور عمل انسانی کامیابی کے لئے اہم چیزیں ہیں انہوں نے ایمان اور عمل پر تفصیلی خطاب کیا اسلام اور اسلام کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔محمدشمیم فوزی مقرر آئی ۔ پلس ٹی وی نے بعنوان سود اور اسکی مختلف شکلیں اپنے خطاب میں کہا کہ اشیاء کی لین دین میں اونچ نیچ اور ان کی اشکال میں تبدیلی بھی غلط ہے انہوں نے کہا کہ میڈیکل انشورنس بھی جائز نہیں ہے اورسود لینے دینے اور لکھنے و الا بھی گناہ گارہے اور سودی گناہ کے ستر درجہ ہیں انہوں نے مسلمانوں کو ترغیب دی کہ اپنی جمع شدہ رقم پر بینک کے ذریعہ حاصل ہونے والی رقم کسی فلاحی کاموں کے لئے بناء کسی ثواب کی نیت کہ حوالے کی جائے جبکہ گاڑیوں کا انشورنس ملک کے قوانین کو ماننے کیلئے ضروری ہے۔ ریاستی وزیرٹرانسپورٹ و رکن اسمبلی تانڈور پی۔ مہیندر ریڈی نے اس اجتماع سے اپنے خطاب میں کہا کہ روحانی عبادت انسان کو دیگرانسانوں سے قریب کرتی ہے اور اسکے نقش قدم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہوتے ہیں گزشتہ دنوں تانڈور میں عیدگاہ کے لئے دو ایکڑ اراضی جاری کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے اقدامات میں مصروف ہے اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے انہوں نے اپنی جانب سے مقامی مسلمانوں کی تمام محاذوں پر فلاح و بہبود کیلئے بھی تمامتر ممکنہ اقدامات کا اعلان کیا ۔اس دینی و دعوتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اصغر علی امام مہدی السلفی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہندسورۃ العصر پر تفصیلی خطاب کیا ۔۔۔
عبدالوکیل پرویز ناظم مالیہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے اپنے خطاب میں مؤجودہ حالات میں قوم کی حالت زار پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو قوم تعلیم میں پیچھے رہ جائے گی وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کمی قوم کو نچلی سطح پر لے آئی ہے انہوں نے برماء کے مسلمانوں کی نسل کشی اور تباہ و حالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی مسلمانوں نے تعلیم پر توجہ نہیں دی تھی جسکے باعث انہیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا عبدالوکیل پرویز ناظم مالیہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے اپنے خطاب میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم بادشاہوں نے تاج محل ، قطب میناراور تاریخی عمارتوں کی تعمیر کے بجائے تعلیمی ادارے ، یونیورسٹیاں قائم کرتے تو آج قوم کی حالت ہی کچھ اورہوتی اور قوم کا بھلا ہوتا انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔مولانا عبدالرحیم مکی ، امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث تلنگانہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسلمانوں پر تین چیزیں لازم ہیں اللہ ورسول اکرم ؐ کی اطاعت ، سرپرستوں اور بڑوں کے لئے خیرخواہی کاجذبہ ،مولانا عبدالرحیم مکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت اہلحدیث کو مختلف بے بنیاد باتوں سے بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا تنظیم میں اختلافات ہونے کی غلط تشہیر کی جارہی ہے جبکہ جمعیت اہلحدیث منظم ہے اورجمعیت خدمت خلق اور لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہے ۔جلسہ کے آغاز میں مولانا محمد عثمان غنی نے مقامی جمعیت اہلحدیث کا تعارف اور کارکردگی سے واقف کروایااس جلسہ میں امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمد خواجہ( پاشاہ بھائی) ، صدر تانڈورٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف ،صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور عبدالا حد ،سابق صدر محمد خورشید حسین ، نائب صدر محمد جمیل احمد ،ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا سید کمال اطہر ،صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان ، ،رکن ضلع آرٹی اے محمد جاوید،محمد لائق علی پرنس ، ٹی آرایس فلور لیڈر بلدیہ عبدالرزاق ،رکن بلدیہ عبدالقوی کے بشمول سیکریٹری جمعیت اہلحدیث تانڈور عبدالرحمن مجاہدی ، عبداللہ مجاہدی ،خازن ایم اے ستار ( گولکنڈہ) کے علاوہ دیگرذمہ داران مؤجود تھے جلسہ کی کاروائی نذیر احمد ، کرسپانڈنٹ رحمانیہ انٹر نیشنل اسکول نے چلائی اور مولانا عبدالرشید جامعی کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل آیا جس میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی خواتین کے لئے پردہ کا علحدہ نظم کیا گیا تھا۔

Jamiat Ahle adees Public Meeting at Tandur on Friday 8th Dec.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں