اسکولوں میں یوگا کا لزوم - درخواست سپریم کورٹ میں مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-09

اسکولوں میں یوگا کا لزوم - درخواست سپریم کورٹ میں مسترد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے قومی یوگا پالیسی وضع کرنے اور ملک بھر کے اسکولوں میں طلبہ کے لئے اس کے پڑھنے کو لازمی قرار دینے سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا ہے ۔ جسٹس اے بی لوکر کی قیادت میں ایک بنچ نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ پر فیصلہ لینا حکومت کا کام ہے۔ بنچ نے کہا کہ اسکولوں میں کیا پڑھایا جانا چاہئے یہ کہنا ہمارا کام نہیں ہے ، اس سے ہمیں کوئی مطلب نہیں ہے ، ہم اس بات کی ہدایت کیسے دے سکتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ درخواست گزاروں اشونی کمار اپادھیائے ایڈوکیٹ و دہلی بی جے پی کے ترجمان اور جے سی سیٹھ کی خواہش کے مطابق فیصلہ سنانا ممکن نہیں ہے ۔ بنچ نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسکولوں میں کیا پڑھایاجانا چاہئے یہ بنیادی حق ہے۔ اپادھیائے نے وزار ت فروغ انسانی وسائل، این سی ای آر ٹی، این سی ٹی ای اور سی بی ایس ای کو یہ ہدایت دینے کی خواہش کی تھی کہ پہلی تا آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لئے یوگا اور صحت کی تعلیم پر معیاری نصابی کتب فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے جو کہ حق زندگی حق تعلیم اور حق مساوات جیسے کئی بنیادی حقوق کی روح ہے ۔ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سال 29نومبر کو مرکز کو ہدایت دی تھی کہ اس درخواست کے ساتھ نمائندگی جیسا سلوک کرتے ہوئے اس پر کوئی فیصلہ کیاجائے ۔ درخواست گزار نے یہ استدلال کیا تھا کہ یوگا اور صحت کی تعلیم تمام بچوں کو دئیے بغیر یا قومی یوگا پالیسی وضع کئے بغیر حق صحت کا تحفظ نہیں کیاجاسکتا۔

Plea on making yoga compulsory in schools rejected by Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں