عبدالکلام کی یادگار کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-07-28

عبدالکلام کی یادگار کا وزیر اعظم کے ہاتھوں افتتاح

رامیشورم(ٹاملناڈو)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں بابائے میزائل کی دوسری برسی کے موقع پر پیکارمبو علاقہ میں سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے کروڑہا روپے مالیتی ایک یادگار کا افتتاح کیا۔ مودی نے اس یادگار میں واقع کلام کی مزار پر گلہائے عقیدت بھی پیش کئے ۔ اس عمارت کا نمونہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آر ڈی او) نے تیار کیا ہے جہاں عوامی صدر نے کئی دہوں تک کام کیا تھا۔ وزیر اعظم نے اس یادگار کے مختلف شعبوں سے گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے جہاں ان راکٹوں اور میزائلوں کے نمونے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں جن پر مرحوم سائنسداں نے کام کیا تھا۔ تقریبا پندرہ منٹ تک ان کا مشاہدہ کیا۔ یہ یادگار، حکومت ٹاملناڈو کی جانب سے کلام کے موضع پیکار مبو میں الاٹ کردہ اراضی پر پندرہ کروڑ روپے کی مالیت سے تعمیر کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کلام کے ایک چوبی مجسمہ کی بھی نقاب کشائی کی جس میں انہیں وینا بجاتے ہوئے پیش کیا گیا ہے۔ سابق صدر یہ ساز بجانے میں ماہر تھے ۔ اس یادگار میں مرحوم سائنسداں کی تقریبا900پینٹگس اور200نادر تصاویر بھی ہیں۔ واضح رہے کہ کلام2002تا2007صدر کے عہدہ پر فائز رہے۔ اس یادگار کے باب الداخلہ پر کلام کا کانسہ سے بنا مجسمہ بھی نصب کیا گیا ہے جو انڈیا گیٹ نئی دہلی کے طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ یادگار کے عقبی حصہ کو راشٹرپتی بھون کی شکل دی گئی ہے۔ اس یادگار کے روبرو اگنی میزائل کے ایک ماڈل نے بھی وزیر اعظم کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی جنہیں عہدیداروں نے یہاں رکھی گئی اشیاء اور تصاویر کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ مودی کے ہمراہ گورنر ٹاملناڈو سی ایچ ودیا ساگر راؤ، چیف منسٹر کے پلانی سوامی، مرکزی وزیر را پی رادھا کرشنن، نرملا سیتا رامن اور این ڈی اے کے نائب صدراتی امید وار ایم وینکیا نائیڈو بھی موجود تھے ۔

Narendra Modi inaugurates APJ Abdul Kalam's memorial in Rameshwaram in Tamil Nadu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں