ہندوستانی سپاہیوں کی غیر فوجی انداز میں تعیناتی ۔ چین کے ساتھ کشیدگی بڑھ جانے کا اندیشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-07-03

ہندوستانی سپاہیوں کی غیر فوجی انداز میں تعیناتی ۔ چین کے ساتھ کشیدگی بڑھ جانے کا اندیشہ

2/جولائی
نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے سکم کے قریبی علاقہ میں جہاں اس کے سپاہیوں کا چینی سپاہیوں کے ساتھ آمنا سامنا ہے، اپنے موقف کو مزید مضبوط بنانے کے لئے غیر فوجی انداز میں مزید سپاہی روانہ کئے ہیں۔1962ء میں دونوں فوجوں کے درمیان ٹکراؤ کے بعد سے یہ اس طرح کی اب تک کی سب سے بڑی تعیناتی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے دو بنکرس کو تباہ کئے جانے اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے جارحانہ حرکتوں کے بعد مزید سپاہیوں کو وہاں روانہ کیا ہے تاہم ذرائع نے کہا کہ ان سپاہیوں کو غیر فوجی انداز میں بھیجا گیا ہے جنہوں نے اپنی بندوقیں نیچے کر رکھی ہیں۔ ان واقعات کے بارے میں پہلی مرتبہ تفصیل بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ چینی فوج نے یکم جون کو ہندوستانی فوجیوں کو ڈوکالا میں لال ٹین کے مقام پر2012ء میں قائم کردہ دو بنکرس ہٹا دینے کا حکم دیا۔ یہ بنکرس ہندوستان، بھوٹان، تبت سہ رخی جنکشن کے ایک کنارے وادی چمبی میں واقع ہیں۔ ہندوستانی فوج کئی برسوں سے اس علاقہ میں گشت کرتی آرہی تھی ۔ اس نے2012ء میں یہاں دو بنکرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ بھوٹان، چین سرحد پر سیکوریٹی فراہم کی جائے ، ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے سکنا میں واقع33کور ہیڈ کوارٹر ، شمالی بنگال کو چینی فوج کی جانب سے بنکرس کے بارے میں دی گئی دھمکی سے واقف کروایا لیکن 6جون کی رات چین کے دو بلڈوزرس نے بنکرس کو تباہ کردیا۔ چینی فوج کا دعوی ہے کہ یہ علاقہ چین کا ہے اور ہندوستان یا بھوٹان کا اس پر کوئی حق نہیں ہے ۔ وہاں موجود ہندوستانی سپاہیوں نے چینی فوج اور مشینوں کو علاقہ میں مزید تباہی مچانے یا در اندازی سے روک دیا۔ قریبی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سے مزید فورس 8جون کو وہاں پہنچ گئی جس کے بعد دونوں افواج کے درمیا معمولی ٹکراؤ ہوا ، جس میں چند سپاہی معمولی زخمی ہوئے۔ چینی فوج نے علاقہ میں اپنی طاقت بڑھائی جس کے بعد ہندوستان کو بھی اپنی طاقت میں اضافہ کرنا پڑا ۔ دونوں ممالک کے درمیان1962ء کے بعد سے یہ سب سے بڑی کشیدگی ہے ۔ اس سے قبل2013ء میں جموں و کشمیر کے لداخ ڈویژن میں دولت بیگ اولڈی میں شدید کشیدگی21دن تک جاری رہی تھی جب کہ چین کی فوج ہندوستانی علاقہ میں تیس میٹر اندر تک گھس آئی تھی ۔ چینی فوج نے اس علاقہ کو اپنے صوبہ زنجیانگ کا حصہ قرار دیا لیکن بعد میں وہ واپس چلے گئے ۔سکم جو مئی 1976ء میں ہندوستان کا حصہ بنا، واحد ریاست جس کی سر حد چین سے ملتی ہے ۔ یہ سرحد1998ء میں چین کے ساتھ دستخط کئے گئے ایک معاہدہ کی بنیاد پر ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں