جی ایس ٹی کونسل اجلاس - یکم جولائی سے نئے ٹیکس نظام پر عمل سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-04

جی ایس ٹی کونسل اجلاس - یکم جولائی سے نئے ٹیکس نظام پر عمل سے اتفاق

3/جون
جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس، یکم جولائی سے نئے ٹیکس نظام پر عمل سے اتفاق
نئی دہلی
پی ٹی آئی
آئندہ ماہ سے ایک ہزار روپے تک کے کپڑے، بسکٹ اور جوتے جپل سستے ہوجائیں گے جب کہ سونا مہنگا ہوجائے گا کیونکہ مرکز نے مغربی بنگال کے سوا تمام ریاستوں میں یکم جولائی سے جی ایس ٹی پر عمل آوری کا عزم کیا ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی صدارت میں جی ایس ٹی کونسل نے آج برانڈیڈ اور پیاکیجڈ خوردنی اشیاء پر پانچ فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ تیندو کے پتوں پر18فیصد اور بیڑی پر 28فیصد ٹیکس لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ جی ایس ٹی کونسل مرکزی وزیر فینانس اور ریاستی وزرائے فینانس پر مشتمل ہے ۔ سگریٹ کے بر خلاف بسکٹ پر18فیصد کے فلیٹ ریٹ پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ جب کہ پانچ سو روپے کے جوتے چپلوں پر پانچ فیصد جی ایس ٹی محصول عائد ہوگا اس سے زیادہ کی قیمت والے جوتے چپلوں پر18فیصد کا ٹیکس لگایاجائے گا ۔ ٹکسٹائل کے شعبہ میں ریشم اور جوٹ فائبر کو استثنیٰ دیا گیا ہے جب کہ کاٹن اور نیچرل فائبر پر پانچ فیصد جی ایس ٹی ٹیکس عائد کیاجائے گا ۔ تاہم انسانی ہاتھوں سے بنائے جانے والے فائبر پر18فیصد ٹیکس عائد ہوگا ۔ تمام زمروں کے ملبوسات پر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا ۔ انسانی ہاتھوں سے بنائے جانے والے کپڑے جس کی قیمت ایک ہزار روپے تک ہوگی پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا جو موجودہ سات فیصد سے کم ہے ۔ ایک ہزار روپے سے زائد قیمت کے کپڑوں پر بارہ فیصد ٹیکس برقرار رہیگا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ ٹکسٹائلس اور جوتے چپلوں کے معاملے میں کافی رعایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا جی ایس ٹی کونسل کا11جون کو ایک بار پھر اجلاس ہوگا جس میں یکم جولائی سے جی ایس ٹی پر عمل آوری کی تیاریوں کا جائزہ لیاجائے گا۔ فی الحال سو روپے فی کلو سے کم والے بسکٹس پر اوسطا20.6فیصد کا ٹیکس ہوتا ہے جب کہ اس سے زیادہ کی قیمت پر23.11فیصدٹیک عائد ہوتا ہے ۔ فی الحال پانچ سو روپے تک کے جوتے چپلوں پر9.5فیصدٹیکس لگتا ہے اور جی ایس ٹی کے تحت اس پر پانچ فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ سونا کچھ مہنگا ہوجائے گا کیونکہ فی الحال دو فیصد ٹیکس عائد ہوتا ہے اور کونسل میں کافی مباحث کے بعد سونے اور سونے کے زیورات پر تین فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سولار پیانل کے آلے پر پانچ فیصد ٹیکس لگایاجائے گا۔ جی ایس ٹی پر عمل آوری میں تاخیر کے لئے مغربی بنگال کے وزیر فینانس کے مطالبے پر جیٹلی نے کہا کہ دوسروں نے اس خیال کا اظہار نہیں کیا ۔ مغربی بنگال کے وزیر فینانس امیت مترا نے کہا ک یکم جولائی سے جی ایس ٹی پر عمل آوری سے سنگین مسائل پیدا ہوں گے اور اس پر عمل آوری ایک ماہ کے لئے ٹالنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔

GST Council clears rules, all states agree to July 1 rollout

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں