قومی میڈیا کشمیری عوام کی خراب شبیہ پیش نہ کرے - چیف منسٹر جموں کشمیر کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-09

قومی میڈیا کشمیری عوام کی خراب شبیہ پیش نہ کرے - چیف منسٹر جموں کشمیر کی اپیل

8/مئی
سری نگر
پی ٹی آئی
چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہمفتی نے آج قومی میڈیا سے کہا کہ وہ تمام کشمیری نوجوانوں کو پتھراؤ کرنے والوں کی حیثیت سے پیش کرنا بند کردیں۔انہوںنے میڈیا سے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے مباحثوں کو پیش نہ کریں جس میں ریاست کے عوام کے خلاف نفرت پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام1947ء سے ہی سخت مشکلات حالات کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ شورش زدہ وادی میں امن واپس لوٹ آئے گا جہاں کے عوام گزشتہ دو ماہ سے حالات خراب ہیں۔ سری نگر میں سیول سکریٹریٹ کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہم تمام کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش لاحق ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہمیں جاننا چاہئے کہ وادی کشمیر میں ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہورہا ہے ،1947ء سے اب تک کئی موقعوں پر جموں و کشمیر نے برے دن دیکھے ہیں۔ آج ہم پھر اس موڑ پر موجود ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے1950ء کے رائے شماری کے لئے اٹھی تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک22برس چلتی رہی لیکن قیادت نے محسوس کیا کہ تشدد کے ذریعہ مسئلہ کشمیر کا حل نہیںنکالا جاسکتا۔ اس کے بعد اندرا۔ شیخ معاہدہ عمل میں آیا۔ اس کے بعد1990ء میں صورتحال خطرناک ہوگئے ۔ کبھی دہشت گردی میں اضافہ ہوتا ہے اور کبھی کمی واقع ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالات ایک بار پھر بہتر ہوجائیں گے ۔ یو این آئی کے بموجب محبوبہ مفتی نے وادی میں حالات کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے میڈیا سمیت سماج کے تمام طبقات سے امن اور حالات کو معمول پر لانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے قومی ذرائع ابلاغ پر زور دیتے ہوئے کہ کشمیری عوام کی شبیہ خراب نہ کی جائے ، بہت تھوڑے سے لوگ پتھر پھینکتے ہیں جب کہ نوجوانوں کی اکثریت قومی سطح پر ایک سے زیادہ تقابلی امتحانات میں اپنی صلاحیتیں ثابت کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر قومی الکٹرانک میڈیا اور ٹیلی ویژن چینلوں سے بھی درخواست کی کہ وہ ایسے مکالمے پیش نہ کریں، جن سے ملک کے باقی حصوں میں کشمیری عوام کے خلاف نفرت پھیلے ۔ وہ سیول سکریٹریٹ میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ وادی میں ہر نوجوان سنگ بدست ہے ۔ اگر ایسا ہوتا تو ہمارے طالب علم قومی سطح پر مختلف تقابلی امتحانات میں اچھی کارکردگی پیش نہیں کرپاتے ۔ مفتی نے کہا کہ باقی ملک میں وادی کی غلط شبیہ کی وجہ سے سیاحوں کی آمد پر منفی اثر پڑا ہے ۔سیاحت کی صنعت سے ہزاروں لوگ وابستہ ہیں اور وادی کی خراب شبیہ سامنے لانے کی وجہ سے سیاحوں کی آمدمیں کمی آئی ہے جس کا اس صنعت سے وابستگان کی روزی روٹی پر براہ راست اثر پڑا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کی روح اور تاج ہے اور اس ریاست کے لوگوں کا حق صرف جموں کشمیر تک محدود نہیں بلکہ ملک کے دوسرے حصوں پر بھی ہے ۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا تاج ہے اور اس کے عوام کا ملک کے ہر انچ حصہ پر حق بنتا ہے ۔ جموں و کشمیر ملک کی روح ہے ، اگر ہندوستان ہے وہاں جموں و کشمیر ہے ۔جموں و کشمیر کے عوام نہ صرف اپنی ریاست پر حق رکھتا ہیں بلکہ ملک کے ہر حصہ پر اپنا حق رکھتے ہیں۔ ریاست میں طلبہ کے جاری احتجاج پر چیف منسٹر نے کہا کہ یہ طلبہ غصہ اور غلط فہمی میں مبتلا ہیں ۔ آج ہمارے بچے اور نوجوان جس راہ پر ہیں وہ غصہ اور غلط فہمی کی ہے ۔ ان میں سے چند ایک کو بھڑکایا گیا ہے ، میں سمجھتی ہوں کہ مسئلہ کے حل کے لئے ہم تمام کو کام کرنا چاہئے ۔

National Media Spreading Hatred Against Kashmiris: Mehbooba

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں