مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی کو 9 برس بعد ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-04-26

مالیگاؤں دھماکہ کیس - سادھوی کو 9 برس بعد ضمانت منظور

25/اپریل
مالیگاؤں دھماکہ کیس، سادھوی کو9برس بعد ضمانت منظور
ممبئی
آئی اے این ایس
بمبئی ہائی کورٹ نے2008کے مالیگاؤإ بم دھماکہ کیس کی کلیدی ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اس کی گرفتاری کے تقریبا نو سال بعد منگل کے دن ضمانت منظور کی۔ جسٹس رنجپت مورے اور جسٹس شالینی پھانسلکر جوشی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے کہا کہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی اپیل قبول کی جاتی ہے۔ درخواست گزار کو پانچ لاکھ کی شوریٹی پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیاجاتا ہے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ بادی النظر میں سادھوی کے خلاف کوئی کیس نہیں ۔ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی( این آئی اے) کے مئی2016ء میں کلین چٹ دینے کے تقریبا گیارہ ماہ بعد سادھوی کو ضمانت ملی ہے ۔ عدالت نے تاہم ایک اور شریک ملزم سابق فوجی عہدیدار لیفٹننٹ کرنل پرساد پروہت کی داخل کردہ اپیل مسترد کردی جس میں اس کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کے تحت عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ سادھوی کے وکیل جے پی مشرا نے کہا کہ انہوںنے رقم ضمانت اور شوریٹی کا انتظام کرنے عدالت سے ایک ماہ کا وقت مانگا جو عدالت نے دے دیا۔ مشرا نے کہا کہ اگر انتظام جلد ہوگیا تو ہم سادھوی کو جاریہ ہفتہ رہا کرالیں گے ۔وہ23اکتوبر2008کو گرفتاری کے بعد سے مسلسل تحویل میں ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں نے سابق میں کہا تھا کہ دہشت گرد حملہ مبینہ طور پر دائیں بازو گروپ ابھینو بھارت نے کیا اور جملہ گیارہ ملزمین بشمول سادھوی اور پروہت گرفتار ہوئے تھے ۔ سادھوی کو ضمانت ملنے کے فور ی بعد ایک غیر سرکاری تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اعلان کیا کہ وہ سادھوی کو منظورہ ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی ۔ اس نے کہا کہ جمعیۃ نے متاثرین دھماکہ کی قانونی امداد ی ہے اور سادھوی اور پروہت کی ضمانت کی مخالفت کی ہے ۔ وہ متاثرین کی قانونی امداد کررہی ہے اور اب اس ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی ۔ ضلع ناسک کے مسلم اکثریتی پاور لوم ٹاؤن( برقی کرگھوں والے شہر) میں29ستمبر2008ء کو دھماکہ میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب بمبئی ہائی کورٹ نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو جو2008ء کے مالیگاؤں دھماکہ کیس کی سازشی ملزم ہے آج ضمانت منظور کی ۔ عدالت نے سادھوی کو ہدایت دی کہ وہ اپنا پاسپورٹ نیشن انوسٹیگیشن ایجنسی میں جمع کرادے اور ثبوت سے چھیڑ چھاڑ نہ کرے ۔ جب بھی ضرورت پڑے این آئی اے عدالت میں حاضری دے۔29ستمبر2008کو موٹر سیکل سے باندھے گئے بم کے دھماکہ میں مالیگاؤں میں آٹھ افراد ہلاک اور تقریبا اسی زخمی ہوئے تھے ۔ سادھوی اور پروہت کو 2008میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت سے وہ جیل میں ہیں ۔ عدالت کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے سادھوی کے بہنوئی بھگوان جھا نے کہا کہ ان کا خاندان ملک گیر جشن منائے گا۔ جھا نے چاکلیٹ بانٹنے ہوئے عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے کہا کہ آخر کار ہماری جیت ہوئی۔ ہو بنا ثبوت نو برس جیل میں رہی ۔ اب ہم ملک گیر جشن منائیں گے ۔ متاثرین کے خاندانوں نے عدالت سے التوا چاہا تاکہ سادھوی کی ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے۔ متاثرین کے خاندان کی دلیل ہے کہ اے ٹی ایس کی چارج شیٹ میں کافی ثبوت موجود ہے کہ سادھوی، دھماکہ کی اصل سازشی ہے ۔

After 9 years, 2008 Malegaon blast accused Sadhvi gets bail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں