یوپی میں غیرقانونی مسالخ کو بند کردینے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-03-23

یوپی میں غیرقانونی مسالخ کو بند کردینے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا حکم

یوپی میں مسالخ کو بند کردینے یوگی آدتیہ ناتھ کا حکم
گائیوں کی اسمگلنگ پرمکمل امتناع ۔ لکھنو میں گوشت کی 9دکانیں مہربند
لکھنو
پی ٹی آئی
بی جے پی کے انتخابی منشور کے مطابق چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں مسالخ کو بند کردینے ایکشن پلان تیار کریں ۔ لکھنو میونسپل کارپوریشن فوری حرکت میں آگیا اور اس نے ریاستی دارالحکومت میں گوشت کی9دکانیں مہربند کردیں۔ آدتیہ ناتھ نے گائیوں کی اسمگلنگ پر مکمل امتناع کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلہ میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سرکاری ذرائع نے یہ باتبتائی ۔ عہدیداروں نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ کس قسم کے مسالخ بند ہوں گے تاہم بی جے پی منشور میں کہا گیا ہے کہ تمام غیر قانونی مسالخ بند ہوں گے اور مشین سے چلنے والے تمام مذبح خانوں پر مکمل امتناع عائد ہوگا۔ پولیس اور میونسپل حکام نے ریاست بھرمیں غیر قانونی مسالخ کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔بیشتر اضلاع میں ایسے یونٹس پر دھاوے ہوئے ہیں ۔ لکھنو میونسپل کارپوریشن کے اندازہ کے مطابق گوشت کی دو سو تا ڈھائی سو دکانیں نوابوں کے شہر میں غیر قانونی طور پر چل رہی ہیں جہاں کھانے کے شوقین لذت دار کبابوں کے لئے توٹ پڑتے ہیں ۔ علاوہ ازیں شہرمیں ایک بھی ایسا مسلخ نہیں ہے جو قاعدہ قانون کے مطابق ہو۔ اتر پردیش پولیوشن کنٹرولبورڈ2013ء اور2015ء کے درمیان ایسے مسالخ بند کردینے کی نوٹسیں جاری کرچکا ہے ۔ فوجی چھاؤنی علاقہ میں واقع ایک مسلخ کو کنٹونمنٹ بورڈنے مہر بند کردیا جب کہ دیگر تین موتی جھیل، امین آباد اور قصائی باڑہ میں واقع ہیں۔ چیف وٹرنری آفیسرلکھنو میونسپل کارپوریشن اے کے راؤ نے کہا کہ جھونپڑیوں یا عارضی شیڈ میں جو دکانیں چل رہی ہیں وہ قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کرتیں ۔ انہیں یا تو ریگولیٹ کرنا ہوگایا بند کرنا ہوگا۔ انسپکٹر جنرل( لکھنو زون) اے ستیش نے کل کہا تھا کہ لکھنو کے اطراف تمام گیارہ اضلاع میں مویشیوں اور گوشت کی غیر قانونی منتقلی کے علاوہ مذبح خانوں اور ذبیحہ گاؤ کے خلاف جامع مہم شروع کی گئی ہے ۔ لکھنو کے علاوہ دیگر اضلاع میں اناؤ، بارہ بنکی، رائے بریلی، سیتا پور، ہر دوئی، لکھم پور کھیری، امیٹھی،سلطان پور فیض آباد اور امبیڈ کر نگر شامل ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس جاوید احمد ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ ضلع پولیس عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایتیں دے چکے ہیں ۔ بی جے پی منشور میں یہ بھی کہاگیا تھا کہ گائیوں کی اسمگلنگ سے ڈیری صنعت نہیں پنپ سکے گی۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے اپنے انتخابی جلسوں میں زور دیا تھا کہ ریاست میں ان کی پارٹی کے بر سر اقتدار آتے ہی تمام مسالخ پر پابندی عائد کردی جائے گی ۔ آج جاری احکام میں یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ غیر سماجی عناصرکے ساتھ سختی برتی جائے ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ پولیس سیکوریٹی کو اسٹیٹس سمبل کے طورپر استعمال کرنے والوں پر نظررکھی جائے گی اور انہیں لاحق خطرہ کا اندازہ لگا کر اس میں تبدیلی بھی ممکن ہے ۔
ہاتھرس میں گوشت کی دکانوں کو آگ لگادی گئی
ہاتھرس
پی ٹی آئی
گوشت اور مچھلی فروخت کرنے والی تین دکانوں کو نامعلوم افراد نے یہاں آگ لگا دی جس سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ یہ واقعہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کیبی جے پی حکومت کے حلف لینے کے بعد پیش آیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ مانیہ ورکانشی رام کالونی میں کل رات پیش آیا۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کا پورا اسٹاک جل گیا ۔ سپرنٹندنٹ پولیس ہاتھرس دلیپ کمار سریواستو نے کہا کہ نامعلوم افراد نے مچھلی اور گوشت فروخت کرنے والی تین دکانوں کو آگ لگادی۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہے ۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ ہاتھرس ڈیویژن راکیش گپتا نے بعد ازاں دکانداروں سے ملاقات کی ۔

درگاہ اجمیر دھماکہ کیس،بھاویش پٹیل اور دیویندر گپتا کو عمر قید
جئے پور
پی ٹی آئی
نیشنل انوسٹگیشن ایجنسی(این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے آج یہاںبھاویش پٹیل اور دیویندر گپتا کو اجمیر درگاہ دھماکہ کیس میں عمر قید کی سزا سنائی ۔ مجسٹریٹ نے پٹیل پر دس ہزار روپے اور گپتا پر پانچ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ 11اکتوبر 2007کو افطار کے وقت درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی دھماکہ میں تین زائرین کی موت واقع ہوئی تھی ۔ اور دیگر پندرہ زخمی ہوئے تھے۔8مارچ کو عدالت نے پٹیل، گپتا اور جوشی کو خاطی ٹھہرایا تھا جب کہ دیگر ملزمین بشمول سوامی اسیما نند کوبری کردیا تھا ۔ جوشی کی موت دھماکہ کے فوری بعد ہوگئی تھی ۔ اے ٹی ایس راجستھان نے تحقیقات این آئی اے کے حوالہ کردی تھیں۔ کیس میں149گواہوں کے بیانات درج ہوئے اور451دستاویزات کی جانچ ہوئی ۔ این آئی اے نے کیس میں تین ضمنی چارج شیٹس داخل کی تھیں۔ آئی اے اینا یس کے بموجب بھاویش پٹیل کے وکیل لوکیش شرمانے کہا کہ ہم ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے ۔ عدالت سے باہر نکلتے ہوئے گپتا نے میڈیا سے کہا کہ ہم بے قصور ہیں اور یہ ہمارے خلاف سیاسی سازش ہے ۔ 13ملزمین کے منجملہ تین کا ہنوز کوئی پتہ نہیں ۔ درگاہ اجمیر میں ملک و بیرون ملک سے ہزاروں مسلمان اور غیر مسلم زیارت کے لئے آتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں