شادیوں کے لئے رقم نکالنے پر سخت شرائط - بنکوں کو آر بی آئی کی رہنما ہدایات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-22

شادیوں کے لئے رقم نکالنے پر سخت شرائط - بنکوں کو آر بی آئی کی رہنما ہدایات

RBI-rules-for-wedding-withdrawal
21/نومبر
نئی دہلی
پی ٹی آئی
ریزروبینک آف انڈیا شادی کے اخراجات کے لئے رقم نکالنے کے مقصد سے سرپرستوں کے لئے سخت شرائط عائد کی ہیں جن کے مطابق بینک کھاتوں سے ڈھائی لاکھ روپے نکالنے کے لئے شادی کا رقعہ، شادی خانہ کی بکنگ اور کیٹررس کو دی گئی پیشگی رقم کی رسائد درکار ہوں گے ۔ شادیوں کے اخراجاتا سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے خصوصی سہولت کے اعلان کے چار دن بعد آر بی آئی نے آج ایسی درخواستوں سے نمٹنے کے لئے بینکوں کے لئے رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ رقم اس بیلنس سے ہی نکالے جاسکے گی جو8نومبر کو پانچ سو روپے اور ایک ہزارروپے کے نوٹوں پر پابندی کے حکومت کے فیصلہ سے پہلے جمع تھے اور30دسمبر یااس سے پہلے ہونے والی شادیوں کے لئے یہ رقم نکالی جاسکے گی۔ بینکوں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ نکالی گئی رقم اور رقم نکالنے والوں کے بارے میں تمام تفصیلات کا ریکارڈ رکھے اور ان فنڈس سے جن افراد کوادائیگی کی جائے گی ان کی فہرست بھی داخل کرنی ہوگی ۔ نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد تمام بینک کھاتوں پر رقم نکالنے پر تحدیدات کی وجہ سے شادیوں کے جاریہ سیزن کے دوران نقدی کی قلت سے نمٹنے کے لئے یہ سہولت دی جارہی ہے ۔ یہ تحدیدات ایک ایسے وقت عائد کی گئی ہے جب بینکوں کو بھی نقدی کی قلت کے مسئلہ کا سامناہے ۔ نوٹفیکیشن مین کہا گیا کہ جس شخص کی شادی ہورہی ہے وہ یا والدین میں سے کوئی ایک یہ رقم نکال سکتا ہے اور صرف ایک شخص کوہی رقم نکالنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ ان افراد کی ایک تفصیلی فہرست بھی داخل کرنی ہوگی جنہیں نکالی گئی رقم سے ادائیگی کی جانے والی ہے ۔ اس کے علاوہ ایسے افراد سے یہ اقرار نامہ بھی حاصل کرنا ہوگا کہ ان کے پاس بینک کھاتہ نہیں ہے ۔ اس فہرست میں اس مقصد کی بھی نشاندہی کرنی ہوگی جسکے لئے مجوزہ ادائیگی کی جارہی ہے ۔ آر بی آئی نے یہ بھی کہا کہ بینکوں کو چاہئے کہ وہ اس بات کے لئے خاندانوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ نقدی کے بغیر دوسرے طریقوں جیسے چیکس یا ڈرافٹس یا کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈس یا پری پیڈ کارڈس، موبائل ٹرانسفرس، انٹر نیٹ بینکنگ وغیرہ کے ذریعہ شادی کے اخراجات کی تکمیل کریں۔ آر بی آئی نے بینکوں سے کہا کہ عوام کو رقم نکالنے کے دوران مشورہ دینا چاہئے کہ وہ صرف ایسے اخراجات کے لئے نقدی کا استعمال کریں جنہیں صرف کیش کے ذریعہ ہی رقم دی جاسکتی ہے ۔ بینکوں سے کہاگیا کہ وہ شواہد کا مناسب ریکارڈ رکھیں اور ضرورت پڑنے پراس سلسلہ میں عہدیداروں کوتوثیق کے لئے یہ ثبوت پیش کریں۔ آر بی آئی نے کہاکہ اس اسکیم پرحسب ضرورت نظر ثانی کی جائیگی۔

آر بی آئی کی رہنما ہدایات :
  • شادی کا رقعہ، شادی خانہ کی بکنگ، اور کیٹرنگ کی رسیدیں جمع کریں۔
  • جن افراد کو ادائیگیاں کی جانے والی ہیں، ان کی فہرست پیش کرنی ہوگی۔
  • شادی کے انتظامات کے لئے نقدرقم اگر صرف ایسے افراد کو دی جائے جن کا بنک کھاتہ نہ ہو، تو اس کے لئے متعلقہ شخص کا اقرار نامہ داخل کرنا ہوگا۔
  • بنکوں کو تمام تفصیلات کا ریکارڈ رکھنا ہوگا اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ عہدیداروں کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔
  • دلہا، دلہن یا ان کے ماں باپ میں سے کسی ایک کے کھاتہ سے ہی رقم نکالی جا سکے گی۔
  • 8 نومبر سے پہلے جمع رقم سے ہی ڈھائی لاکھ روپے نکالے جا سکیں گے۔
  • 30 دسمبر یا اس سے پہلے ہونے والی شادیوں کے لئے رقم نکالی جا سکے گی۔
RBI conditions for wedding withdrawal of Rs 2.5 lakh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں