سابق فوجی کی خودکشی - سیاسی جنگ شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-03

سابق فوجی کی خودکشی - سیاسی جنگ شروع

2/نومبر
سابق فوجی کی خودکشی - سیاسی جنگ شروع
نئی دہلی
یو این آئی
نائب صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ ایک رتبہ ایک وظیفہ کے مطالبہ پر مبینہ طور پر خود کشی کرلینے والے ایک سابق فوجی کے رشتہ داروں سے ملاقات کے لئے آر ایم ایل ہاسپٹل جانے پر ان کی گرفتاری میں مرکزملوث ہے ۔ راہول گاندھی کو دن میں پولیس کی جانب سے دو مرتبہ گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن بعد میں شام کے وقت رہا کردیا گیا تھا۔ نائب صدر کانگریس نے دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران نے کہا مرکز کو متوفی سابق فوجی رامکشن گریوال کے ارکان خاندان سے ان کے ساتھ ان کے غیر انسانی سلوک پر معذرت کا اظہار کرنا چاہئے ۔ انہوںنے مرکزی حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ اس واقعہ میں اپنا کردار ادا کررہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ پولیس عہدیداروں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کو ایسا کرنے کے لئے اعلیٰ ترین حکام کی جانب سے حکم دیا گیاتھا۔ قبل ازیں دن میں راہول گاندھی کو مندرمارگ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تھا اور بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا ۔ نائب صدر کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پس پردہ حملہ کرتے ہوئے کہا ؛ ایک نیا ہندوستان بنایا جارہا ہے ۔ اور ان کی گرفتاری کو ایک غیر جمہوری اقدام قرار دیا۔ انہوںنے کہا مجھے متوفی سولجر کے رشتہ داروں سے ملاقات سے روک دیا جارہا ہے ۔ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز کافی غیر جمہوری ذہنیت رکھتا ہے۔ کیونکہ پولیس نے انہیں رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں گرفتار کرلیا۔ راہول گاندھی نے رہائی کے بعد سوا ل کیا کہ کیا یہ ان کی غؒطی تھی کہ وہ متوفی سابق فوجی کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کرنا چاہتے تھے ۔ کیا یہ ان کی غلطی تھی کہ وہ ان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ سابق فوجی کے خاندان مین جو کچھ ہوا غلط ہے ۔ انہوں نے بتایا میں غمزدہ خاندان سے دو منٹ بات کرنا چاہتا تھا ۔ جب خاندان مجھ سے ملا قات کے لئے آیا خاندان کے افراد کو بری طرح زدوکوب کیا گیا اور انہیں گھسیٹتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ، انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندان سے ملاقات ان کا فرض تھا۔ سابق فوجی کو جنہوںنے مبینہ طور پر جنتر منتر پر زہر کا استعمال کرتے ہوئے کل رات خود کشی کرلی ابھی تک اضافہ شدہ وظیفہ نہیں ملا تھا جس کا حکومت نے ایک رتبہ ایک وظیفہ اسکیم کے تحت ان سے وعدہ کیا تھا۔ اس اسکیم پر عمل آوری گزشتہ سال شروع کی گئی تھی ۔ وہ گزشتہ کئی دن سے اپنے دیگر رفقاء کے ساتھ جنتر منتر دہلی پر دھرنا دے رہے تھے ، انہیں کل رات دواخانہ میں شریک کرلیا گیا تھا جب ان کی صحت بگڑ گئی تھی۔ ان کی آج صبح موت واقع ہوگئی ۔ اسی دوران ذرائع نے بتایا کہ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیااور کنٹونمنٹ کے رکن اسمبلی کمانڈوسریندر کو جنہیں قبل ازیں دن میں گرفتارکرلیا گیا تھا شام کے وقت رہا کردیا گیا ۔ جب کہ چیف منسٹر اروند کجریوال ہنوز حراست میں ہیں۔ کجریوال نے کہا میں دہلی کا چیف منسٹر ہوںاور غمزدہ خاندان سے ملاقات اور انہیںتسلی دینا میرا فرض ہے ۔ میں جب سابق فوجی کے ارکان خاندان سے ملاقات کے لئے دواخانہ گیامجھے گرفتارکرلیا گیا اور مجھے ان سے ملاقات کا موقع فراہم نہیںکیا گیا۔اسی دوران ایک اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ صحیفہ نگاروں کو حکومتوں پر تنقید کرنے کے لئے اپنی آزادی کا استعمال کرنا چاہئے لیکن انہیں ایسی کوئی چیز نہیں کرنی چاہئے جس سے ملک کے اتحاد پر اثر پڑ سکتا ہو ۔ وزیر اعظم نے جو دہلی میں منعقدہ تقاریب میں صحیفہ نگاروں کو رام ناتھ گوئنکا اسکسیلنس ان جرنلزم ایوارڈس کی پی شکشی کے بعداپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے کہا کہ صحیفہ نگار ان پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن انہیں ملک کی یکجہتی پر کوئی مفاہمت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ خبر کو غیر ضروری طور پر سنسنی خیز انداز میں پیش نہ کرے اور اس کی اس انداز میں پیشکشی عمل میںنہ لائے جس سے سماج میں انتشار کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔ مودی نے یہ ریمارکس سرجیکل حملوں کے معاملہ اور دلتوں پرمظالم کے حالیہ واقعات کے سلسلہ میں ان پر ا پوزیشنس کی تنقید کے پس منظر میں کئے۔انہوں نے کہا میڈیا حتی کہ سڑک حادثہ میں بھی دلت اور دیگر پہلوؤں کو تلاش کرتی ہے اور وہ یہ تفصیلات میں نہیں جاتی ہے کہ آیا کار ڈرائیور یہ جانتا تھا کہ حادثہ میں ہلاک ہونے والا دلت تھا یا نہیں۔ مودی نے اپنے خطاب کے دوران ساتھ ہی ساتھ کانگریس کو اندرا گاندھی کی جانب سے نافذ کردہ ایمرجنسی پر تنقیدکا نشانہ بنایا اور اس بات کی ضرورت ظاہر کی کہ ملک کو اس سے حاصل ہونے والے سبقوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہئے تاکہ ایسے تماشہ کو دہرایا نہیں جائے۔ وزیر اعظم نے کہا جب ایمرجنسی کی بات کرتے ہیں لوگ آپ کو اس کے سیاسی محرکات کے سلسلہ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن آج اس بات کی ضرورت ہے کہ اس تماشہ پر گرما گرم مباحثے کئے جائیں تاکہ کسی بھی لیڈر کو مستقبل مین ایسا کرنے کی ہمت نہ ہو۔ مودی نے کہا کہ میڈیا ورلڈ کی چند ایک شخصیتوں نے ہی ایمر جنسی کو چیلنج کیا تھا اور ان مین رام ناتھ گوئنکا جیسی شخصیتیں شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کا رول کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ اور اسے ایسا رول ادا کرنا چاہئے جیسا اس نے ملک کی جدوجہد آزادی کے دوران ادا کیا تھا۔ انہوںنے اس بات کا تذکرہ کیا کہ آزادی کی لڑائی کے دوران مجاہدین آزادی نے انگریزوں کے خلاف اپنی لڑائی میں اخبارات کو ایک ہتھیار کے طور پر استعما ل کیا تھا۔ رات دیر گئے موصولہ اطلاع کے بموجب پولیس نے یہ کہا کہ اس نے چیف منسٹر دہلی کو چھوڑ دیا تھا اور انہیں پولیس اسٹیشن سے چلے جانے کی اجازت دے دی تھی لیکن انہوں نے پولیس اسٹیشن چھوڑنے سے انکار کردیا ہے اور ابھی بھی پولیس اسٹیشن میں ہیں۔ دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی سربراہ چیف منسٹر اروند کجریوا کو پولیس نے چھوڑ دیا تھا مگر بعد میں دوبارہ زیر حراست لے لیا گیا اور انہیں آر کے پورم پولیس اسٹیشن سے چلے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سابق فوجی کی خود کشی پر جو کچھ ہورہا ہے اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سیاسی جنگ شروع ہوگئی ہے۔س
Political war over suicide by veteran

سیمی کارکنوں کے سر اور سینہ میں گولیاں اتاری گئیں
مہلوکین کے وکیل پرویز عالم کا دعویٰ
بھوپال
پی ٹی آئی
ایک مبینہ انکاؤنٹر میں ہلاک سیمی کے8کارکنوں کے سر اور سینہ میں گولیاں ماری گئیں ۔ مہلوکین کے وکیل نے پوسٹ مارٹم کے حوالہ سے آج یہ دعویٰ کیا ۔ وکیل پرویز عالم نے کہا کہ انہوں نے سیمی کے مہلوک کارکنوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دیکھی ہے اور ان رپورٹ کے مطابق ان پر سامنے سے گولیاں چلائی گئیں اور تمام افراد کے جسموں پر کمر کے اوپر سینہ اور سر میں گولیوں کے زخم ہیں ۔ اس دعویٰ کا اعادہ کرتے ہوئے کہ انکاؤنٹر فرضی ہے انہوں نے کہا کہ سپریم کورت کی رولنگ کے مطابق پولیس کو کمر کے نیچے فائر کرناچاہئے۔ پرویز عام نے کہا کہ وہ بھوپال جیل میں رکھے گئے ممنوعہ تنظیم کے مابقی ارکان کے طبی امتحان کے لئے مقامی عدالت میں درخواست دائر کریں گے اور الزام عائد کیا کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی زندگی کو بھی خطرہ ہے ۔ مہلوک سیمی کارکنوں کے وکیل نے کہا چونکہ میں انکاؤنٹر کے خلاف بر سر عام بات کررہا ہوں اس لئے مجھے اپنے موکلین کے سفاکانہ قتل کے بعد میری اور ارکان خاندان کی زندگی کے تعلق سے اندیشہ لاحق ہے ۔ آٹھ میں سے سات سیمی کے کارکنوں کی کل مدھیہ پردیش کے مختلف مقامات پر سخت سیکوریٹی کے درمیان تدفین عمل میں آئی جب کہ ایک اور مہلوک شیخ مجیب کی نعشکو ان کے ارکان خاندان کی جانب سے احمد آباد لے جایا گیا جہاں آج ان کی تدفین عمل میں آئی۔ پوسٹ مارٹم کے بعدتمام سیمی کارکنوں کی نعشیں ان کے رشتہ داروں کے حوالے کردی گئی تھیں۔ نعشیں حاصل کرنے والے رشتہ داروں نے پولیس انکاؤنٹر کی حقیقت پر سوال اٹھائے تاہم پولیس نے یہ کہتے ہوئے تنقیدوں کو مسترد کردیا کہ شدید فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا تھا جس میں یہ لوگ ہلاک ہوگئے اور ان کے پاس سے چار دیسی ساختہ بندوقیں اوربعض تیز دھار والے ہتھیار دستیاب ہوئے ۔ انسپکٹر جنرل یوگیش چودھری نے واضح کیا کہ انکاؤنٹر پر اٹھائے گئے تمام سوالات ایک تحقیق کا معاملہ ہے ، کیونکہ ان کے فرار ہونے اور ہلاکت کے درمیان سات گھنٹوں پر محیط سلسلہ وار واقعات کی ابھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ مبینہ طور پر جیل کے سنتری کا گلا کاٹ کر ہلاک کرنے کے بعد علی الصبح جیل توڑ کر بھاگنے کے بعد پولیسکی کارروائی تنازعہ کا شکار ہوگئی ہے جیسا کہ بعض ٹی وی چیانلوں نے انکاؤنٹر کے مقام سے منسوب تصاویر دکھائی ہیں پولیس ا س معاملہ کی بھی تحقیقات کررہی ہے کہ سیمی کے کارکنوں کے ہاتھ جیل سے فرار ہونے کے بعد اسلحہ کیسے لگے ۔ پرویز عالم نے کل کہا تھا کہ ملزمین کے خاندانوں نے اس سارے معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کروانے کے لئے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔

ہندوستان کا سب سے بڑا ڈرگ ریاکٹ بے نقاب
نئی دہلی
آئی اے این ایس
ڈائرکٹوریٹ ریوینیو انٹلی جنس نے آج ہندوستان کا سب سے بڑے ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ 23ہزار پانچ سو کلو گرام مینڈریکس کی گولیاں برآمد کی گئی ہیں جن کی مالیت بین الاقوامی منڈی میں چار ہزار سات سو کروڑ روپے ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں بالی ووڈ کے ایک پروڈیوسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ڈائرکٹوریٹ ریونیوانٹلی جنس کے ڈائرکٹر جینت مشرا نے بتایا کہ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا ڈرگ ریاکٹ ہے انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا بھی سب سے بڑا ڈرگ ریاکٹ ہوسکتا ہے کیونکہ 23ہزار پانچ سو کلو گرام کی ضبطی عمل میں آئی ہے بین الاقوامی منڈی میں اس کی مالیت4500سے4700کروڑ روپے ہے۔ مشرا نے کہا کہ ڈائرکٹوریٹ کی ممبئی یونٹ کو ایک اطلاع ملی جس پر بارڈر سیکوریٹی فورس کی مدد سے کام کیا گیا۔ راجستھان کے ادئے پور کے ایک گاؤں میں یہ ڈرگ رکھی گئی تھی اور اس اڈے پر28اکٹوبر کو دھاوا کیا گیا۔ اس سلسلے میں بایل ووڈ کے پروڈیوسر سبھاش دوڈانی کو29اکتوبر کو ممبئی سے گرفتار کیا گیا۔

اسٹینڈرڈ اینڈ پور گلوبل ریٹنگ
ہندوستان کو ’بی بی بی‘ درجہ کا حصول
نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے دعوؤں کو آج زبردست دھکہ پہنچا۔ دنیا بھر کے ممالک کو کریڈٹ ریٹنگ عطا کرنے والی اسٹینڈرڈ اینڈ پور( ایس اینڈپور) گلوبل ریٹنگ نے کریڈٹ ریٹنگ کے معاملہ میں ہندوستان کو مستحکم آؤٹ لگ کے ساتھBBBدرجہ عطا کیا۔ اور کمزور عوامی مایہ کے باعث گزشتہ دو برسوں کے دوران ہندوستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو دعوؤں کو مسترد کردیا۔ کریڈٹ ریٹنگ مستقبل میں کسی با اعتبار قرض دار( انفرادی ، تاجر، کمپنی یا حکومت) کے قرض کی واپس سے متعلق اعتبار کے جوکھم کو اندزوں میں پیش کرتا ہے اور قرض کی واپسی کی صلاحیت کی شرح کی پیش قیاسی کرتا ہے ۔ ایس اینڈ پور گلوبل ریٹنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے حالیہ پیش قیاسیوں کے لحاظ سے ہندوستان کے آڈٹ لک سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال اور آئندہ سال کے لئے ہماری ریٹنگ میں کوئی تبدیلی کی توقع نہیں ہے ۔ بی بی بی ریٹنگ ہندوستان میں سرمایہ کاری کی کم شرح کو ظاہر کرتی ہے ۔ ایس اینڈ پی نے کہا کہ ہندوستان کی ریٹنگ میں اضافہ کرنے کے لئے ا س وقت دباؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے جب ہندوستان کی حکومت اصلاحات کو بہتر طریقہ سے لاگو کرے اور مالی کارکردگی کو بہتر بنائے اور حکومت کے کل عمودی قرض کو فی کس شرح آمدنی کے60فیصد تک کم کرے۔

انکاؤنٹر کی تھیوری نہیں چلے گی: ممتا بنرجی
کولکتہ
پی ٹی آئی
بھوپا ل میں سیمی9مشتبہ کارکنوں کو مبینہ طور پر انکاؤنٹرمیں ہلاکت کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ اس واقعہ میں کئی سوالات حل طلب ہیں۔ ممتا بنرجی نے اپنے ٹوئٹ پیام میں لکھا کہ ہم نام نہاد انکاؤنٹر تھیوری پر ایقان نہیں رکھتے ۔ اس انکاؤنٹر سے عوام کے ذہنوں میں کئی سوالات ابھرتے ہیں۔ یہ تمام سیاسی انتقام کے لئے کیا گیا اقدام ہے ، اس طرح کے مسائل نے مجھے ملک کی یک جہتی اور اتھاد پر تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ انہوںنے لکھا کہ سیمی کے 8کارکن صبح کی اولین ساعتوں میں سخت نگرانی والی بھوپال کے سنٹرل جیل سے ایک سیکوریٹی ملازم کو قتل کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔ چند ہی گھنٹوں کے اندر انہیں شہر کے مضافاتی علاقہ میں تلاش کرتے ہوئے مبینہ انکاؤنٹر میں گولی مار دی گئی۔ یہ واقعہ سے تنازعہ شروع ہوگیا ہ ۔ اپوزیشن جماعتیں اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔ پولیس کی جانب سے انکاؤنٹر کا دعویٰ کیاجانے لگا اس کے معا بعد کچھ ایسی ویڈیوز سوشیل میڈیا کے ذریعہ عام ہوئی کہ پورے انکاؤنٹر کی تھیوری پر ہی سوالیہ نشان لگنا شروع ہوگیا ہے۔ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کے علاوہ ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس انکاؤنٹر پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترنمول کانگریس کی جانب سے گرچہ باضابطہ فرضی انکاؤنٹر کی عدالتی جانچ کا مطالبہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم ممتا بنرجی نے انکاؤنٹر کی تھیوری کو مشکوک قرار دے کر بی جے پی کے خلاف مورچہ کھول دیا ہے ۔ ترنمنولکانگریس کے مسلم ممبران پارلیمنٹ میں سابق مرکزی وزیر سلطان احمد اور احمد حسن عمران نے انکاؤنٹر پراٹھ رہے اعتراضات اور شکوک کی بنیاد عدالتی جانچ کا مطالبہ کیاہے۔ احمد حسن عمران نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انکاؤنٹر کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کرنے والوں کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگانا اور یہ کہنا ہے کہ ان لوگوں کو ملک کی سالمیت سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک رویہ ہے ۔ ان آٹھوں افراد کے خلاف عدالتوں میں مقدمات زیر دوراں ہیں۔ پولیش کی گرفتاری سے کوئی بھی شخص مجرم نہیں بن جاتا ہے ۔ کسی کے مجرم ہونے یا نہیں ہونے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عدالت کو ہے۔مگر اب پولیس، میڈیا اور سیاسی پارٹیوں نے فیصلہ کرنے کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ اسی دوران مغربی بنگا کے جھار گرام علاقہ میں ترقیاتی پراجکٹوں کے افتتاح کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگا ل ممتا بنرجی نے آج ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات کی اطاع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ درگا پوجا اور محرم کے باعث ایک مخصوص سیاسی جماعت جھڑپوں کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھڑپیں شخصی مخاصمت کی بناء پر ہوئی تھیں۔ انہوں نے پر زور دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ ریات میں فیسٹیول کا موسم بہت ہی پر امن انداز میں گزر گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک یاد و چھوٹی جھڑپوں کے واقعات ہوئے لیکن یہ جھڑپیں فرقہ وارانہ نوعیت کی نہیں تھیں۔ یہ جھڑپیں شخصی مخاصمت کا نتیجہ تھیں۔ صرف ایک ہی سیاسی جماعت ان واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مقدس مقام ہے اور برقرار رہے گا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نے حکمراں ترنمول کانگریس پر ایک فرقہ کی خوشامد کرتے ہوئے ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات کوبھڑکانے اور اس کی تائید کرنے کاالزام عائد کررہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ متحد رہے گا، رابندر ناتھ ٹیگور جنہوں نے ملک کا قومی ترانہ رقم کیا تھا نے واضح کیا ہے کہ ملک پنجاب سے بنگا ل تک کس طرح متحد کھڑا رہ سکتا ہے ۔ حالیہ دنوں مغربی بنگا کے مالدہ ، کھڑکپور، حاجی نگر، مارواڑی کل میں فسادات ہوئے تھے۔ کئی علاقوں میں کئی دنوں تک جھڑپ ہوتی رہی۔ حاجی نگر میں درجنوں مکانات کو تباہ وبرباد کردیا گیا مگر مغربی بنگال حکومت اس پورے واقعہ کو جھڑپ اور آپستی نتیجہ قرار دے رہی ہے وہیں بی جے پی او ر ْآر ایس ایس ممتا بنرجی پر فرقہ پرستوں کی سرپرستی کا الزام عائد کیا ہے ۔ وہیں کانگریس اور بایاں محاذ نے ممتا بنرجی کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ بنگا ل میں آر ایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیموں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے اور ان کی وجہ سے یہ سب ہورہے ہیں۔ دوسری مرتبہ مغربی بنگا ل کی چیف منسٹر منتخب ہونے کے بعد ممتا بنرجی پہلی مرتبہ جھا ڑگرام کے دورے پر پہنچیں ہیں۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے300سے زائد پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں