نوٹ بندی مسئلہ پر پارلیمنٹ ٹھپ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-22

نوٹ بندی مسئلہ پر پارلیمنٹ ٹھپ

21/نومبر
نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارلیمنٹ میں آج ایک بار پھرہنگامہ ہوا اورراجیہ سبھا میں اپوزیشن نے نوٹ بندی کے بعد بینکوں کے باہر قطاروں میں فوت ہونے والوں کے لئے تعزیتی قرار داد کا مطالبہ کیا نیز رائے دہی کے لزوم والے قاعدہ کے تحت مباحث پر زور دیا۔ متحدہ اپوزیشن نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ایک نئی حکمت عملی اختیار کی کہ جب تک بڑی نوٹوں پر پابندی کے بعد فوت ہونے والے تقریباً70افراد کے لئے تعزیتی قرار دادمنظور نہیں کی جاتی، نوٹ بندی کے بارے میں کوئی بحث نہیں ہونی چاہئے ۔ لوک سبھا بھی مسلسل تیسرے دن کام نہیں کرسکی کیونکہ اپوزیشن جماعتوں نے نوٹ بندی کے مسئلہ پر تحریک التو ا قبول کرنے پر زور دیا اور رائے دہی کے لزوم والے قاعدہ کے تحت بحث کا مطالبہ کیا۔ تمام اپوزیشن قاعدہ56کے تحت مسئلہ پر بحث کے مطالبہ پر اڑی ہوئی ہے،اس کے علاوہ ایوان میں وزیر اعظم کی موجودگی کا بھی مطالبہ کررہے ہیں لیکن حکومت قاعدہ193کے ذریعہ بحث کے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ۔ ایوان کی کارروائی آج صبح شروع ہونے کے بعد سب سے پہلے کے ٹرین حادثہ پر تعزیت کا اظہار کیا گیا جس کے ساتھ ہی کانگریس، ترنمول اور دیگر اپوزیشن کے ارکا ن نوٹوں کے مسئلہ پر حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ایوان میں وسط میں پہنچ کر احتجاج کرنے لگے ۔ اس پر وزیر پارلیمانی اموت اننت کمار نے کہا کہ حکومت کہہ چکی ہے کہ وہ قاعدہ193کے تحت بحث کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ فیصلہ سے عوام کو دشواریاں پیش آرہی ہیں لیکن سبھی کالا دھن کے خلاف ہیں، لیکن کمار کی آواز شور میں دب کر رہ گئی اور اپوزیشن نے احتجاج جاری رکھا ۔ کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن جوکچھ کررہی ہے وہ ٹی وی پر نظر آنے کے لئے نہیں بلکہ اس کا مقصد تحریک التوا کے لئے دباؤ ڈالنا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم بحث سے فرار کیوں اختیار کررہے ہیں؟ لیکن اسپیکر نے کہا کہ ان کے تحریکات التوا پہلے ہی مسترد کئے جاچکے ہیں۔ اپوزیشن نے جب مسلسل کاروائی میں خلل جاری رکھا تو اسپیکر سمیترا مہاجن نے کارروائی باہ بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو وہی ہنگامی صورتحال تھی۔ اسی بیچ وزیر ریلوے سریش پربھو نے ٹرین حادثہ پر بیان دیا۔ شور شرابہ کے بیچ ہی وزیر صحت جے پی نڈا اور مملکتی وزیر زمینی حمل و نقل ، قومی شاہراہیں اور بندرگاہیں ایم ایل منڈاویا نے بالترتیب مسودہ قانون( باقاعدگی) مستعار رحم2016ء اور مسودہ قانون بحری دعوؤن کی سماعت ویکسوئی ایڈ میرالیٹی2016ء کا تعارف پیش کیا۔ مسلسل شور شرابہ کودیکھتے ہوئے اسپیکر نے ایک بار پھر دوپہر دو بجے تک کے التوا کا اعلان کیا۔ لیکن جب اجلاس شروع ہو ا تو اپوزیشن جماعتوں کا وہی رویہ برقرا ردیکھتے ہوئے ڈپٹی اسپیکرنے دن بھر کے لئے ایوان ملتوی کرنے کا اعلا ن کیا۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
جنوب مغربی دہلی کے نجف گڑھ علاقہ میں آج پچاس ہزار روپے کے منسوخ شدہ نوٹ جمع کرانے کے لئے ایک بینک کے باہر قطارمیں ٹھہرنے کے دوران ایک49سالہ شخص فوت ہوگیا۔ اتم نگر علاقہ کا ساکن ستیش کمار کیشور پورمنڈی میں ترکاری بیچتا تھا ۔ وہ نجف گڑھ روڈ پر اور ینٹیل بینک آف کامرس کی برانچ کے باہر اپنے دوستوں کے ساتھ قطار میں ٹھہرنے کے دوران گر پڑا۔ کمار آج دن کے تقریبا ساڑھے گیارہ بجے اپنے گھر سے روانہ ہواتھا۔ اس نے دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی بیوی بینا دیوی کو فون کرتے ہوئے بتایا تھاکہ بینک میں اس کی باری ایک گھنٹہ میں آئے گی۔ متوفی کے ایک رشتہ نے پولیس کو یہ بات بتائی ۔ یہ شخص تقریبا سہ پہر ڈھائی بجے قطار میں ٹھہرے ہوئے گر پڑا۔ اسے ممتا چاند دیوی ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا ۔ جانچ کے دوران ڈاکٹروں کو اس کی جیب سے پچاس ہزار روپے ملے۔

Parliament at standstill over demonetisation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں